افریقہ (رپورٹس)

سترہواں نیشنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو

(محمد اظہار احمد راجہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برکینا فاسو)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو کو اپنا سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ 27 تا 29 دسمبر 2019ء منعقد کرنے کی توفیق ملی الحمدللہ۔ امسال بھی اس اجتماع کا انعقاد ‘بستان مہدی ’ میں کیا گیا۔اس اجتماع کی تیاری میں نچلی سطح کی قیادت سے لے کر ریجنل اور نیشنل سطح تک رابطہ رہا اور تمام امور باہم مشورے سے سر انجام پائے۔

اس اجتماع کی افتتاحی تقریب مورخہ 27دسمبر 2019ءکو بعد نماز جمعہ و عصرلوائے احمدیت اور لوائے خدام الاحمدیہ لہرا کر منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر و مشنری انچارج برکینا فاسو تھے۔

طلباء جامعۃ المبشرین برکینافاسو نے تلاوت،نظم اور قصیدہ حضرت مسیح موعود ؑپیش کیا اس کے بعد صدر صاحب خدام الاحمدیہ برکینا فاسو نے اپنی افتتاحی تقریر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے قائدین فورم یوکے 2019ء سے خطاب کا فرنچ ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے خدام سے اس اجتماع میں بھرپور شمولیت کے ساتھ اس کو ہر لحاظ سے کامیاب اور یادگار بنانے کی نصائح کیں اور دعا سے اس اجتماع کا آغاز ہوا۔

اس سالانہ اجتماع کا موضوع ‘وَاسْتَعِیْنُوْا بِالصَّبْرِ وَالصَّلوٰۃ’ تھا۔ اس سہ روزہ اجتماع کے دوران ہر روز اجتماعی نماز تہجد سے دن کا آغاز ہوتا تھا ،نماز فجر اور نماز مغرب کے بعد درس بھی پنجوقتہ نمازوں کے ساتھ جاری رہے۔ سالانہ اجتماع میں کل 9علمی اور 10ورزشی مقابلہ جات منعقد کروائے گئے۔ ایک اور خاص بات یہ کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی دوسرے دن عطیہ خون کیمپ لگایا گیا اور 380 خدام نے خون کا عطیہ دیا۔

خدام الاحمدیہ کا مقصد نوجوانوں کی تربیت اور اصلاح ہے اس لیے دوران سال ملکی سطح پر جاری رہنے والی تربیتی کلاسوں کی تعداد 1663رہی ۔ دوران سال 16سے زائد مرتبہ اجتماعی نماز تہجد اور حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دعائیہ خط لکھنے کا پروگرام ریجنل سطح پر منعقدکیا گیا ۔شعبہ تعلیم کے تحت قاعدہ یسرنا القرآن کی ملکی سطح پر 2235 کلاسیں منعقد کی گئیں جن میں سے 1528 کلاسیں صرف اطفال الاحمدیہ کے لیے تھیں۔شعبہ تبلیغ کے تحت 546 تبلیغی نشستیں منعقد کی گئیں اور 28بک سٹالز لگائے گئے اسی طرح حکومتی سطح پر 38 عہدے داران سے رابطہ مسلسل رکھا گیا اور ان کو جماعت اور خدام الاحمدیہ کے کاموں سے گاہے گاہے آگاہ کیا جاتا رہا ۔

مجموعی نتائج کےلحاظ سے امسال لیو ریجن علَم انعامی کا حقدار ٹھہرا۔

سالانہ اجتماع میں ملک بھرسے 1300 سے زائد خدام نے حصہ لیا۔اس اجتماع میں ہمسایہ ملک آئیوری کوسٹ کے صدر صاحب خدام الاحمدیہ اپنے وفد کے ساتھ شامل ہوئے اور تقریب تقسیم انعامات میں خدام کو انعامات دے کر حوصلہ افزائی کی ۔ 29؍دسمبر کو سالانہ اجتماع کی اختتامی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی مکرم امیر صاحب برکینافاسو تھے۔ آپ نے خدام کو نماز با جماعت،تلاوت قرآن کریم اور خطبہ جمعہ حضور انور براہ راست سننےاور دعائیہ خطوط لکھتے رہنے کی بابت نصائح کیں۔ نیز تعلیمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے خدام میں انعامات تقسیم کیے۔ دعا کے بعد مختلف انعام پانے والے گروپس،ریجنز اور مجلس عاملہ کے ساتھ تصاویر کا ایک سیشن منعقد ہوا۔ اس کے بعد نمازوں کی ادائیگی ہوئی اور یوں یہ اجتماع بخیرو خوبی اختتام پذیر ہوا۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

  1. ماشاءاللہ ۔ الحمدللہ ۔ جزاک اللہ خیرا ۔ الفضل انٹرنیشنل کے ذریعہ دنیا بھر سے جماعت احمدیہ کی روز افزوں ترقی اور مختلف پروگراموں کی تازہ بتازہ جانفزا خبریں ملتی رہتی ہیں ۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اس کی بہترین جزا دے ۔ آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button