حالاتِ حاضرہ

Covid-19 بلیٹن (نمبر4، یکم اپریل 2020ء)

دسمبر2019ء میں ظاہر ہونے والی یہ وباء اس وقت دنیا کے 200سے زائد مما لک اور علاقوں میں پھیل چکی ہے۔

Worldometers.info کی طرف سے  جاری کئےگئے اعداد و شمار  کے مطابق تمام دنیا میں اب تک کے کنفرمڈ کیسز کی تعداد 912,572 ہےاور اس وباء کے نتیجہ میں وفات پانے والے 45,541 جبکہ ایک دیگررپورٹ کے مطابق 191,826افراد Covid-19 میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔

برطانیہ کے کنفرمڈ کیسز 25,000سے تجاوز کرچکے ہیں اوریورپ بھر میں 30,000 سے زائد افراد اس بیماری میں مبتلا ہو کر لقمۂ اجل بن چکے ہیں۔ اور ایک اندازے کے مطابق لاک ڈاؤن اور دوسری احتیاطی تدابیر  کی وجہ سے یورپ میں 50,000 سے زائد زندگیاں بچائی جا چکی ہیں۔ (الجزیرہ)

ذیل میں بعض ممالک کی ایک مختصر فہرست دی جا رہی ہے جو کہ اس وائرس سے زیادہ متاثر ہیں۔

تاریخ:یکم اپریل، منگل19:00 GMT
نمبر شمار ملک بیماری میں مبتلا افراد فوت شدگان صحت پانے والے
1امریکہ 205,036 4,516 8,745
2 اٹلی 110,574 13,155 16,847
3 سپین 102,136 9,053 22,647
4 چین 81,554 3,312 76,238
5جرمنی 76,544 858 18,700
6 ایران 47,593 3,036 15,473
7 برطانیہ 29,474 2,352 135
8 روس 2,777 24 190
9پاکستان 2,118 27 94

(www.worldometers.info)

(ویب سائٹ پر نظر آنے والایہ چارٹ ہوسکتا ہے کہ آپ کو تازہ ترین اعداد و شمار نہ دکھا رہا ہو۔)

امریکہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ساتھی ہم وطنوں کو کہا ہے کہ وہ آنے والے مشکل دنوں کے لئے تیار رہیں۔ اور کہا ہے کہ ہم آئندہ دو ہفتوں میں ایک بہت ہی مشکل دور سے گذرنے والے ہیں۔ (سی این این)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ 10؍مزید کمپنیاں ونٹی لیٹر تیار کر رہی ہیں۔ (بی بی سی)

ایک دن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق اس وقت  امریکہ میں Covid-19 سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد9/11کے حملوں میں ہونے والی ہلاکتوں سے بڑھ گئی ہے۔9/11کے حادثہ میں 3,000سے زائد افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔ (ڈان)

امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد 4,000 سے تجاوز کرچکی ہے۔ (بی بی سی)

جہاز کے کپتان کی مدد کی اپیل

USS Theodore Roosevelt، جو کہ ایک امریکی بحری جنگی جہاز ہے، کے کپتان نے بحریہ کی اعلیٰ انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ جہاز کے عملےکی جانیں بچانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ جہاز پر موجودکم و بیش70؍افراد Covid-19 سے متأثر ہیں۔ جہاز پر کل 4,000 افراد کا عملہ موجود ہے۔ (سی این این)

پاکستان

وزیر اعظم پاکستان جناب عمران خان نے  ایک ریلیف فنڈ شروع کیا ہے جس کا مقصد ضرورت مند لوگوں کی مدد کرنا ہے۔ جناب وزیر اعظم نے صاحب استطاعت لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس فنڈ میں عطیات جمع کروائیں۔ (ڈان)

پاکستان کے شہر لاہور میں انتظامیہ نے ایک کنوینشن سنٹر کو نو دن کے عرصےمیں Covid-19 کے مریضوں کے لیے،1,000بستروں کے ہسپتال میں تبدیل کردیا ہے۔ لاہور ، پنجاب کا سب سے متأثرہ شہر ہے۔ (بی بی سی)

