حالاتِ حاضرہ

Covid-19 بلیٹن (نمبر 20، 17؍اپریل 2020ء)

جرمنی میں انفیکشن کی شرح میں کمی

Antibodies ٹیسٹ کیا ہے؟ 

پاکستان میں نماز جمعہ کے اجتماعات

سعودی مفتیٔ اعظم کا فتوٰی

ووہان میں اموات کی تعدا میں دگنا اضافہ

کورونا وائرس کی ایک کامیاب دوا

مسجد اقصی بند رہے گی

سگریٹ نوشی کرنے والوں کو زیادہ خطرہ

روجر فیڈرر کا چیلنج

دسمبر2019ء میں ظاہر ہونے والی یہ وباء اس وقت دنیا کے 210 مما لک اور علاقوں میں پھیل چکی ہے۔

Worldometers.infoکی طرف سے  جاری کئےگئے اعداد و شمار  کے مطابق تمام دنیا میں اب تک کے کنفرمڈ کیسز کی تعداد 2,223,240۔؍ہےاور اس وباء کے نتیجہ میں وفات پانے والے152,328؍اور 567,279؍افراد Covid-19 میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہوچکے ہیں

ذیل میں بعض ممالک کی ایک مختصر فہرست دی جا رہی ہے جو کہ اس وائرس سے زیادہ متاثر ہیں۔

(www.worldometers.info)

(ویب سائٹ پر نظر آنے والایہ چارٹ اوپر دئے گئے وقت اور دن  کے مطابق آپ کو تازہ ترین اعدادوشمار بتا رہا ہے۔)

Antibodies ٹیسٹ

آج کل دنیا کی سب سے بڑی پریشانی یہ ہے کہ کب کورونا وائرس کی وباءختم ہوگی؟ کب سماجی دوری کے احکامات اٹھائے جائیں گے؟ اور کب ہم آزادی سے اپنے گھروں سے بغیر کسی خوف کے نکل سکیں گے؟ کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ اس سب کا حل Antibodies ٹیسٹ میں ہے۔

یہ ٹیسٹ کیا ہے؟

اسے  Serology ٹیسٹ بھی کہا جاتا ہے اور اس کا مقصد خون کے نمونے کے ذریعے مدافعی نظام میں پروٹین چیک کرنا ہوتا ہے جنہیں  اینٹی باڈیز کہا جاتا ہے۔ ان کی موجودگی کا مطلب ہوتا ہے کہ اس شخص کو اس وائرس کا حملہ ہوا تھا اور اس کے دفاعی نظام نے اس کی اینٹی باڈیز  بنا لیں تھیں  اور اس طرح یہ شخص اس وائرس سے کسی حد تک محفوظ ہے۔ لیکن اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ مدافعت کب تک قائم رہ سکتی ہے۔  (سی این این)

چین

چین نے جمعہ کے روز ووہان میں Covid-19 سے ہونے والی کُل اموات کے نئے اعداد و شمار دیے ہیں اور 1,290 کا اضافہ کیا ہے، اور یوں کل تعداد اس صوبہ میں Covid-19سے جاں بحق ہونے والوں کی 3,869ہوگئی ہے۔  چین کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ رپورٹس کو اپ ڈیٹ کرنے سے اور ان اموات کو بھی گنتی میں شامل کرنے سے ہوا ہے جو ہسپتالوں کے علاوہ ہیں۔  (بی بی سی)

امریکہ

امریکہ میں Covid-19 سے جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 33,318 ہوگئی ہے۔ جبکہ مصدقہ کیسز کی کل تعداد 672,246 ہے۔ (سی این این)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے  سٹیٹ گورنرز کو ہدایات دی ہیں کہ کس طرح تین ادوار میں  اکانومی کو بحال کیا جائے۔ (سی این این)

یورپ

برطانیہ

برطانیہ میں ہسپتالوں میں Covid-19 سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 14,576 ہوگئی ہے۔ (بی بی سی)

https://twitter.com/DHSCgovuk/status/1251134956555907072?s=20

Oxfordکے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ وہ  ویکسین کے ٹرائل کر رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ ستمبر تک ویکسین کی ایک ملین خوراکیں تیار کرلیں گے۔ (بی بی سی)

