حالاتِ حاضرہ

Covid-19 بلیٹن (نمبر 12، 9؍اپریل 2020ء)

برطانوی وزیراعظم Boris Johnson کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ سے عام وارڈ میں منتقل کر دیا گیا

دنیا بھر میں Covid-19 کے مریضوں کی تعداد پندرہ لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے

ہلاکتیں 90,000 سے زائد

بھارت میں لاک ڈاؤن کو تیسرا ہفتہ

امریکہ میں بے روزگاری میں اضافہ

امریکہ اور برطانیہ اور اٹلی میں اموات کی شرح میں اضافہ جبکہ سپین میں اموات کی شرح میں کمی کا رجحان

  نیوزی لینڈ میں نئے کیسز میں کمی

دسمبر2019ء میں ظاہر ہونے والی یہ وباء اس وقت دنیا کے 200سے زائد مما لک اور علاقوں میں پھیل چکی ہے۔

Worldometers.info کی طرف سے  جاری کئےگئے اعداد و شمار  کے مطابق تمام دنیا میں اب تک کے کنفرمڈ کیسز کی تعداد 1,584,490؍ہےاور اس وباء کے نتیجہ میں وفات پانے والے94,705؍ جبکہ 348,468؍افراد Covid-19 میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہوچکے ہیں

ذیل میں بعض ممالک کی ایک مختصر فہرست دی جا رہی ہے جو کہ اس وائرس سے زیادہ متاثر ہیں۔

https://www.worldometers.info/coronavirus/

(ویب سائٹ پر نظر آنے والایہ چارٹ اوپر دئے گئے وقت اور دن  کے مطابق آپ کو تازہ ترین اعدادوشمار بتا رہا ہے۔)

چین

چین کی حکومت نے ان الزامات کو رد کیا ہے کہ اس نے  کورونا وائرس کی وبا کو چھپایا تھا۔ اور اس الزام کو غیرمنصفانہ قرار دیا ہے۔ حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ اس وبا کے بارے میں چین نے نہایت ذمہ دارانہ اور شفاف طور پر دنیا کو بروقت آگاہ کردیا تھا۔ (بی بی سی)

برطانیہ

برطانوی وزیراعظم Boris Johnson کو ہسپتال میں داخل ہوئے پانچواں روز ہے۔قائم مقام برطانوی وزیر اعظم Dominic Raab نے پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ Boris Johnson کی طبیعت میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ سے عام وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ (بی بی سی)

Dominic Raab نے پریس برفنگ میں بتایا ہے کی برطانیہ میں بدھ کے روزCovid-19 کے 881؍ مریضوں کی وفات ہوئی ہے اس طرح اب تک وفات یافتگان کی کل تعداد 7,978 تک پہنچ گئی ہے۔ (بی بی سی)

برطانیہ میں Covid-19 سے مزید 765؍افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ سکاٹ لینڈ میں 81؍اور ویلز میں 41؍ہلاکتیں ریکارڈ ہوئی ہیں۔ (بی بی سی)

ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ یورپ میں برطانیہ وہ ملک ہوگا جو Covid-19 سے سب سے زیادہ متأثر ہوگا۔ اوریہاں یورپ کی 40 فیصد اموات ہوسکتی ہیں۔ تحقیق کے مطابق اپنی انتہاء پر اس وائرس سے برطانیہ میں ایک دن میں 3,000 تک اموات ہوسکتی ہیں۔(گارڈین)

امریکہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ امریکہ میںCovid-19 سے خدشات کے برعکس کم اموات ہوں گی۔ (سی این این)

نیویارک سٹیٹ میں ایک دن میں سب سے زیادہ799؍اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ جب کہ ہسپتالوں میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ (الجزیرہ)

ایک تحقیق کے مطابق نیویارک میں ہونے والے بہت سے Covid-19 کے کیسز کی وجہ یورپ سے آنے والے مسافر تھے۔ مارچ کے مہینے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپ سے آنے والے مسافروں پر پابندی لگا دی تھی۔  (بی بی سی)

