افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ ساؤتومے کی چھٹی مسجد کا افتتاح

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل اور حضور انور کی دعا ؤںسے جماعت احمدیہ ساؤتومے کو ملک کے گاؤں سانتا کترینہ (Santa Catarina) میں اپنی مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔یہ جماعت احمدیہ کی چھٹی مسجد ہے۔ دوران تعمیر کچھ مشکلات بھی پیش آئیں لیکن اللہ تعالیٰ نے سارے مسائل حل کردیے۔ مسجد 7 میٹر چوڑی اور سات میٹر ہی لمبی ہے جس میں تقریباً ساٹھ افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔

سانتا کترینہ دارالحکومت ساؤتومےسے 45کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔ اس گاؤں میں جماعت احمدیہ کا قیام جون 2011ء میں مکرم انوار الحق صاحب سابق صدر جماعت احمدیہ ساؤتومے کے ذریعہ ہوا۔

جنوری 2020ء میں اس گاؤں میں مسجد کی تعمیر شروع کی گئی اور 8؍فروری 2020ء کو مسجد کا افتتاح ہوا۔ مسجد کے افتتاح کے لیے قریبی جماعتوں اور علاقے کے میئر کو بھی دعوت دی گئی۔ ضلع لیمبا (Lemba)کے میئر کے نمائندہ نے مسجد کے افتتاح میں شرکت کی۔ افتتاح کے لیے 10بجے صبح کا وقت مقرر ہوا۔ جس کے لیے صبح سے ہی لوگ اکٹھا ہونا شروع ہو گئے ۔ خاکسار(مبلغ انچارج ونیشنل صدر جماعت احمدیہ ساؤتومے) 9بجے سانتا کترینہ پہنچ گیا اور انتظامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ آنے والے احباب جماعت کو مل کر ان کے علاقے کے حالات دریافت کیے۔

پروگرام کا آغازتلاوت قرآن پاک سے ہواجس کے بعد خدام کے ایک گروپ نےنظم پیش کی۔ اس کےبعد میئر کے نمائندہ نے نہایت خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ انہیں اس مسجد کے افتتاح میں شامل ہو نے کی سعادت ملی۔ یہ خداتعالیٰ کا گھر ہے اس کو وقت دینا اور اس کی صفائی کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔
اس کے بعد مختلف جماعتوں سے آنے والے صدران اور دوسرے احباب جماعت نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔

آخر پر خاکسار کو احباب جماعت کو چند نصائح کرنے کی توفیق ملی۔

خاکسار نے احباب جماعت کو مسجد کو آباد کرنے، اس میں باقاعدگی سے باجماعت نماز ادا کرنے، تبلیغ کرنے اور حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی ادائیگی کی طرف توجہ دلائی۔

دعا کے بعد نمازظہر و عصر ادا کی گئیں۔ اس کے بعد ایک مختصر سوال وجواب کا پروگرام بھی منعقد ہوا جس میں غیر مسلم بھائیوں نے سوالات کیے جس کے تسلی بخش جوابات دیے گئے جس کے نتیجے میں 19؍افراد کو بیعت کر کے جماعت احمدیہ مسلمہ میں شامل ہونے کی توفیق حاصل ہوئی۔ الحمد للہ۔ خداتعالیٰ ان کو ثبات قدم عطا کرے۔ آمین
اس کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں 113؍احباب شامل ہوئے۔ خداتعالیٰ تمام شاملین کے ایمان و ایقان میں ترقی دیتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button