اٹلی

پوپ فرانسس کےVicar،Angelo de Donatis کا Covid-19کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔Covid-19 کا ٹیسٹ مثبت آنے والے یہ پہلے کارڈنل ہیں۔

اٹلی میں اس وبا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 11,591؍اور کنفرمڈ کیسز کی تعداد 101,739 ہو چکی ہے۔ (بی بی سی)

فرانس

فرانس میں 31؍ مارچ کو499 ؍افراد کی Covid-19 سے ہلاکت ہوئی ہے اور مجموعی تعداد3,523 ہوگئی ہے۔ (بی بی سی)

برازیل

برازیل کی Amazonas State میں سودیشی لوگوں میں Covid-19 کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔ ایک19سالہ خاتون میں اس مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔ (بی بی سی)

سپین

سپین کی وزارت صحت کے مطابق ملک میں گذشتہ روز 864؍ اموات ہوئی ہیں جو کہ ایک دن میں پیش آنے والی سب سے بڑی تعداد ہے۔ اس وقت سپین میں Covid-19 کے نتیجہ میں ہونے والی ہلاکتوں کی کل تعداد 9,053؍ہے اور ایک لاکھ سے زائد مصدقہ مریض موجود ہیں۔ (بی بی سی، اردو)

جرمنی

جرمنی کی چانسلر اینجلا مرکل کا  Covid-19 کا تیسرا ٹیسٹ بھی نیگٹو آیا ہے۔ لیکن احتیاطی طور پروہ ابھی بھی گھر سے ہی کام کریں گی۔ اینجلا مرکل کی عمر 65سال ہے۔ (بی بی سی)

ایران

ایران نے بدھ کے روز Covid-19 کے 3,000 نئے مریضوں کی تصدیق کی ہے، جس کے بعد ملک میں متأثرین کی کل تعداد47,593ہو گئی ہے۔ اور اب تک کی ہلاکتوں کی تعداد 3,036 ہے جبکہ 15,473مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ (بی بی سی، اردو)

برطانیہ

برطانیہ میں گذشتہ 24؍گھنٹوں کے دوران Covid-19 سے 563؍اموات ہوئی ہیں، جو برطانیہ میں ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں۔ (بی بی سی اردو)

گذشتہ دنوں ایک خبر گردش کررہی تھی کہ ملکۂ برطانیہ ایلزبتھ دوم بھی Covid-19 سے متأثر ہوئی ہیں۔ بکنگھم پیلس نے اس کی تردید کی ہے اور بتایا ہے کہ ملکہ کی صحت اچھی ہے۔ (ڈان)

برطانوی شہریوں نے 21؍مارچ تک، چار ہفتے کے دوران، اشیائے ضروریہ کی خرید کے لئے سپر مارکیٹوں کے 79؍ملین اضافی چکر لگائے۔ اور اس سے ان مارکیٹوں کی سیل میں قریبا21؍فیصد اضافہ ہوا۔ (ڈان)

ایک افسوس ناک خبر یہ بھی ہے کہ برطانیہ میں ایک تیرہ سالہ لڑکے اسماعیل محمد کی Covid-19 سے وفات ہو گئی ہے۔

آسٹریلیا

آسٹریلیا میں قریبا 40,000 ریٹائرڈ میڈیکل کارکنان کو واپس کام پر بلایا جا رہا ہے تا اس مشکل  وقت میں انتظامیہ کا ساتھ دے سکیں۔

دوسری طرف آسٹریلیا کی بندرگاہ پر ایک کروز شپ اب بھی موجود ہے جس کے مسافروں کو آسٹریلوی انتظامیہ کی طرف سےجہاز چھوڑنے کی اجازت نہیں مل رہی۔اور جہاز Atlanta کو کہا گیا ہے کہ وہ بندرگاہ چھوڑدے۔ انتظامیہ کو خدشہ ہے کہ جہاز پر کم وبیش 450؍افراد ایسے ہیں جن کو  Covid-19 بیماری لاحق ہے۔ (بی بی سی)