امریکہ کے جاسوسی ادارے نے بہت پہلے سے یہ معلومات اکٹھی کرکے وائٹ ہاؤس کو بھجوائی تھیں کہ چین کے ووہان علاقے میں ایک وبا بھیل رہی ہےاور3 جنوری کی صدارتی بریفنگ میں بھی یہ رپورٹس شامل تھیں۔امریکی صدرکا کہنا ہے کہ وہ اس وبا کی سنگینی سے اس وقت آگاہ ہوئے جب انہوں نے 2 فروری کو چین سے سفری پابندیاں عائد کیں۔ چین نے31؍دسمبر2019ء کو عالمی ادارۂ صحت کو اس وبا سے آگاہ کیا تھا۔ (سی این این)

USS Theodore Roosevelt کے علاوہ امریکہ کے دو اَور جنگی جہازوں USS Ronal Regan اور USS Nimitz کے عملے میں بھی کورونا وائرس کا انکشاف ہوا ہے۔ (سی این این)

گزشتہ تین ہفتوں کے دوران امریکہ میں مزید16ملین لوگوں نے بے روزگار ہونے کے claim جمع کروائے ہیں۔ (سی این این)

کینیڈا

کینیڈا کی ہیلتھ ایجنسی کے مطابق کینیڈا میں Covid-19 کے مریضوں کی تعداد 19,774ہوگئی ہے جبکہ461مریضوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ (الجزیرہ)

اٹلی

اٹلی میں Covid-19 سے مزید 601؍ افراد کی ہلاکت ہوئی ہے اورمجموعی تعداد 18,279ہوگئی ہے۔ (الجزیرہ)

اٹلی کے وزیراعظم Giuseppe Conte کا کہنا ہے کہ اگرماہرین نےاجازت دی تو وہ لاک ڈاؤن کے بعض انتظامات میں اپریل کے آخرمیں نرمی کرسکتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ الزام کہ روس نے اس موقعے پر اٹلی کو جو امداد دی ہے وہ مشروط تھی اٹلی اور روس دونوں کی بے عزتی کرنے کے مترادف ہے۔ (بی بی سی)

سپین

سپین میں Covid-19 سے ہونے والی ہلاکتوں میں 683 کا اضافہ ہوا ہے جواس سے پہلے روز ہونے والی ہلاکتوں سے کم ہے۔ (الجزیرہ)

سپین کے وزیراعظم Pedro Sanchez کا کہنا ہے کہ وہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے ایمرجنسی کو مئی کے مہینے تک بڑھا رہے ہیں۔ سپین میں Covid-19 کے152,000 سے زائد مریض ہیں۔ (سی این این)

ترکی

ترکی ایک ایسی ایپ متعارف کروا رہا ہے جس کے ذریعہ کورونا وائرس کے مریضوں اور ان لوگوں کو ٹریک کیا جاسکے گا جو ان سے رابطے میں تھے۔ اس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ گھروں پر اور دوسروں سے الگ رہیں۔ (الجزیرہ)

فن لینڈ

فن لینڈ کی حکومت نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے سکولوں، عجائب گھروں اور تھیٹروں پر لگائی گئی پابندیوں کو 13؍مئی تک بڑھا دیا ہے۔ (سی این این)

ہنگری

ہنگری کی حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے لاک ڈاؤن میں غیرمعینہ مدت تک توسیع کردی ہے۔ (الجزیرہ)

پاکستان

پاکستان نے کورونا وائرس کے وجہ سے متأثر ہونے والے لوگوں کے لئے Ehsaas Emergency Cash کا پروگرام شروع کیا ہے۔ جس کے تحت ایک کروڑ بارہ لاکھ کے قریب خاندانوں کو 12,000 روپے فی خاندان کے حساب سے دئے جائیں گے۔ اس پروگرام کے لئے حکومت نے قریبا ایک بلین امریکی ڈالر کے قریب رقم مختص کی ہے۔ (سی این این)

