افریقہ (رپورٹس)

سینیگال میں مسجد کا افتتاح

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سینیگال کو امبور ریجن میں امسال تیسری مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد اللہ علیٰ ذٰلک۔ جاترا گاؤں کی اس مسجد کا سنگ بنیاد امیر صاحب سینیگال مکرم ناصر احمد سدھو صاحب نے رکھا۔ یہ مسجد دسمبر 2019ء کے آخری عشرہ میں تکمیل کو پہنچی۔ اس مسجد کی خاص بات اس کے خوبصورت مینار ہیں۔ اس مسجد کا کل رقبہ دو ایکڑ ہے جس میں آموں کے درخت لگائے گئے ہیں۔ مسجد کا مسقف حصہ 104 مربع میٹر ہے۔ اس مسجد کی تعمیر میں معمار کے علاوہ سب کام بلا معاوضہ محض للہ کیا گیا ۔خدام اور انصار نے باری باری وقار عمل کیا اور دور دراز سے پانی لانا لجنہ اماء اللہ کی ذمہ داری تھی۔ الحمد للہ انہوں نے یہ ذمہ داری بہت احسن رنگ میں ادا کی۔ غرض اس مسجد کی تعمیر میں وقار عمل کے ذریعہ بہت بچت کی گئی۔

مورخہ 03؍جنوری 2020ء کو مکرم کمال زیان بروجا صاحب (مرکزی نمائندہ برائے جلسہ سالانہ سینیگال 2019ء) نے فیتہ کاٹ کر اور دعا کرواکر مسجد کا باقاعدہ رسمی افتتاح کیا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے نمازِ جمعہ کی امامت کروائی اور بعد ازاں مکرم کلام زیان صاحب نے احاطہ مسجد میں آم کا پودا لگایا اور دعا کروائی۔ مسجد کے افتتاح میں الجزائر سے پانچ رکنی وفد کے علاوہ جرمنی کے نمائندہ بھی وفد کا حصہ تھے۔

افتتاح کے موقع پر متعدد معززین نے شرکت کی جن میں گاؤں کے چیف اور ائمہ شامل تھے۔ مہمانوں نے جماعت کی دینی اور انسانی خدمات کو سراہا۔ پندرہ دیہات سے آئے ہوئے 219؍افراد اور مہمانان کرام کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

کھانے کے بعد مرکزی مہمانان نے گاؤں والوں سے تعارف حاصل کیا۔ نیز بچوں میں ٹافیاں تقسیم کیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ مرکزی وفد کی آمد پر نعرہ تکبیر سے فضا گونج اٹھی اور ‘یہ روز کر مبارک سبحان من یرانی’ اور ‘لا الٰہ الا اللّٰہ’ کا بلند آواز میں ورد کیا گیا۔ واپسی پر اہل دیہات نے مرکزی مہمانوں کو الوداع کیا۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو ہدایت کا سرچشمہ بنادے اور اسے نمازیوں سے بھر دے۔ آمین

(رپورٹ: ظفر اقبال احمد ساہی۔ مبلغ سلسلہ سینیگال)

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

  1. الله تعالی ہماری مساجد کو محض للہ عبادت کرنے والے نمازیوں سے پر رکھے اور ہدایت کا موجب بنی رہیں۔ آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button