سعودی عرب

حج کے لئے ابھی بکنگ نہ کروائیں۔

سعودی عرب کے حج اور عمرہ کے وزیرنے تمام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حج کے لئے اپنی بکنگ کروانے میں جلدی نہ کریں اور انتظار کریں کہ صورتحال واضح ہو جائے۔ اس سے قبل سعودی عرب نے عمرہ بھی Covid-19 کے پیش نظر بند کر رکھا ہے۔ اور سعودی عرب میں مسجدوں میں نماز باجماعت پر بھی پابندی ہے۔ یاد رہے کہ ہر سال قریبا 25؍لاکھ مسلمان حج کے لیے سعودی عرب آتے ہیں۔ (الجزیرہ)

کیوبا

دنیا میں ہر روز Covid-19 کے مریضوں اور اس کے نتیجہ میں ہونے والی اموات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ کیوبا کی حکومت نے14ملکوں کے لیے593افراد پر مشتمل عملہ Covid-19 سے مقابلہ کے لیے ان ملکوں میں بھیجا ہے۔جن میں سے ایک ٹیم اٹلی بھی بھیجی گئی ہے۔ موجودہ دور میں جب بھی دنیا کو کسی طبی بحران کا سامنا ہوا ہے۔ کیوبا  ان ملکوں میں سرفہرست ہے جس نے دوسرے ملکوں میں اپنی امدادی طبی ٹیمیں بھیجیں۔ (الجزیرہ)

بھارت

بھارت میں کم و بیش 140،Covid-19 کے ایسے کیس ہیں جو بلا واسطہ یا بالواسطہ ، دہلی کے نظام الدین علاقہ میں ہونے والے ایک مذہبی اجتماع سے منسلک ہیں۔ انتظامیہ ایسے ہزاروں لوگوں کو ٹریک کررہی ہے جنہوں نے اس مذہبی اجتماع میں شرکت کی تھی۔

افریقہ

لاگوس میں بھی لاک ڈاؤن

نائجیریا کا شہر لاگوس آبادی کے لحاظ سے افریقہ کا سب سے بڑا شہر ہے اور اس کی آبادی لگ بھگ دو کروڑ ہے۔ انتظامیہ نے Covid-19 کو کنٹرول کرنے کے لیے لاگوس اور ابوجا میں دو ہفتے کا لاک ڈاؤن کر دیا ہے۔ (بی بی سی)

مشہور HIVسائنسدان کا انتقال

جنوبی افریقہ کی عالمی شہرت یافتہ  سائنسدان، گیتا رام جی، Covid-19 کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں سے انتقال کر گئیں۔ وہ کئی سالوں سے HIV کےعلاج کے لیے مؤثر دوائیوں پر تحقیق کر رہی تھیں۔  (بی بی سی)

تارکین وطن کے کیمپ میں پہلا کیس

یونان میں تارکین وطن کے کیمپ میں Covid-19 کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔ اس خاتون میں مرض کی تشخیص اس وقت ہوئی جب اس نے ایتھنز کے ایک ہسپتال میں ایک بچے کو جنم دیا۔یہ خاتون2,500  پناہ گزینوں کے ایک کیمپ میں رہ رہی تھی۔ انتظامیہ کا ماننا ہے کہ اس خاتون کو اس وائرس کا حملہ ہسپتال میں ہی ہوا ہے۔ (بی بی سی)

ورلڈ بینک

ورلڈ بنک کا کہنا ہے کہ Covid-19 کی عالمی وباء کے پیش نظر ،معاشی مشکلات کو ٹالنا ممکن نہیں۔ جبکہ ایشیا کے کئی ممالک سمیت دنیا بھر میں 2کروڑ40 لاکھ افراد غربت سے نجات حاصل نہیں کر پائیں گے۔ (بی بی سی، اردو)

کورونا کی وباء دوسری عالمی جنگ کے بعد سب سے بڑا امتحان

یونائٹیڈنیشن  کے سیکرٹری جنرل Antonio Guterresنے خبر دار کیا ہے کہ دنیا کو دوسری عالمی جنگ کے بعد اس وقتCovid-19 سے ایک بہت بڑے بحران کا سامنا ہے ،جو کہ موجودہ دور میں نہیں دیکھا گیا۔  (الجزیرہ)