لندن کے میئر صادق خان نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ دوران سفر شہروں میں فیس ماسک پہننا لازم قرار دیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ شواہد یہ بتاتے ہیں کہ اس کا پہننا فائدہ مند ہے۔ (بی بی سی)

اٹلی

اٹلی میں Covid-19 سے مزید 575؍افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور کل تعداد 22,745 ہوگئی ہے۔ جبکہ کُل کیسز کی تعداد 172,434ہے۔ (الجزیرہ)

جرمنی

جرمنی کے Robert Koch Institute کے مطابق  ایک شخص سے دوسرے شخص کو وائرس لگنے کی شرح کم ہوکر 0.7 ہوگئی ہے۔ یعنی ایک شخص سے ایک سے بھی کم کو مزید انفیکشن ہورہا ہے۔ جرمنی تدریجاً حالات کو معمول پر لانے کی کوششیں کررہا ہے۔ (ڈان)

بیلجیئم

بیلجیئم میں مزید  313؍افراد Covid-19 سے جاں بحق ہوئے ہیں اور کل تعداد پانچ ہزار سے تجاوز  کرکے 5,163ہوگئی ہے۔  آدھی سے زیادہ اموات  کیئر ہومز میں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ (بی بی سی)

روس

روس میں Covid-19 کے مصدقہ کیسز میں ایک روز میں سب سے زیادہ 4,070کا اضافہ ہوا ہے۔  (بی بی سی)

ایشیا

سعودی عرب

سعودی عرب کے مفتیٔ اعظم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے کہا ہے کہ رمضان کی عبادات گھر پر ادا کی جائیں۔  اور اگر کورونا وائرس کی وباء جاری رہتی ہے تو عید الفطر کی نماز بھی گھر پر ادا کی جائے۔ (الجزیرہ)

سعودی عرب

سعودی فرمانروا نے نجی سیکٹر کے لئے 50بلین ڈالر کا ایک پیکج منظور کیا ہے۔ (گلف نیوز)

پاکستان

پاکستان میں نماز جمعہ کے اجتماعات

حکومت پاکستان نے کڑی شرائط  اور محدود نمازیوں کے ساتھ مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات کی اجازت دی ہے۔ جہاں اکثر مقامات پر ان ہدایات کی پیروی کی گئی وہیں بعض مساجد نے حکومت کی ہدایات پر بالکل عمل نہیں کیا۔ (ڈان)

https://twitter.com/AsadHashim/status/1251066999855169536?s=20

پاکستان میں  Covid-19 کے کنفرم کیسز کی تعداد سات ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ جبکہ اب تک اس مرض سے 137؍مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔(ڈان)

بھارت

بھارت میں Covid-19 سے  قریباً 1,600مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔  دہلی میں Covid-19 کے ان صحت یاب مریضوں کے پلازما سے، جو کہ اینٹی باڈیز سے بھرپور ہیں،  پلازما  تھیراپی کے محدود ٹرائل ہوں گے۔ بھارت میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 13,000 کے قریب ہے اور 437؍افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ (بی بی سی)

بھارت کے ایک  مسلمان مذہبی گروہ کے سربراہ پر پولیس نے مجرمانہ قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔ اس گروہ کے ایک مذہبی اجتماع کی وجہ سے انڈیا بھر میں 17 صوبوں کے 1,023؍افراد کورونا وائرس سے متأثر ہوئے ہیں۔ (بی بی سی)

ایران

ایران نے اپنے نیشنل آرمی دن کی پریڈ پر روایتی ہتھیاروں کی پریڈ کے بجائے طبی سہولیات کی پریڈ کی ہے جن میں جراثیم کش گاڑیاں، گشتی ہسپتال اور دیگر طبی آلات کی نمائش کی گئی۔ اس پریڈ کا نام وطن کے محافظ ، صحت کے مددگار رکھا گیا ہے۔(ڈان)

