پیغام حضور انور

جلسہ سالانہ گیمبیا 2019ء کے موقع پر حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خصوصی پیغام کا اردو مفہوم

پیارے احباب ِجماعت احمدیہ گیمبیا

السلام علیکم ورحمة اللہ و برکاتہ

مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ 27،26اور 28؍اپریل 2019ءکو اپنا 43واں جلسہ سالانہ منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسےکو برکتوں کے ساتھ نہایت کامیاب بنائے۔ اللہ تعالیٰ سب شاملین کو اس خاص اور منفرد روحانی ماحول سےبے انتہاروحانی فائدے اور برکات حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
ہمیشہ ذہن میں رکھیں کہ یہ اللہ تعالیٰ کی خاص عنایت ہے کہ اس نے ہمیں اپنے فضل سے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کو قبول کرنے کی توفیق عطا فرمائی۔ جسے رسول اللہﷺ نے نہایت پیار سے‘ہمارا مہدی’ کہہ کر پکاراہے۔یہ انداز آپؐ کی بے پناہ محبت اور قربت کو ظاہر کرتا ہے اور یہ مقام آپ نے حضرت مسیح موعود اور امام مہدی کو دیا ہے جنہوں نے آخری زمانہ میں مسلمانوں کو دوبارہ زندہ کرنا تھا اور دنیا میں امن و سلامتی قائم کرنے کے لیے مبعوث ہونا تھا۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے بڑی توجہ سے ہماری رہ نمائی فرمائی ،ہمیں نصائح فرمائیں اور ہم پر شرائط بیعت کو پورا کرنے کی اہمیت واضح کی تاکہ ہم تقویٰ شعار احمدی بن سکیں ۔ آپ کی تعلیمات ہماری روحانی ترقی ، دین کو سمجھنے کی استطاعت کو بڑھانے ،قرآن کریم کی پوشیدہ خوبصورتیوں کو جاننے ، رسول اللہ ﷺ کا حقیقی مقام سمجھنے ، ہمارے عقائد درست کرنے ، ہمارے اخلاق کو پاک کرنے اور اللہ تعالیٰ جو خالق حقیقی ہے اس کا قرب حاصل کرنے کا ذریعہ ہیں ۔ اس خزانے کی موجودگی کے باوجود اگر ہم اس سے فائدہ نہ اٹھا سکیںتویہ یقینا ًہماری بدقسمتی ہو گی ۔ اس لیے یہ ہر احمدی کی ذمہ داری ہے کہ وہ آپؑ کی تحریروں کو پڑھے ،ان پر غور کرے اور ان پر عمل کرے تاکہ وہ اس اعلیٰ روحانی مقام کو حاصل کر سکے جس کی توقع حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو ہم سے تھی۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو بارہا یہ الہام ہوا ۔

اِنَّ اللّٰہَ مَعَ الَّذِیۡنَ اتَّقَوۡا وَّ الَّذِیۡنَ ہُمۡ مُّحۡسِنُوۡنَ (النحل :129)

یقیناً اللہ ان لوگوں کے ساتھ ہے جو تقویٰ اختیار کرتے ہیں اور جو احسان کرنے والے ہیں۔

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں:

‘‘مجھے یہ وحی بار بار ہوئی …اور اتنی مرتبہ ہوئی ہے کہ مَیں گن نہیں سکتا۔ خدا جانے دو ہزار مرتبہ ہوئی ہو اس سے غرض یہی ہے تا جماعت کو معلوم ہو جاوے کہ صرف اس بات پر ہی فریفتہ نہیں ہونا چاہیے کہ ہم اس جماعت میں شامل ہو گئے ہیں یا صرف خشک خیالی ایمان سے راضی ہو جاؤ۔ اللہ تعالیٰ کی معیّت اور نصرت اسی وقت ملے گی جب سچی تقویٰ ہو اور پھر نیکی ساتھ ہو۔ ’’

اس لیے یہ بہت ضروری ہےکہ ہم اپنی روحانی حالت کو اللہ تعالیٰ سے تعلق قائم کر کے بہتر کریں ۔ اور مسلسل اپنے رویوں کو بہتر کریں ۔ہم صرف اس بات پر راضی ہو کر نہ بیٹھ جائیں کہ ہم نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو مان لیا ہے جن کو اسلام کے دفاع کے لیے اور عزت و وقارکو قائم کرنے کے لیے بھیجا گیا تھا ۔ آپ سب مثالی احمدی بنیںاور عبادات کے اس معیار تک پہنچنے کی کوشش کریں جس کی توقع ہمارا خدا ہم سے کرتا ہے۔ اپنی روحانی حالت کو بہتر کرنے کے لیے ہمیں اپنی تمام ترطاقتوں اور صلاحیتوں کے ساتھ مسلسل اور انتھک کوشش کرنے کی ضرورت ہے ۔

اللہ تعالیٰ ہمیں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس جلسہ کو کامیابی کے ساتھ بابرکت بنائے اور ہم سب کو شرائط ِبیعت کو پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ اللہ کرے کہ آپ ہمیشہ خلافت احمدیہ کے وفادار رہیں اوراللہ آپ کوتقویٰ وطہارت میں اور اسلام اور انسانیت کی خدمت میں بڑھاتا چلا جائے۔اللہ تعالیٰ آپ سب پر اپنا فضل فرمائے ۔

والسلام

خاکسار

(دستخط) مرزا مسرور احمد

خلیفة المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button