سیرالیون

سیرالیون میں Covid-19 کا دوسرا مصدقہ کیس سامنے آنے پر حکومت نے اتوار تا منگل72گھنٹے کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

کھیل

ٹینس کا مشہور زمانہ Wimbledon ٹورنامنٹ اس سال نہیں ہو گا

Covid-19 کی بڑھتی ہوئی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر اس سال ہونے والی Wimbledon Tennisکی چیمپیئن شپ منسوخ کردی گئی ہے۔ (ESPN)

وہاب ریاض نے چیلنج قبول کرلیا

گذشتہ دنوں پاکستان کرکٹ کے ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے اپنے ساتھیوں کو ڈنڈ بیٹھکوں کا ایک چیلنج کیا تھا جسے ان کے ساتھیوں نے قبول کرتے ہوئے اپنی ویڈیوز بنا کر ٹویٹ کرنی شروع کی ہیں۔حال ہی میں فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے  اپنی ڈنڈ بیٹھکوں کی ویڈیو اپ لوڈ کی ہے اورشعیب ملک، محمد حفیظ اور شاداب خان کو چیلنج کیا ہے۔ (ڈان)

انگلینڈ کے Jos Buttler نے اپنی شرٹ نیلام کردی

انگلینڈ کے جوس بٹلر نے کرکٹ ورلڈ کپ فائنل کی فاتح شرٹ Covid-19 کے خلاف لڑائی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے نیلام کرنے کا ارادہ کیا ہے۔ یہ رقم اس بیماری سے مقابلہ کے لیے برطانیہ کے ہسپتالوں کو دی جائے گی۔ بٹلر نے فائنل میں انگلینڈ کی فتح میں اہم کردارادا کیا تھا۔ ان کی یہ شرٹ فاتح ٹیم کے تمام ممبران کے دستخطوں کے ساتھ ہے اور ebay پر نیلام ہوگی۔(ڈان اردو)

100؍ دن میں 50,000 وینٹی لیٹرز

آٹو کمپنیFord نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہCovid-19 کے مریضوں کے لیے 100؍دن میں پچاس ہزار وینٹی لیٹرز تیار کریں گے۔ کمپنی کے 500 ؍کارکنان نے اس کام کے لیے اپنے آپ کو رضاکارانہ طور پر پیش کیا ہے۔ (سی این این)

بھارت میں معمر جوڑا Covid-19 سے صحت یاب

بھارت کی کیرالا ریاست میں ایک معمر جوڑاCovid-19 سے صحت یاب ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ اس بیماری میں مبتلا ایک 93؍سالہ شخص اور ان کی 88؍سالہ اہلیہ دونوں کےٹیسٹ نیگیٹو آئے ہیں اور حکام کے مطابق انہیں چند دنوں میں ہسپتال سے گھر بھیج دیا جائے گا۔ (بی بی سی اردو)

تھائی لینڈ کے ہاتھی بھوک کا شکار

Covid-19 کی وجہ سے سیاحت میں کمی کے باعث تھائی لینڈ میں 1,000 سے زائد ہاتھیوں کو بھوک کا سامنا ہے۔ ہاتھی ایک دن میں 200 کلو تک غذا کھا سکتے ہیں۔

وڈیو میٹنگ میں آلو

آج کل کے حالات میں اکثر لوگوں کو گھروں سے کام کرنا پڑ رہا ہے۔ اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد لینا پڑ رہی ہے لیکن ہم میں سے ہر کوئی اس کام میں ماہر نہیں ہے۔ امریکہ میں آن لائن میٹنگ کے دوران ایک باس نے اپنی ویڈیو چیٹ پر ایک فلٹر لگایا، جس سے ان کا چہرہ آلو میں تبدیل ہو گیا۔ لیکن جب کافی کوششوں کے باوجود بھی وہ اس کو درست نہ کر سکیں تو  انہوں نے اسی حلیے میں میٹنگ جاری رکھی۔ (بی بی سی اردو)

