نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازِ جنازہ حاضر و غائب (01؍جنوری 2020ء)

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ یکم جنوری 2020ء کو نماز ظہر و عصر سے قبل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد مبارک (اسلام آباد،ٹلفورڈ،یوکے)کے باہر تشریف لا کرمکرمہ کرن حنیف شریف صاحبہ اہلیہ مکرم شیخ محمدحنیف صاحب(اوکاڑہ۔حال یوکے)کی نمازِ جنازہ حاضراورکچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نمازِ جنازہ حاضر

مکرمہ کرن حنیف شریف صاحبہ اہلیہ مکرم شیخ محمد حنیف صاحب (اوکاڑہ۔حال یوکے)
28؍دسمبر2019ء کو بعارضہ کینسر61سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت شیخ دیوان احمدصاحبؓ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پڑپوتی تھیں۔ مرحومہ نمازوں کی پابند، چندہ جات میں باقاعدہ، ملنسار، مہمان نواز،غریبوں کی ہمدرد،بہت نیک اور مخلص خاتون تھیں۔پسماندگان میں تین بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں ۔

نماز جناز ہ غائب

-1مکرمہ سکینہ بی بی صاحبہ اہلیہ مکرم عزیز احمد صاحب مرحوم (نبی سر روڈ ضلع عمر کوٹ ۔ حال مقیم گلشن جامی کراچی)
10؍اکتوبر 2019ءکو 92 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے خاندان میں احمدیت آپ کے والد مکرم چوہدری سردار خان صاحب بوبک کے ذریعہ آئی جوکہ پورے گاؤں میں اکیلے احمدی تھے۔ مرحومہ نے نبی سر روڈ ضلع عمر کوٹ میں لمبا عرصہ صدر لجنہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔خلافت سے والہانہ محبت رکھتی تھیں۔احمدی اور غیراحمدی بچوں کو قرآن پڑھانے کی توفیق پائی ۔ مرکزی مہمانوں کی خدمت کرنے میں انتہائی خوشی محسوس کرتی تھیں۔ رمضان المبارک میں ان کا انتظام بھی اپنے ہی گھر پر کرواتیں۔انتہائی ملنسار اور مہمان نواز خاتون تھی ۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں سات بیٹیاں اور تین بیٹے شامل ہیں۔آپ کے ایک نواسے مکرم ثاقب کامران صاحب(مربی سلسلہ )آج کل نائب وکیل ایم ٹی اے سٹوڈیوز تحریک جدید اور نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ پاکستان کے طور پر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ ایک پوتے مکرم اکرم ذکی احمد صاحب جامعہ احمدیہ یوکے میں زیر تعلیم ہیں۔

2مکرم محمد انور لنگاہ صاحب ابن مکرم محمد نذیر صاحب (ادرحماں ضلع سرگودھا)
9؍دسمبر2019ءکو طاہر ہارٹ میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کے دادا نے حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دور خلافت میں بیعت کی تھی ۔میٹرک پاس کرنے کے بعد پنجاب پولیس میں بھرتی ہو گئے۔ پولیس کے محکمہ میں دیانت داری اورعزت کے ساتھ سروس کی ۔جس کے لیے آپ کو کافی مشکلات بھی برداشت کرنی پڑیں۔مرحوم جماعت کے لیے بہت غیرت رکھنے والے ایک نڈر انسان تھے ۔ مخالفت کے باوجود گاؤں میں مسجد تعمیر کروائی ۔ اپنی مجلس میں زعیم انصاراللہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی ۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم حماد حسن لنگا ہ صاحب جامعہ احمدیہ ربوہ میں زیر تعلیم ہیں۔

3مکر مہ مختار بھٹی صاحبہ اہلیہ مکرم چوہدری فضل احمد صاحب (کینیڈا)
20؍نومبر 2019ء کو 91سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ کے خاندان میں احمدیت آپ کے والد مکرم محمد بخش صاحب کے ذریعہ آئی جنہوں نے حضرت خلیفۃ المسیح الثانی کے ہاتھ پر بیعت کی توفیق پائی۔ آپ نمازوں کی پابند ، تہجد گزار،خلافت کی فدائی ایک نیک اور باوفا خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں ۔پسماندگان میں دو بیٹیاں اور پانچ بیٹے شامل ہیں۔آپ کے بڑے بیٹے مکرم سعید احمد ناصر صاحب طویل عرصہ سے وکالت اشاعت تحریک جدید ربوہ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ آپ مکرم شرجیل احمد صاحب (مربی سلسلہ ۔دارالقضاء ربوہ )کی دادی اور مکرم صباحت علی صاحب راجپوت (مبلغ میکسیکو سٹی )کی نانی تھیں۔

4مکرمہ امۃ السلام بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم حافظ رمضان فاضل صاحب (مربی سلسلہ)۔ربوہ
13؍ستمبر2019ءکو 95سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند،تہجد گزار،دعا گواورایک نیک مخلص خاتون تھیں۔ بےشمار لوگوں کو قرآن کریم پڑھانے کا شرف حاصل رہا اور بڑی فعّال زندگی گزاری۔ ان کے والد کو مسجد اقصیٰ قادیان میں امام الصلوٰۃ کے فرائض بجالانے کی سعادت ملی ۔مرحومہ موصیہ تھیں ۔

5مکرم محی الدین راجیکی صاحب ابن مکرم مولوی مصلح الدین راجیکی صاحب(ربوہ)
14؍دسمبر2019ءکو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مولانا غلام رسول صاحب راجیکی کے بڑے پوتے تھے۔جوانی کی عمر میں اپنے دادا کی صحبت میں رہ کر تربیت کی توفیق پائی ۔ مرحوم کچھ عرصہ دفاتر صدر انجمن احمدیہ ربوہ میں کام کرتے رہے اور پھر اعصابی کمزوری کی وجہ سے فراغت لےلی اور اپنے آبائی گھر میں منتقل ہوگئے۔صوم و صلوٰۃ کے پابند ایک نیک،مخلص اور باوفا انسان تھے ۔مرحوم موصی تھے۔

6مکرم ملک عبد السبوح خان صاحب ابن مکرم ملک عبد القادر خان صاحب (جناح کالونی فیصل آباد۔ حال راولپنڈی)
13؍دسمبر2019ءکو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ محترم مولانا غلام احمد فرخ صاحب (سابق مربی سلسلہ جزائر فجی)کے داماد تھے۔ مرحوم کے والد نے 1925ء میں 17 سال کی عمر میں احمدیت قبول کی۔بعد ازاں حضرت خلیفۃ المسیح الثانی ؓ کے حکم پر اپنی ساری جائیداد چھوڑ کر ایمن آباد ضلع گوجرانوالہ سے قادیان آگئے اور کچھ عرصہ قیام کے بعد فیصل آباد میں رہائش اختیار کی ۔مرحوم نے قائد مجلس خدام الاحمدیہ ضلع فیصل آباد کے علاوہ صدر جماعت میاں چنوں کے طورپر بھی خدمت کی توفیق پائی۔پنجوقتہ نمازوں کے پابند، تہجد گزار،مہمان نواز، غریب پرور اور خدمت کا جذبہ رکھنے والے ایک مخلص انسان تھے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button