پیغام حضور انور

جلسہ سالانہ فرنچ گیانا 2019ء کے موقع پر حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خصوصی پیغام کا اردو مفہوم

پیارے ممبران احمدیہ مسلم جماعت فرنچ گیانا

السلام علیکم ورحمة اللہ و برکاتہ

مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ آپ اپنا جلسہ سالانہ24؍نومبر2019 ءکو منعقد کر رہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ اس جلسہ کو اعلیٰ کامیابی سے نوازے، تمام شاملین اس سے روحانی فیوض حاصل کرنے والے ہوں اوربھلائی، نیکی و تقویٰ میں بڑھنے والے ہوں۔

حضرت مسیح موعود ؑنے فرمایا ہے کہ ہمارا جلسہ خالصۃً دینی جلسہ ہے۔ پس سب پر واضح ہونا چاہیے کہ آپ کایہاں آنامحض دینی، علمی اور روحانی بہتری کے لیے ہے۔آج دنیا خدا کو بھول رہی ہے۔ وہ نہ صرف دین سے دور ہٹ رہی ہے بلکہ خدا کی ہستی کا سرے سے انکار کر رہی ہے۔ اگر صرف مسلمانوں پر ہی ہم نظر ڈالیں تو واضح ہو جائے گا کہ مسلمان صرف نام کے ہی مسلمان رہ گئے ہیں اور مادہ پرستی میں ڈوب چکے ہیں۔

ایسے حالات میں اگر ہم نےجو زمانے کے امام کو ماننے کا دعویٰ کرتے ہیں ،جوآنحضورﷺ کی پیشگوئیوں کے مطابق مذہب کی احیائے نو کے لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سےمبعوث ہوئے ،اور آپؐ کے مشن کی تکمیل کاعہد کیا ہے،بھی اپنی اخلاقی حالت کو بہتر کرنے کی کوشش نہ کی تو پھر محض یہ کہہ دینا کہ ہم نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بیعت کی ہوئی ہے ایک بے معنی زبانی دعویٰ ہے اور ہماری بیعت بے مقصد ہے۔ پھرہمارا یہاں جمع ہونا بھی صرف ایک دنیاوی تقریب کی طرح ہے۔ اس لیے ہمیشہ جلسے کے اصل مقاصد کو مد نظررکھنا چاہیے اور اس روحانی تقریب کے مقاصد کو پورا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے تا کہ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دل سے نکلی ہوئی دعاؤں کے وارث بننے والے ہوں جو آپ نےاپنی جماعت کے مخلصین کے لیے کیں جو درج ذیل ہے:

‘‘وہ جو اس سلسلہ میں داخل ہو کر میرے ساتھ تعلق ارادت اور مریدی کا رکھتے ہیں اس سے غرض یہ ہے کہ تا وہ نیک چلنی اور نیک بختی اور تقوی ٰ کے اعلیٰ درجہ تک پہنچ جائیں اور کوئی فساد اور شرارت اور بد چلنی ان کے نزدیک نہ آسکے۔ وہ پنجوقت نماز با جماعت کے پابند ہوں۔ وہ جھوٹ نہ بولیں۔ وہ کسی کو زبان سے ایذانہ دیں۔ وہ کسی قسم کی بدکاری کے مرتکب نہ ہوں اور کسی شرارت اور ظلم اور فساد اور فتنہ کا خیال بھی دل میں نہ لاویں۔ غرض ہر ایک قسم کے معاصی اور جرائم اور ناکردنی اور نا گفتنی اور تمام نفسانی جذبات اور بیجا حرکات سے مجتنب رہیں اور خدا تعالیٰ کے پاک دل اور بے شر اور غریب مزاج بندے ہو جائیں اور کوئی زہریلا خمیر ان کے وجود میں نہ رہے۔’’

(مجموعہ اشتہارات جلد 3 صفحہ 46تا47)

اللہ کا بہت ذکر کریں اور جلسہ کی کارروائی کے دوران جب وقفہ ہو اور راتوں کو بھی تو نماز ادا کریں ۔ پختہ عہد کریں کہ ‘اے اللہ! ہم اس جلسے میں، جس کا آغاز محض تیرے ارادے و تائید سے ہوا تھا، نیک نیتی کے ساتھ شامل ہو رہے ہیں ۔ ہم جلسے میں صرف تیری رضا کے حصول کے لیے اور تیرے ذکر کو بڑھانے کے لیے اورتیری محبت کے حصول کی خاطرشامل ہو رہے ہیں۔ ہمیں ان تمام برکات کا وارث بنا جو تو نے اس جلسہ کے لیے مختص کی ہیں۔ ہمارے اندر وہ پاک تبدیلی پیدا کر دے جو تو چاہتا ہے جس کے لیے تو نے حضرت محمد ﷺ کے غلام صادق کو اس دنیا میں مبعوث فرمایا تاکہ ہم حقیقی طور پر آپ کی بیعت کرنے والوں میں شامل ہو سکیں۔

جلسہ کے بعد آپ لوگ اپنے دنیاوی معاملات میں مشغول ہو جائیں گے لیکن اس جلسہ میں شامل ہونے کا تجربہ آپ کو تب ہی فائدہ دے سکتا ہے جب آپ دینی امور کو دنیوی معاملات پر ترجیح دیں گے۔ مذہب کو ہمیشہ ترجیح دیں اور ہمیشہ یاد رکھیں کہ ہر ایک احمدی کے ساتھ احمدیت، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور اسلام کی عزت وابستہ ہے۔

اللہ تعالیٰ آپ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے ،آپ کے جلسہ سالانہ کو اعلیٰ کامیابیوں سے نوازے ،آپ کو جلسے کی کارروائی سے فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے،آپ کو بیعت کے تقاضے پورا کرنے والا بنائے ،ہمیشہ نظام خلافت کا وفادار بنائےرکھے اور آپ کو اپنی زندگیوں میں ایسی حقیقی تبدیلی لانے والا بنائے جس سے آپ نیکی ،تقویٰ ،خدمت انسانیت اور اسلام میں بڑھنے والےہوں ۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر اپنا فضل فرمائے۔ آمین

والسلام
خاکسار
(دستخط) مرزا مسرور احمد
خلیفة المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button