ترکمانستان نے Coronavirus کے لفظ کے استعمال پر پابندی لگا دی

مشرقی ایشیاء کے اس ملک نے اپنے ملک میں کورونا وائرس کے لفظ پر پابندی لگا دی ہے ۔ سٹیٹ میڈیا بھی اب یہ لفظ استعمال نہیں کررہا اور اسے وزارت صحت کے معلوماتی اشتہاروں سے بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ جو لوگ ماسک پہنیں گے یا کورونا وائرس سے متعلق بات کریں گے انہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ (بی بی سی)

اپریل فول نہ منائیں ورنہ سزا کے لیے تیار رہیں۔

موجودہ حالات میں اکثر حکومتوں نے اپنے شہریوں سے درخواست کی ہے اور انہیں خبردار بھی کیا ہے کہ اس یکم اپریل کو اپریل فول نہ منائیں۔ انڈیا کی مہاراشٹرا سٹیٹ نے خبر دار کیا ہے کہ ایسا کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔

تھائی لینڈ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ Covid-19 سے متعلق غلط خبریں پھیلانے پر آپ کو پانچ سال تک جیل کی ہوا بھی کھانی پڑ سکتی ہے۔ (بی بی سی)

کورونا وائرس کی وبا اور جماعت احمدیہ امریکہ کی خدمتِ خلق اور مساعی

 دنیا کا ہر خطہ اس وقت ایک وبائی مرض کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے۔ ہر شخص فکر مند نظرآرہا ہے۔ جہاں تک ٹی وی اخبارات اور سوشل میڈیا پر خبروں کا بازار گرم ہے ۔ ہر شخص ورطۂ حیرت میں ہے کہ دنیا کیا سے کیا ہوجائے گی ۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی اس وبا سے نجات دے ۔ جو بیمار ہیں انہیں شفا دے اور ہر ایک کو آستانہ الہی پر جھکنے کی توفیق دے آمین

 اپنے ایک حالیہ پیغام میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خدمتِ خلق کی طرف بھی سب کو توجہ دلائی ہے۔ جماعت احمدیہ کے افراد تو ہر سطح پر روزانہ ہی خدمتِ خلق کے کاموں میں مصروف رہتے ہیں جبکہ جماعتی سطح پر ہفتہ وار احباب سے ان کی دینی،  روحانی اور علمی استعدادوں  کو تیز کرنے کی غرض سے میٹنگز اور اجلاسات کیے جا رہے ہیں۔

گزشتہ دو ہفتوں سے حکومت کی جانب سے میٹنگز اورا کٹھے ہونے پر پابندی لگا دی گئی ہے جس کی وجہ سے جماعت کے افراد نے خدا تعالیٰ کے فضل سے متبادل نظام ڈھونڈ لیا ہے اس کے لئے جماعت سے رابطہ کیا گیا ہے اور ان سے رپورٹس لی گئی ہیں جو خلاصۃً درج ہیں:

مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ

صدر مجلس خدام الاحمدیہ یو ایس اے نے بتایا کہ مجلس خدام الاحمدیہ بار بار سب خدام کو حضرت خلیفۃ المسیح کی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کر رہی ہے۔ اس وقت سب سے اہم ضرورت اس ملک میں خون کا عطیہ دینے کی ہے۔ اس وقت خدام الاحمدیہ ہیومینٹی فرسٹ اور ریڈ کراس آرگنائزیشن کے ساتھ کام کر رہی ہے اور امریکہ میں موجود جماعت کی مساجد میں جہاں جہاں ممکن ہے خون کا عطیہ دینے کا انتظام بھی کیا جارہا ہے۔  اسی طرح خدام الاحمدیہ کے خدمت خلق کے شعبہ کے تحت ہر جگہ ہمسائیگی میں معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ کس کس کو اشیائے خوردنی، فرسٹ ایڈ یا ضروریاتِ زندگی کی اشیاء درکار ہیں۔ اور اسے مہیا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔  اس وقت تک خدا تعالی کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ نے 600 فیملیز کو یہ اشیا خوردنی  مہیا کی ہیں ۔ الحمدللہ

