امریکہ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ کینیڈا کا 34واں سالانہ اجتماع

(ناصر احمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیڈا)

نماز تہجد کی با جماعت ادائیگی، علمائے سلسلہ کی تقاریر، تعلیمی و ورزشی مقابلہ جات

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ کینیڈا کا 34واں سالانہ اجتماع مورخہ 5 تا 6؍اکتوبر 2019ء ایوان طاہر ، میپل سٹی میں منعقد ہوا۔ اس سے ایک روز قبل مورخہ 4؍اکتوبر 2019ء بروز جمعۃ المبارک ایوان طاہر میں مجلس انصار اللہ کینیڈا کی 26 ویں نیشنل مجلس شوریٰ کا انعقاد بھی ہوا۔

کینیڈا ایک بہت بڑا ملک ہے، اس لحاظ سے اس کی بعض جماعتیں جماعتی ہیڈ کوارٹر ٹورانٹو سے بہت طویل مسافت پر واقع ہیں لیکن الحمد للہ ان دور دراز مجالس کی طرف سے بھی بھرپور نمائندگی ہوئی۔ سب سے زیادہ دور سے آنے والی مجلس صوبہ برٹش کولمبیا کی تھی جو چار ہزار سے زائد کلومیٹر کا فاصلہ (ساڑھے چار گھنٹے کا ہوائی سفر)طے کر کے اس اجتماع میں شامل ہوئی۔

مورخہ 5؍اکتوبر بروز ہفتہ صبح دس بجے مکرم ہادی علی چوہدری صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نےپرچم کشائی کے بعد سالانہ اجتماع کا افتتاح فرمایا۔ تلاوت و نظم کے بعد محترم شاہد منصور صاحب صدر مجلس انصار اللہ کینیڈا نے اجتماع کے لیے بھجوایا گیا حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ بعد ازاں مکرم ہادی علی چوہدری صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں خلافت کی اہمیت اور برکات پر روشنی ڈالی۔

اجتماع میں دونوں دن علمی مقابلہ جات(تلاوت، نظم، مقابلہ تقریر بزبان اردو، انگریزی، فرانسیسی اور عربی، ترجمۃ القرآن، حفظ قرآن ،پیغام رسانی اور مشاہدہ و معائنہ)اور ورزشی مقابلہ جات(والی بال، کرکٹ، بیڈ منٹن، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی وغیرہ) منعقد ہوئے۔ انہی دنوں میں چونکہ جلسہ سالانہ فرانس میں حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے خطابات بھی ایم ٹی اے پر براہ راست نشر ہورہے تھے لہٰذا دونوں دن حضور انور کے خطابات براہ راست اجتماع گاہ میں حاضرین اجتماع کو سنائے گئے۔

اجتماع کی اختتامی تقریب مورخہ 6؍اکتوبر بروز اتوار بعد از نماز ظہر و عصر منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی محترم کلیم احمد ملک صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ کینیڈا تھے۔ تقسیم انعامات کے بعد آپ نے شرائط بیعت کی نویں شرط جو کہ اس اجتماع کا Theme تھا، پر حضور انور کے خطبات ‘شرائط بیعت اور ہماری ذمہ داریاں’کی روشنی میں تقریر کی۔ اختتامی دعا سے قبل حضور انور کا خصوصی پیغام برائے اجتماع ایک مرتبہ پھر پڑھ کر سنایا گیا۔

اللہ تعالیٰ شاملین اجتماع کے اموال و نفوس میں برکت ڈالے اور ڈیوٹی کرنے والے کارکنان کو بہترین جزا عطا فرمائے۔ آمین۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button