افریقہ (رپورٹس)کچھ جامعات سے

جامعۃ المبشرین گھانا میں ہونے والی سرگرمیاں

(فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گھانا)

مقابلہ عربی و انگریزی تقاریر

جامعۃ المبشرین گھانا کے طلباء میں علم کی جستجو پیداکرنے اور ان میںتقریر کا ملکہ اجاگر کرنے کے لیے تقاریر کے مقابلے کرائے جاتے ہیں۔ ماہ فروری میں دو مقابلے ہوئے جن کی مختصر رپورٹ پیش ہے۔

مقابلہ تقریر بزبان انگریزی:مورخہ 4فروری2020ء کو بعد نماز عصر طلباء جامعۃ المبشرین کے مابین مقابلہ تقریربزبان انگریزی منعقد کیا گیا۔اس مقابلہ میں امانت ،دیانت، شجاعت اور صداقت گروپوں کے تین تین طلباء نے حصہ لیا۔تقریر کے عناوین مندرجہ ذیل تھے: آنحضور ﷺ کا عورتوں سے حسن سلوک، غیبت کرنا ایک زہر ہے اور Global Warming۔

اس مقابلہ میں منصفین مکرم رضوان کوثر صاحب استاد جامعۃ المبشرین اور مکرم سجاد احمد صاحب استاد تعلیم الاسلام ہائر سیکنڈری سکول اسارچر تھے۔ اس مقابلہ میں عزیزان فردوس اسیمانی اول، صادق ڈونکو اور آدم اسماعیل دوم اور عبد الوہاب آدم سوم قرار پائے ۔سبھی طلباء گھانا سے ہیں۔

مقابلہ تقریر بزبان عربی:مورخہ25فروری کو بعد نماز عصر طلباء جامعۃ المبشرین کے مابین مقابلہ تقریر بزبان عربی منعقد کیا گیا۔اس مقابلہ میں چاروں گروپس کے تین تین طلباء نے حصہ لیا۔تقریر کے عناوین مندرجہ ذیل تھے: آنحضور ﷺ کی خدا کی مخلوق پر شفقت، حضرت مسیح موعود ؑ کا عشق رسول ﷺ اور الخیر کلہ فی القرآن۔

اس مقابلہ میں منصفین مکرم ابراہیم شہا صاحب اور مکرم الحسن الحسن احمد صاحب اساتذہ جامعۃ المبشرین تھے۔اس مقابلہ میں عزیزان یعقوب کولیبالی اول ، علی ٹیمبینی دوم اور سیکوبومو سوم قرار پائے ۔سبھی کا تعلق مالی سے ہے۔

مکرم ایڈیشنل وکیل التبشیر صاحب کے ساتھ طلباء جامعہ کی ایک نشست

مورخہ 17؍فروری بروز پیر مکرم و محترم عبد الماجد طاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر جامعۃ المبشرین تشریف لائے۔ ان کے ہمراہ مکرم حافظ احسان سکندر صاحب نائب امیر بیلجیم اور مکرم مولانا فرید احمد نوید صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ گھانا بھی تھے۔ جامعہ ہال کو بینرز سے سجایا گیا تھا۔ طلباء جامعہ و مدرسۃ الحفظ نے مہمانان کا گھانا کے روایتی انداز میں استقبال کیا، نعرہ ہائے تکبیر بلند کیے اور کلمہ لاالہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ کا ترنم سے ورد کیا۔ خاکسار (پرنسپل جامعۃ المبشرین گھانا) نے مہمانان کا تعارف کروایا۔ تلاوت و نظم کے بعد مکرم ایڈیشنل وکیل التبشیر صاحب نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے الفاظ میں طلباء اور اساتذہ کو نصائح کیں۔ بعد ازاں مہمانان اور طلباء و اساتذہ کا گروپ فوٹو ہوا۔نیز طلباء اور اساتذہ کا الگ گروپ فوٹو بھی ہوا۔ مہمانان مدرسۃ الحفظ بھی تشریف لے گئے ۔

آخری سال کے طلباء کا مطالعاتی دورہ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 27؍فروری2020ء بروز جمعرات آخری سال کے تمام طلبا کے لیے ایک معلوماتی سفر کا اہتمام کیا گیاتھا۔ اس کلاس کی کل تعداد 26؍ہے۔

مورخہ 27؍فروری کو صبح نوبجے خاکسار، دو اساتذہ کرام اور 26طلباء جامعہ کی بس پر اس سفر پر روانہ ہوئے۔ خاکسار نے روانگی سے قبل اجتماعی دعاکروائی۔ اس قافلے کی پہلی منزل University of Cape Coastتھی۔ یونیورسٹی کی انتظامیہ کے تین نمائندوں نے قافلے کا استقبال کیا۔ گاڑی میںبیٹھ کر یونیورسٹی کا چکر لگایا اور انہوں نے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں اور عمارات کا تعارف کروایا۔ آخر پر وہ سب کو ایک بڑے ہال میں لے گئے اور پروجیکٹر کی مدد سے یونیورسٹی کا تفصیلی تعارف کروایا جس کے بعد طلباء نے بعض سوالات کیے جن کے جوابات دیے گئے۔ اس کے بعد یہ قافلہ اپنے میزبانوں کا شکریہ ادا کر کے اگلی منزل کی طرف روانہ ہوا۔ ہماری اگلی منزل KAKUMنیشنل پارک تھی جہاں پہنچ کر ٹکٹوں وغیرہ کی خریداری کے بعد ایک گائیڈ کے ساتھ پہاڑی راستوں پر ہوتے ہوئے تقریباً آدھے کلومیٹر کی مسافت پر کینوپی واک پر پہنچے۔ وہاں پہنچ کر مزید ہدایات دی گئیں جس کے بعد گروپس کی صورت میں کینوپی واک کے لیے تمام لوگوں کو بھیجا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام طلبا ءنے بحفاظت کینوپی واک مکمل کی اور بھر پور لطف اٹھایا۔Kakum نیشنل پارک کی سیرکے بعد سب طلباء کی وہیں درختوں کی ٹھنڈی چھاؤں تلے دوپہر کے کھانے سے تواضع کی گئی۔

Kakumنیشنل پارک کے بعد یہ قافلہ اپنی دوسری منزل المینا قلعہ کی طرف روانہ ہوا۔ تھوڑی دیر کے بعد وہاں پہنچ گئے۔ المینا قلعہ سمندر کے کنارے واقع ایک تاریخی مقام ہے۔ وہاں کی انتظامیہ نے سارے قلعہ کا تفصیلی تعارف کروایا۔ طلبا ء نے اس انتہائی اہم تاریخی مقام کو بہت غور سے دیکھا اور اپنے علم میں اضافہ کیا۔ اس اہم معلوماتی سفر کو تصاویرکے ذریعے محفوظ کرلیا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ قافلہ شام کو بحفاظت واپس جامعہ پہنچ گیا۔ الحمدللہ

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button