 ٭مکرم صدر مجلس نے مزید بتایا کہ ہم اس وقت  اکٹھے ہوکر میٹنگز تو نہیں کر پا رہے لیکن سوال و جواب آن لائن کر رہے ہیں تاکہ مربیان کے ذریعہ خدام کے سوالوں کے جوابات دیے جا سکیں۔ اس پروگرام کا نام ہے ( Quran Supreme) یعنی قرآن کو مقدم اور اعلیٰ سمجھو۔ اسی طرح خدام کا شعبہ تعلیم بھی پوری طرح مستعدی سے کام کر رہا ہے جس کے ذریعہ خدام کے  ساتھ مختلف عناوین پر گفتگو ہو رہی ہے خصوصاً موجودہ حالات کے حوالہ سے۔

 ٭اسی طرح مہتمم صحتِ جسمانی صاحب  ورزش کی ویڈیو بنا کر گھروں میں بھجوا رہے ہیں تاکہ احباب جماعت گھر پر بھی ورزش کریں اور صحت مند رہیں۔

٭ اطفال  بھی یوٹیوب اور zoom کے ذریعہ باقاعدگی کے ساتھ کلاسوں میں شامل ہو رہے ہیں۔

 ٭ شعبہ تبلیغ بھی سوشل میڈیا کے ذریعہ اپنی کاوشوں میں مصروف ہے الحمد اللہ ۔علیٰ ذالک۔

بے پوائنٹ (Bay Point)

 یہ کیلیفورنیا اسٹیٹ کی ایک جماعت ہے۔ وہاں کی جماعت کے  صدر صاحب لکھتے ہیں کہ جماعت کی عاملہ کی دو میٹنگز آن لائن منعقد کی گئیں ۔اسی طرح لوکل مربی صاحب قرآن کریم کلاسز آن لائن لے رہے ہیں۔ قرآن کلاس میں قرآن کریم کا لفظی ترجمہ بھی پڑھایا جا رہا ہے۔ ہفتہ میں ایک بار ملفوظات  کا درس بھی آن لائن ہی دیا جا رہا ہے۔ جن لوگوں کو کورونا وائرس سے حفظ ما تقدم کی ہومیوپیتھک دوا درکار ہے ان سے فون پر رابطہ کرکے دوائی مہیا کرنے کا بھی انتظام کیا جارہا ہے۔ اسی طرح خوراک کے پیکٹ بنا کر تقسیم کیے جارہے ہیں۔ یوم مسیح موعود ؑبھی 29 مارچ کو آن لائن منایا گیا ۔ جس میں 45 فیملیز کے 120؍احباب نے شرکت کی۔

نیویارک  جماعت

مکرم محمود کوثر صاحب مربی سلسلہ نیویارک لکھتے ہیں کہ ہم ان حالات میں احباب  جماعت کے ساتھ باقاعدہ رابطہ میں ہیں ۔ چار جماعتوں میں سوموار تا جمعہ روزانہ درس دیا جارہا ہے۔ یہ سب کچھ آن لائن روزانہ کی بنیاد پر ہو رہا ہے۔اس کے علاوہ آن لائن زوم  (Zoom)کے ذریعہ تین جماعتیں طاہر اکیڈمی کلاس بھی کر رہی ہیں ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یومِ مسیح  موعودؑبھی منایا گیا جس میں 500 سے زائد افراد شامل ہوئے ۔ اسی طرح آن لائن پر تبلیغ بھی جاری ہے۔ الحمدللہ 

Pacific North Westریجن

مکرم اکرم اعظم صاحب مربی سلسلہ لکھتے ہیں کہ لاک ڈاؤن  کے باوجود احباب جماعت کے ساتھ رابطہ رکھا ہوا ہے ۔  آن لائن سٹریمنگ جاری ہے ۔ اسی طرح یوٹیوب کے ذریعے روزانہ درس دیا جا رہا ہے ۔جس پر صرف لوکل جماعت کے احباب درس سن سکتے ہیں اور سوال کر سکتے ہیں ۔ یوم مسیح موعود ؑبھی اسی طرح منایا گیا جو کہ دو گھنٹے کا پروگرام تھا ۔

