افریقہ (رپورٹس)

نمائش جماعتی کتب (سالانہ میلہ) کانڈی ریجن، بینن

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کانڈی ریجن ، بینن کو امسال منعقد ہونے والے سالانہ ریجنل میلے میں جماعتی کتب کی نمائش کی سعادت ملی۔ یہ میلہ مورخہ 13؍فروری تا یکم مارچ جاری رہا۔

نمائش کے روز جماعت کی طرف سے فرنچ اورعربی زبان میں ترجمہ کی گئی کتب سٹال پر رکھی گئیں جن کی کل تعداد 102 تھی۔ ان کتب میں جماعت احمدیہ کا تعارف، مسلمان کی تعریف، اسلام امن کا مذہب، رمضان کریم اور جاء المسیح ؑکے عناوین شامل تھے۔ اٹھارہ روزہ اس میلے میں مختلف عناوین پر مشتمل کتب کی 205؍جلدیں فروخت کی گئیں۔ اسی طرح 40؍کتب اور بیس ہزار کے قریب پمفلٹس تقسیم کیےگئے۔ بعض کتب طلباء، ڈاکٹرز، پروفیسرز ، جرنلسٹس اور پولیس کے شعبے سے تعلق رکھنے والے احباب کو بھی تقسیم کی گئیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان دنوں میں 119600 فرانک سیفا کی کتب فروخت بھی ہوئیں۔ الحمد للہ۔

میلے میں بجلی کی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے LCD کا انتظام کیا گیا اور اس پر کلمہ طیبہ ، درود شریف، حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کے اقتباسات ، آپ علیہ الصلوٰ ۃ و السلام کی آمد، خلافت ، آخری زمانہ کی علامات ، حضرت مسیح ناصری ؑکا مقبرہ، نماز کا طریقہ، یسرنا القرآن کے اسباق کے حوالے سے ویڈیوز چلائی گئیں۔ جماعتی سٹال کے بارہ میں 68 غیر از جماعت احباب کو بذریعہ سوشل میڈیا پیغامات بھی ارسال کیے گئے۔

نمائش میں رکھی گئی تمام فرنچ کتب کا تعارف آڈیو میں تیار کروایا گیا اوراس کی مدد سے ہر کتاب کی ویڈیو تیار کی گئی اور اس کو میلے میں مختلف اوقات میںLCD پر چلایا گیا۔ یہ ویڈیوز رات کو بعد نمازِ مغرب و عشاء بھی چلائی جاتی تھیں جن کو دیکھ کر میلے پر آنے والے افراد کی توجہ جماعت احمدیہ حقیقی اسلام کی طرف ہوتی تھی اور احباب کتب خریدنے کے لیے تشریف لاتے رہے۔

الحمدللہ اس میلے کے ذریعہ ریجن کانڈی میں جماعت کی بہت نیک نامی ہوئی اور یہاں کے غیر از جماعت لوگوں کو معلوم ہوا ہے کہ جماعت احمدیہ ایک منظم جماعت ہے جس میں قرآن کریم کی تعلیمات پر پوری طرح عمل کیا جاتا ہے اور اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے محبت اور اللہ کی مخلوق سے ہمدردی جماعت احمدیہ کے مقاصد ہیں۔بہت سےاحباب نے اس بات کا اقرار کیا کہ اس وقت ہمیں امن کی بہت ضرورت ہے اور آپ کی طرف سے یہ کام بہت اچھا ہے کہ آپ لوگوں کو اس دور کی ضرورت سے آگاہ کر رہے ہیں اور امن کے قیام کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس میلے کے ذریعے سے سلیم فطرت لوگوں کو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کو ماننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: سکندر جلال۔ مبلغ سلسلہ کانڈی، بینن)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button