امریکہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ سرینام کا چالیسواں جلسہ سالانہ

(لئیق احمد مشتاق ۔ مبلغ سلسلہ سرینام، جنوبی امریکہ)

ایمرانڈین وفود کی شرکت،مختلف مذاہب کے نمائندوں ،اراکین پارلیمنٹ اور انڈین سفارتخانے کے نمائندوں کی شمولیت اور مبارکباد کے پیغامات

پرنٹ اور سوشل میڈیا پر جلسہ سالانہ کی خبر کی اشاعت

خداتعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سرینام کو مورخہ 8تا10 نومبر 2019ء بروز جمعہ، ہفتہ، اتوار اپنا 40واں جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

امسال جلسہ سالانہ کی باقاعدہ تیاری ستمبرسے شروع کی گئی،دو اجتماعی وقار عمل کے ذریعہ جلسہ کے انتظامات مکمل کیے گئے۔ مختلف مذہبی اور سماجی تنظیموں کو جماعت کے تعارفی خط کے ساتھ جلسہ میں شمولیت کی دعوت دی گئی۔

گذشتہ تین سالوں کی طرح امسال بھی ایمرانڈین گائوں (Pikin Poika)‘‘پکی پوئیکا’’اور (Maho) ‘‘ماہو’’ سے مقامی لوگ جماعتی پروگرامز اور جلسہ سالانہ میں شمولیت کے لیے آئے۔ جلسہ کے ایام میں نماز تہجد باجماعت اور درس کا انتظام کیا گیا۔

پہلادن

جلسہ کا افتتاح پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ خاکسار کو لوائے احمدیت لہرانے کی توفیق ملی جبکہ محترم شمشیر علی شیخ علی بخش صاحب صدر جماعت احمدیہ سرینام نے سرینام کا پر چم لہرایا۔

افتتاحی اجلاس

افتتاحی اجلاس کی صدارت کی سعادت خاکسار کو حاصل ہوئی۔ تلاوتِ قرآنِ مجید اور نظم کے بعد خاکسار نے جلسہ سالانہ کے اغراض و مقاصداور شمولیت کی تلقین کے حوالے سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ارشادات پیش کیے۔ بعد ازاں چالیسویں جلسہ سالانہ کی خوشی میںجماعت کے ایک بزرگ نے کیک کاٹا ،جو دیگر لوازمات کے ساتھ حاضرین میں تقسیم کیا گیا۔

دوسرا دن

دوسرے دن کی پہلی تقریر محترم شمشیر علی صاحب (صدر جماعت سورینام)کی تھی۔ موصوف نے مورخہ 8؍اکتوبر کو ‘یونیسکو ’میں امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کی ‘قیام امن میں اسلام کا کردار’ والی تقریر کا ترجمہ حاضرین کے سامنے پیش کیا۔اس کے بعدخاکسار کو ‘احمدیت اسلام کی حقیقی خادم’ کے حوالے سے حاضرین کو جماعت کی عالمی تبلیغی کاوشوں سے آگاہ کرنے کی توفیق ملی۔ بعد ازاں محترم نوشاد چراغ علی صاحب نے ‘آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت باپ’ کے عنوان پر تقریر کی ۔ اس کے بعد درج ذیل مہمانان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا:مکرم ڈاکٹر شرت کمار (نمائندہ انڈین سفیر اور ڈائریکٹر انڈین کلچرل سنٹر)، مس سِلینا فرانس اور پروفیسر ڈاکٹر ریاض نور محمد صاحب(رکن پارلیمنٹ )۔

پروگرام کے آخر پر محترم صدر صاحب نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔ دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ بعد ازاں تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ خدا تعالیٰ کے فضل سے دوسرے دن 75 مہمان اور125افرادجماعت جلسہ میں شامل ہوئے ۔رکن پارلیمنٹ اور ریٹائرڈ پولیس کمشنر سسٹر کرشنا حسین علی بھی دوسرے دن کے پروگرام میں شامل ہوئیں۔

تیسرا دن

تیسرے دن کے اجلاس کی پہلی تقریر مکرم فر ید جمن بخش صاحب نے ‘عالمی بحران اور ان کا حل’ کے موضوع پر کی۔اس کے بعدعزیزم محمد صہیب اسد نے ‘قیامِ نماز ’ کے حوالے سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ارشاد پیش کیے ۔ مکرم الطاف محمد صاحب نے ‘آنحضرت ﷺبحیثیت پڑوسی’ کے عنوان پر تقریر کی۔ آخر پہ خاکسار نے‘اخلاق و کردار کی تعمیر میں مذہب کا کردار’کے حوالے سے دین اسلام کی تعلیم پیش کی۔