بھارت

بھارت کی سٹیٹ اڑیسہ نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے کئے گئے لاک ڈاؤن کی مدت کو 30؍اپریل تک بڑھا دیا ہے۔ (سی این این)

میانمار

میانمار کی حکومت نے کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر جیلوں میں قید 125سے زائد روہنگیا مسلمانوں کو جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں  رہا کردیا ہے۔  (بی بی سی)

آسٹریلیا

آسٹریلیا میں اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں کہ Ruby Princess نامی کروز شپ کے مسافر کس طرح جہاز سے ساحل پر اترے۔ آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے پھیلنے کی ایک بڑی وجہ اس جہاز کے مسافروں کو قراردیا جارہا ہے۔ اوراس بارے میں اقدام قتل کی تحقیقات ہورہی ہیں۔ پولیس نے جہاز کا بلیک باکس قبضہ میں لے لیا ہے۔ (ڈان)

نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ میں لاک ڈاؤن کا پندرہواں دن ہے اور بہتری ہو رہی ہے۔ نئے رجسٹرڈ ہونے والے کیسز کی تعداد صرف29رہی۔ (بی بی سی)

سعودی عرب اور یمن کی جنگ بندی

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارت اور ان کے اتحادیوں نے کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظریو این او کی درخواست پر یمن کے حوثی باغیوں ساتھ جنگ میں یک طرفہ طور پر دو ہفتے کے لئے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ (الجزیرہ)

پوری پارلیمنٹ قرنطینہ میں

ایک طبی کارکن جو کہ پارلیمنٹ کے لوگوں کی سکریننگ کررہی تھی کا Covid-19 کا ٹیسٹ مثبت آنے پر Botswana کے تمام پارلیمنٹیرین بشمول صدر کو قرنطینہ کردیا گیا ہے اوران کے ٹیسٹ ہورہے ہیں۔ (الجزیرہ)

Google اور apple کے نقشے

موجودہ صورتحال کے مدنظر Google اورApple کے نقشے اپنی ایپس پر سب سے پہلے لوگوں کو وہ جگہیں دکھائیں گےجو آج کل کے حالات میں زیادہ اہمیت اختیار کرگئی ہیں، جیسے ہسپتال وغیرہ، ٹیک اوے کھانوں کی جگہیں اور گروسری سٹورز وغیرہ۔ (Independent)

آٹے کی فروخت میں اضافہ

برطانیہ میں حالیہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بہت سے لوگ گھروں پر بریڈ بنا رہے ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹوں میں آٹے کی فروخت میں 90 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گوگل پربھی آٹے کی چیزوں کی ترکیب چیک کرنے میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ (بی بی سی)

Covid-19 موسمی  نہیں ہے

امریکہ میں سائنسدانوں کے ایک گروپ نے وائٹ ہاؤس کو ایک رپورٹ جمع کروائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نئے کورونا وائرس کے موسم کے ساتھ کم ہونے کے امکانات کم ہیں۔ مگر اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس نئے وائرس کے بارے میں ایسے کوئی شواہد نہیں ہیں کہ یہ ایک موسمی وبا ہے۔ (ڈان)

جعلی دوائیاں

عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ ترقی پذیر مملک میں کورونا وائرس کے علاج کے لئے بہت سی جعلی دوائیں افریقہ وغیرہ میں فروخت ہورہی ہیں۔ عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ ان دوائیوں کے سنگین منفی اثرات ہوسکتے ہیں۔ مختلف ممالک میں پولیس نے بہت سی ایسی جعلی دوائیاں کاروائی کرتے ہوئے قبضے میں لی ہیں اور درجنوں گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں ۔ ان جعلی دوائیوں کی قیمت کئی ملین ڈالر بتائی جارہی ہے۔ (بی بی سی)

