کچھ جامعات سے

سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اسناد جامعہ احمدیہ تنزانیہ

(عبد الناصر مومن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

جامعہ احمدیہ تنزانیہ کوجو مشرقی افریقہ کے ملک تنزانیہ کے ریجن موروگورو (Morogoro) میں واقع ہے مورخہ 19؍جنوری 2020ءکے روز سالانہ تقریب تقسیم انعامات و اسناد کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علی ذالک۔ اس تقریب میں چار سالہ نصاب مکمل کرنے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات تقسیم کیے گئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی مکرم طاہر محمود چوہدری صاحب امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ تھے۔ تلاوت و نظم کے بعد مکرم عابد محمود بھٹی صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ تنزانیہ نے مہمان خصوصی اور دیگر مہمانان گرامی کا تعارف پیش کیا۔

محترم ریاض احمد ڈوگر صاحب ریجنل مبلغ ارنگا (Iringa) ،محترم کریم الدین شمس صاحب ریجنل مبلغ مبیا (Mbea)، محترم آصف محمود بٹ صاحب ریجنل مبلغ موروگورو (Morogoro)، اور ڈاکٹر فضل الرحمٰن بشیر صاحب انچارج احمدیہ میڈیکل سنٹر موروگورو نے اس تقریب کو رونق بخشی۔ ان کے ساتھ ساتھ ممبران نیشنل مجلس عاملہ، ریجنل اور مقامی جماعت کے بعض عہدیداران ، حضور انور ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے ارشاد پر ایک ماہ کے لیے تنزانیہ تشریف لانے والے جامعہ احمدیہ کینیڈا کے فارغ التحصیل دو مربیان کرام مکرم سرمد نوید احمد صاحب اور مکرم وقاص خورشید صاحب اورلوکل گورنمنٹ کے نمائندہ اور سرکاری سطح پر محکمہ تعلیم کی نمائندہ آفیسر نے بھی شرکت کی۔

بعد ازاں عزیزم شکور سلیمان صاحب (طالبعلم درجہ ثانیہ) نے اس سال درجہ ثالثہ پاس کرنے والے طلبہ کے لیے الوداعی کلمات پیش کیے، جس کے جواب میں فارغ التحصیل طلبہ میں سے عزیزم رمضان عباس مکی ایٹی(Mkieti)صاحب نے اظہار تشکر کیا۔

سالانہ کارکردگی کی رپورٹ اردو زبان میں محترم عزیز احمد شہزاد صاحب استاد جامعہ، اور سواحیلی زبان میں محترم شمعون جمعہ صاحب معلم سلسلہ نے پیش کی۔

دوران سال تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ طلبہ کی ذہنی و جسمانی تربیت کے حوالہ سے علمی و ورزشی مقابلہ جات اور تفریح کے لیے پکنک کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ طلبہ تبلیغی سرگرمیوں کا بھی حصہ رہے جن میں وقف عارضی، تقسیم لٹریچر و جماعتی کتب، ریجن کی مقامی جماعتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اطفال و ناصرات کی تربیتی کلاس نمایاں ہیں۔ امسال جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے 288 سعید روحوں کو سلسلہ احمدیہ سے جوڑنے نیز 22 ملین شلنگز سے زائد کی مالی قربانی کرنے کی توفیق ملی۔ ربنا تقبل منا إنك أنت السميع العليم

جامعہ احمدیہ تنزانیہ سے ملحقہ ایک جماعتی اسکول احمدیہ پری اینڈ پرائمری اسکول’ کے انتظامات محترم پرنسپل صاحب جامعہ کی زیر نگرانی سر انجام پاتے ہیں۔ اس اسکول کے طلبہ بھی تقریب کا حصہ تھے۔ کارگزاری رپورٹ کے بعد احمدیہ پری اینڈ پرائمری اسکول کے طلبہ میں سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

اسکول کے نرسری حصہ کا دورانیہ تین برس اور پرائمری حصہ پانچ برس پر مشتمل ہے اور ہر آنے والے سال میں ایک کلاس کا اضافہ ہوتا ہے۔ الحمدللہ

اسکول کے اساتذہ اور دیگر کارکنان کے ساتھ ساتھ شعبہ تعلیم سے منسلک سرکاری عہدیداران نے محترم امیر صاحب تنزانیہ سے حسن کارکردگی پر انعامات اور تحائف وصول کیے۔

سال 2019ء میں جامعہ تنزانیہ سے فارغ التحصیل طلبہ کی کل تعداد نو (9)ہے۔

امسال حفظ کلاس کے دو (2) طلبہ نے اللہ تعالیٰ کے فضل سے حفظ قرآن کریم مکمل کیا۔ اور درجہ ثالثہ کے کل سات (7) طلبہ نے امتحان پاس کیا۔ جن میں سے پانچ کا تعلق تنزانیہ سے جبکہ دو طلبہ کینیا سے ہیں۔ ان سب فائزین نے مکرم امیر صاحب تنزانیہ سے انعامات و اسناد وصول کیں۔ امسال تین طلبہ کو جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں شاہد کی ڈگری کے حصول کے لیے بھیجا گیا۔

اس تقریب میںدوران سال علمی مقابلہ جات میں اول اور دوم آنے والے طلبہ میںبھی انعامات تقسیم کیے گئے۔ مزید برآں اس تقریب میں شامل مہمانان، اساتذہ جامعہ اور کارکنان نے محترم امیر صاحب تنزانیہ سے تحائف وصول کیے۔ آخر میں مہمان خصوصی مکرم امیر صاحب کی خدمت میں مکرم پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ تنزانیہ نے تحفہ پیش کیا۔

بعد ازاں سال 2019ء میں جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں ہونے والی بعض سرگرمیوں کی تصویری جھلکیاں حاضرین کے سامنے پیش کی گئیں۔

تقریب کے اختتام میں مکرم امیر صاحب نے حاضرین کو خلافت سے پختہ تعلق قائم رکھنے کی تلقین کی ۔
تقریب کا اختتام اجتماعی دعا سے ہوا۔ جس کے بعد فارغ التحصیل معلمین، مہمانان اورسٹاف جامعہ کی محترم امیر صاحب کے ساتھ گروپ کی صورت میں تصاویر کا اہتمام کیا گیا۔ نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مسیح محمدی کے یہ خدام واقفین حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات و ہدایات کی روشنی میںمقبول خدمت دین کی توفیق پائیں اور میدان عمل میں عاجزی و انکساری کے ساتھ اعلیٰ کامیابیاں سمیٹنے والے بنیں۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button