بعد ازاں درج ذیل تین مہمان مقررین نے سٹیج پر آکر اپنے خیالات کا اظہار کیا:مکرمہ مریم غفور خان صاحبہ (مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کے لیے قائم تنظیم کی سیکریٹری)، مکرم انتونیئوس آنندا (Antonius Ananda)صاحب (نمائندہ صوفی ازم سرینام )اور مکرم پنڈت نیتن جگ بندھن صاحب (نمائندہ سناتن دھرم سرینام)۔

امسال جماعت کے 8؍بچوںنے مختلف تعلیمی اداروں میں نمایاں پوزیشن حاصل کی۔ان طلبا اور طالبات کو ایک خوبصورت سرٹیفیکیٹ،پھولوں کے گلدستے اور نقد انعام سے نوازاگیا۔ آخر پہ عزیزم سعید احمد صاحب نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور خاکسار نے اختتامی دعا کروائی۔ اس کے بعدتمام حاضرین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔

خدا تعالیٰ کے فضل سے تیسرے دن کی حاضری 145تھی۔

نمائش

خدا تعالیٰ کے فضل سے اس جلسہ کے موقعے پر جماعت کی طرف سے مختلف زبانوں میں شائع شدہ تراجم احادیث کے نمونے قرینے سے نمائش کے لیے رکھے گئے ۔نیز گذشتہ چند سالوں میں ایڈیشنل وکالت اشاعت لندن کی طرف سے شائع شدہ مختلف زبانوں کی نئی کتب نمائش کے لیے رکھی گئیں۔اس نمائش کو مہمانوں نے بہت دلچسپی سے دیکھا ،اور تبلیغ اسلام کے لیے جماعت کی عالمی کوششوں کو سراہا۔ جلسہ کے موقع پر جماعتی کتب کا سٹال بھی لگایا گیاجس میں جماعت کی طرف سے شائع شدہ کتب رکھی گئیں ،نیز مختلف موضوعات پر شائع شدہ فولڈرز تمام مہمانوں کو پیش کیے گئے۔

تاثرات

خدا تعالیٰ کے فضل سےشاملینِ جلسہ سالانہ نے پروگرام کے معیاراور نظم و ضبط کی بہت تعریف کی۔ مختلف مکاتب فکر کے مسلمان جلسہ میں شامل ہوئے اور برملا اس بات کا اظہار کیا کہ جس طرح آپ کی جماعت اسلام کی خدمت اور تبلیغ میں مصروف ہے باقی مسلمان اس سعادت سے محروم ہیں۔

میڈیا کوریج

امسال بھی خدا کے فضل سے پرنٹ اور سوشل میڈیا پر ہمارے جلسے کو بہت کوریج ملی۔ روزنامہ داخ بلاد (Dagblad)نے سرینام جلسہ سالانہ کی خاص کوریج کی۔ یوں ہزاروں افراد تک جماعت کا پیغام پہنچا۔ نیز ریڈیو راپار نے بھی جلسہ سالانہ کی تفصیلی خبر نشر کی۔ اس کی نشریات ہالینڈ میں بھی سنی جاتی ہیں۔
خدا تعالیٰ کے فضل سے جلسہ کے ایام میں عمدہ طعام مع دیگر لوازمات مہمانوں کی خدمت میں پیش کیا گیا ،سبزی خور(vegetarian)مہمانوںکے لیے الگ کھانا تیار کیا گیا۔اس چیز کو بھی شاملین نے بہت سراہا۔افسر صاحب جلسہ سالانہ محترم رفیع احمد علی جان صاحب کی قیادت میں افراد جماعت نے بڑے اخلاص اور وفا کے ساتھ دن رات خدمت کی توفیق پائی۔ اور گذشتہ سال کے مقابل پر اطفال، خدام، انصار اور ممبرات لجنہ اماء اللہ نے زیادہ منظم طور پر خدمات انجام دیں۔ اس موقعے پر دو ممبران نے مینڈھے بھجوائے ،جن کا گوشت ہفتے کو پکایا گیا۔ متعدد ممبران نے نقد رقوم پیش کیں، اور کچھ افراد سوفٹ ڈرنک کے کریٹ لےکر آئے۔ قارئین الفضل انٹرنیشنل سے دعا کی درخواست ہے کہ اس جلسہ کے دور رَس اور دیر پا نتائج ظاہر ہوں ،اور اہل سرینام کو امام الزمان کو پہچاننے اور قبول کرنے کی توفیق عطا ہو۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button