Fujifilm نے دوا کے تجربات شروع کردئے

جاپان کی کمپنی Fujifilm نے ایک دوا Avigan کے نام سے متعارف کروائی ہے۔ اور ان کے مطابق یہ دوا فلو مخالف ہے اوروائرس کی بڑھوتری کے عمل کو روک دیتی ہے۔ دوسرے مرحلے میں کمپنی امریکہ کی ریاست Massachusetts  کے تین  ہسپتالوں میں 50 مریضوں پر آزمائی جائے گی۔ (الجزیرہ)

فٹبال

سپین کے فٹبال کلب ریال میڈرڈ کے کھلاڑیوں، کوچز اور ڈائریکٹرز نے اپنی تنخواہ میں دس سے بیس فیصد کمی کا فیصلہ  کیا ہے۔ اس کمی کا مقصد کلب کے باقی کارکنان کو موجودہ صورتحال میں سنگین پریشانی سے بچانا ہے۔ (بی بی سی)

ہانگ کانگ کے ایک ارب پتی شخص Adrian Cheng نے اعلان کیا ہے کہ وہ vending machines کے ذریعہ سے ضرورت مند لوگوں میں فیس ماسک تقسیم کریں گے۔ (سی این این)

کیا آپ نے کوئی بلی پالی ہوئی ہی؟

جانوروں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ نے کوئی بلی پالی ہوئی ہے اور آپ نے Covid-19 کی علامات کی وجہ سے تنہائی اختیار کی ہوئی ہے تو آپ اپنی بلیوں کو گھروں سے باہر نہ جانے دیں مبادا وہ اپنے بالوں کے ذریعہ اس وائرس کو اور لوگوں میں پھیلا دیں۔ ( سی این این)

ہینڈ سینیٹائزر

ہینڈ سینیٹائزر ہاتھوں پر موجود جراثیم کو مارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اور موجودہ حالات میں یہ ایک ضرورت بن گئے ہیں۔مضر صحت جراثیموں کے علاوہ جراثیموں کی ایک بڑی تعداد ہمارے لئے فائدہ مند بھی ہے۔ مگر کیا ان اچھے جراثیموں کے لئے ہم اپنی جان خطرے میں ڈال دیں؟ عام حالات میں تو اس بارہ میں ہر کوئی خود فیصلہ کرسکتا ہے لیکن آج کل کی صورتحال میں ضروری ہے کہ اپنے ہاتھ بار بار صاف کئے جائیں۔ ویسے تو سب سے بہترین ذریعہ ہاتھوں کی صفائی کا یہ ہے کہ انھیں پانی سے دھویا جائے لیکن ایسے سینیٹائزر جن میں 60 فیصد الکحل ہو، اس کے متبادل کے لئے استعمال کئے جا سکتے ہیں۔

جنگلی پھول

برطانیہ میں پودوں کے متعلق ایک فلاحی ادارے کا کہنا ہے کہ موجودہ لاک داؤن کی وجہ سے بعض شہروں کی انتظامیہ نے پارکوں اور دوسری جگہوں پر گھاس کاٹنے کا کام روک دیا ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے جنگلی پھولوں میں اضافہ ہو گا۔ فلاحی ادارے نے بارہا انتظامیہ سے یہ درخواست کی ہے کہ وہ گھاس کاٹنے میں دیری کیا کریں تاکہ پھولوں کے بیج بن سکیں۔ (بی بی سی)

آلودگی میں کمی نے ہمالیہ کے پہاڑون کا نظارہ کروا دیا

جنوبی بھارت کی صوبہ پنجاب کے لوگ ایک سو میل دور ہونے کے باوجود ہمالیہ کی برف پوش چوٹیوں کا نظارہ کر رہے ہیں۔ اور ایسا اس وجہ سے ہوا ہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے فضائی آلودگی میں انتہائی کمی ہوئی ہے۔ پنجاب کے لوگوں نے اپنے گھروں سے ہمالیہ کی چوٹیوں کی تصاویر اپ لوڈ کرنی شروع کی ہیں۔اورایسا واقعہ 30سال بعد دیکھنے میں آیا ہے۔ (سی این این)

(رپورٹ: عبد الہادی قریشی۔ سیرالیون)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button