مصروفیات حضور انور

امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات

حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز گلشنِ وقفِ نَو (خدام) میں رونق افروز ہیں

مورخہ 19؍ تا 26؍فروری 2020ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات میںسے چند ايک کی جھلک ہديۂ قارئين ہے:

٭… 19؍فروری بروز بدھ: حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آج نمازِ ظہر سے قبل مسجد مبارک کے باہر تشريف لا کر مکرم میاں احمد حسن صاحب (ساؤتھ آل) اور مکرمہ امۃ الکریم راضیہ قمر صاحبہ (اہلیہ مکرم خواجہ رشید الدین قمر صاحب مرحوم۔مورڈن) کي نماز جنازہ حاضر پڑھائي اور پسماندگان سے ملاقات فرمائي۔ حضورِ انور نے جنازہ حاضر کے ساتھ 10؍ مرحومين کي نمازِ جنازہ غائب بھي پڑھائي۔

٭… 21؍فروری بروز جمعۃ المبارک:حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ نے آج مسجد بیت الفتوح، مورڈن ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يو ٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی عظیم الشان پیشگوئی بابت ‘مصلح موعود’کے بعض پہلوؤں کا مختصر تذکرہ فرمایا۔ نیز محترمہ مریم الیزبتھ صاحبہ زوجہ مکرم ملک عمر علی کھوکھر صاحب رئیس ملتان اور عزیز جاہد فارس احمد (واقفِ نو) کی وفات پر مرحومین کا ذکر خیر فرمایا اور نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

٭… حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آج شام نمازِ عشاء سے پہلے قریباً آدھے گھنٹے کے لیے اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کراسلام آباد (ٹلفورڈ) کا راؤنڈ فرمایا، متفرق امور کا معائنہ فرمایا اور ضروری ہدایات سے نوازا۔

آج کے راؤنڈ کے دوران حضور پُر نور نے مزار مبارک حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ پر دعا کی۔ نیز اسلام آباد کی داخلی سڑک کے ساتھ پانی کے نکاس کے انتظام، نصرت بلاک (لجنہ ہال) اور اس کی پچھلی جانب کھلی جگہ پر ہونے والے کام، اسلام آباد کے عقبی حصے میں رکھے گئے porta cabins میں عارضی طور پر قائم کیے جانے والے گیسٹ ہاؤسز و دیگر جگہوں کا معائنہ فرمایا۔

دورانِ راؤنڈ مکرم خواجہ عبدالقدوس (عملہ حفاظتِ خاص) نے حضور پُر نور سے اپنے گھر کو برکت بخشنے کی گزارش کی تو حضورِ انور ازراہِ شفقت وہاںتشریف لے گئے۔ مزید برآں مکرم عامر احمد سیالکوٹی (کارکنMSAF)، مکرم غالب جاوید (دفتر پرائیویٹ سیکرٹری) اور مکرم سعید احمد رفیق کے گھر وں میں بھی کچھ لمحات کے لیے تشریف لے جا کر انہیں برکت بخشی۔

راؤنڈ کے دوران سردی کے باوجود مختلف مقامات پر بچے،بچیاں، مرد و خواتین جمع ہو کرحضورِ انور کا دیدار کرتے رہے۔ بعض احباب نے حضورِ انور سے شرفِ مصافحہ حاصل کیا اور بعض نے شرفِ گفتگو۔
٭…22؍فروری بروز ہفتہ: حضورِ انور نے نمازِ عصر پڑھانے کے بعد درج ذيل 04؍نکاحوں کا اعلان فرمايا اوران کے بابرکت ہونے کے ليے دعا کرائي:

٭… عزیزہ عُشبہ صبیحہ(واقفۂ نو)بنت مکرم ظفر ممتاز صاحب (ربوہ) ہمراہ مکرم (حافظ) خواجہ منادی احمد فیاض صاحب (مربی سلسلہ۔استاد جامعہ احمدیہ ربوہ)ابن مکرم خواجہ ایاز احمد سجاد صاحب (مربی سلسلہ۔ وکالت دیوان ربوہ)

٭… عزیزہ مدثرہ ارشد بنت مکرم ارشد محمود صاحب (منڈی بہاؤالدین)ہمراہ مکرم سجیل احمد صاحب (مربی سلسلہ۔ریسرچ سیل ربوہ)ابن مکرم لیاقت علی صاحب

٭… عزیزہ روبینہ فہیم (واقفۂ نو)بنت مکرم فہیم احمد صاحب (پرنسپل جامعۃ المبشرین گھانا)ہمراہ مکرم احمد جان صاحب (واقفِ نو )ابن مکرم پیر انعام الرحمان صاحب (فیصل آباد)

٭…عزیزہ قدسیہ جبین بنت مکرم اقبال احمد صاحب (لندن)ہمراہ مکرم مباہل احمد صاحب ابن مکرم شکیل احمد شیخ صاحب (لندن)

٭…23؍فروری بروز اتوار: آج حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نمازِ ظہر سے قبل ایوان مسرور، اسلام آباد میں منعقدہ گلشنِ وقفِ نَو (خدام ) میں رونق افروز ہوئے۔ واقفینِ نَو کے ساتھ ہونے والی یہ دل چسپ نشست نمازِ ظہر سے پہلے اختتام پذیر ہوئی۔

٭…آج شام کو حضور انور نے مسجد ‘‘دار السلام’’ ساؤتھ آل کا افتتاح فرمایا۔ حضور انور نے مسجد ‘‘دار السلام’’ میںنمازِ مغرب و عشاء کے بعد احبابِ جماعت سے خطاب فرمایا۔ نیزافتتاحی ریسپشن کی تقریب میں بابرکت شمولیت فرمائی اوربصیرت افروز خطاب فرمایا۔ (اس تقریب کی تفصیلی رپورٹ صفحہ نمبر 1 پر ملاحظہ فرمائیں)

٭…26؍فروری بروز بدھ: حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نمازِ عصر کے بعد مکرم محمد احمد صاحب (آلڈرشاٹ جماعت۔ ممبر عمومی ٹیم) کی موٹر کو متبرک فرمایا۔حضورِ انور نے انہیں موٹر خریدنے پر صدقہ دینے کا بھی ارشاد فرمایا۔

ملاقات حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز

حضورِ انور نے مورخہ 17؍تا 23؍فروری 2020ء کے دوران پانچ روز دفتري اور پانچ روز ذاتي ملاقاتيں فرمائيں۔ متعدد افسرانِ صيغہ جات، مربيانِ سلسلہ اور ديگر احباب نے حضورِ انور سے اپني دفتري ملاقاتوں ميں ہدايات اور رہ نمائي حاصل کي۔

ان ایّام میں 87؍فيمليز اور 41؍احباب نے انفرادي طور پرحضورِ انور سے ملاقات کي سعادت حاصل کی۔ اس لحاظ سے ذاتی ملاقاتوں کی کل تعداد 128؍تھی۔ اپنے آقا سے ملاقات کے ليے حاضر ہونے والے ان احبابِ جماعت کا تعلق درج ذیل 12؍ممالک سے تھا : امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، پاکستان، جرمنی، سویڈن، بیلجیم، آسٹریا، آئرلینڈ، یوکے اور دو عرب ممالک۔

اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ

وَ کُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button