ڈلس

مکرم ظہیر احمد باجوہ صاحب لکھتے ہیں کہ جماعت کے ساتھ رابطہ بذریعہ فون رکھا جارہا ہے ۔ انہیں حضرت اقدس مسیح موعود ؑ کے اقتباسات اردو اور انگریزی میں بھجوائے جا رہے ہیں ۔

آری لینڈو

 مکرم صدرصاحب جماعت آرلینڈو لکھتے ہیں کہ جماعت نے یہاں پر یومِ مسیح موعودؑ بذریعہ کانفرنس کال منایا ۔

ڈیٹرائیٹ

 مکرم سیکرٹری جنرل ڈیٹرائٹ جماعت ناصر بخاری صاحب نے رپورٹ دی ہے کہ مشی گن اسٹیٹ میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔ جماعت کے ہر فرد کے ساتھ ممکنہ رابطہ رکھا جا رہا ہے۔ ان کے لیے مکرم صدر جماعت مقبول احمد صاحب طاہر،  خاکسار اور سیکرٹری امورِ عامہ  نسیم خان صاحب کی سرپرستی میں ٹیمیں بنائی جارہی ہیں اور کھانے کے اسٹاک اور اس کی ضرورت کے وقت تقسیم کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے نیز مسجد میں فوڈ کا اسٹاک رکھا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ حلقہ جات میں بھی فوڈ کا اسٹاک رکھا گیا ہےتا بوقتِ ضرورت کام آسکے۔

اس کے علاوہ حضور انور کی ہدایات کے مطابق اس وقت تک 200 سے زائد فیملیز کو ہومیوپیتھک ادویات بھی بنا کر دی گئی ہیں۔ حلقہ جات میں بھی ادویات دینے کا انتظام کیا جا رہا ہے ۔ غیر از جماعت احباب کو بھی دوائی دی جا رہی ہے۔

روزانہ درس:  جماعت کے ساتھ روزانہ تعلق رکھنے اور ان کی علمی و روحانی تربیت کے لئے روزانہ شام ساڑھے آٹھ بجے سے نو بجے تک زوم کے ذریعہ خاکسار درس دے رہا ہے۔  خدا تعالیٰ کے فضل سے 65 سے زائد فیملیاں اس میں شامل ہورہی ہیں اور یہ  200 سے زائد احباب  کی تعداد بنتی ہے ۔الحمدللہ 

درس میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ملفوظات اور دیگر اخلاقی و روحانی واقعات پیش کئے جارہے ہیں خصوصاًسیرت المہدی سےاور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق فاضلہ سے اس کے علاوہ بچوں اور بچیوں کے ساتھ بھی روزانہ سوال وجواب ہورہا ہے۔  الحمدللہ (رپورٹ امریکہ:سید شمشاد احمد ناصر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی)

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

  1. ہر روز نئی اور مصدقہ اطلاعات پہنچانے کا شکریہ۔اس بلیٹن کو پڑھتے ہوئے ایک خاص بات کہ اپریل فول نہ منانے بلکہ بعض جگہ سزا کا بھی اعلان کیا گیا ہے، میں سوچ رہا تھا کہ کیسے اس وبا کے پھیلنے کے بعد اسلام کی تعلیمات کا روشن چہرہ نکھر کر سامنے آ رہا ہے۔آج کل دنیا میں وہی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جو اسلام نے کئی سو سال قبل ہمیں بتائے ہیں ۔ جب اسلام روحانی بیماری سے بچنے کے لئے پردہ کا حکم دیتا ہے تو دنیا نہیں مانتی مگر جب جسمانی بیماری نظر آتی ہے تو منہ ڈھانپے کے قوانین بنائے جاتے ہیں ۔
    اللہ ہمیں اپنی اصلاح کرنے اور دنیا کو بھی حقیقی خدا کو پہچاننے کی توفیق عطا فرمائے آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button