جاپان

جاپان کے وزیراعظم Shinzo Abenنے اعلان  کیا ہے کہ موجودہ معاشی حالات کے پیش نظر ہر شہری کو 100,000جاپانی ین(930$) کی رقم دی جائے گی۔ (ڈان)

https://twitter.com/AFP/status/1251097390792261633?s=20

نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ میں Covid-19سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 11ہوگئی ہے۔ ان میں سے سات اموات صرف ایک ہی کیئر ہوم میں ہوئی ہیں۔  نئے مصدقہ کیسز کی تعداد صرف 8 ہے۔ (بی بی سی)

آسٹریلیا

آسٹریلیا کے ساحل پر لنگر انداز، کورونا وائرس سے شدید متأثر، کروز شپ Ruby Princessاس ویک اینڈ پر ساحل چھوڑ دے گی۔ (بی بی سی)

Papua New Guinea

نیوگنی کے وزیراعظم  James Marape کا Covid-19 کا ٹیسٹ ہوا ہے۔ اور وہ خودساختہ تنہائی میں چلے گئے ہیں۔ یہ اقدام اس لئے کیے گئے ہیں کہ وزیر اعظم نے ایک ایسی جگہ کا وزٹ کیا تھا جس کے ایک سٹاف ممبر کا  Covid-19کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ (الجزیرہ)

Ecuador

Ecuador میں  Covid-19سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد سرکاری ذرائع کے مطابق 403ہے۔ لیکن ایک صوبہ Guayasمیں اپریل کے پہلے دو ہفتوں میں 6,700 لوگوں کی وفات ہوئی ہے جو کہ معمول کی ایک ہزار اموات سے بہت زیادہ ہے۔ خدشہ ہے کہ Covid-19سے ہزاروں اموات ہوئی ہیں۔ (بی بی سی)

اقصی مسجد بند رہے گی

یروشلم کی اقصی مسجد کی انتظامیہ کا کہنا ہے کے رمضان کے مقدس مہینے میں مسجد الاقصی نمازیوں کے لئے بند رہے گی۔ (گلف نیوز)

سگریٹ نوشی کرنے والوں کو زیادہ خطرہ ہے

ترکی کے انسداد منشیات کے ایک گروپ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ سگریٹ نوشی کرنے والوں کے لئے Covid-19سے انفیکٹ ہونے کا عام لوگوں کی نسبت14 گنا زیادہ خطرہ ہے۔ (الجزیرہ)

مسلمان جوڑے کی خدمات

سکاٹ لینڈ کی ایک دکان کے مالکان مسلمان جوڑے نے 3,000ماسک مفت تقسیم کئے ہیں اور 1,000سے زائد فوڈ پارسل ضرورت مند لوگوں میں تقسیم کئے ہیں۔ (الجزیرہ)

دن چار بجے

ہم نے کبھی سوچا بھی  نہیں تھا کہ  دنیا کی مشہور و معروف جگہیں جو ہر وقت لوگوں  سے بھری رہتی تھیں ، اتنی ویران ہوں گی ۔اس وڈیو میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ایک ہی دن میں شام کے چار بجے دنیا کے مختلف  یادگار مقامات کس حال میں تھے۔ یقیناً، کورونا وائرس نے بہت کچھ بدل دیا ہے۔

https://twitter.com/AFP/status/1251067574227546112?s=20

کرکٹ

آسٹریلین کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر وہ اپنے سٹاف میں سے بعض کو فارغ کر رہے ہیں اور دیگر کی تنخواہ میں کمی کی جارہی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو Kevin Roberts کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کے T20 ورلڈ کپ اپنے وقت پر ہوگا۔ اور ہو سکتا ہے کہ  خالی stadiums میں بغیر شائقین کے کرایا جائے۔  (Yahoo Sports)

https://twitter.com/AFP_Sport/status/1251022830126456834?s=20

Tom Mooreکتنا چندہ اکٹھا کر لیں گے؟

کل تک 100چکر مکمل کرنے پر کیپٹن ٹام مورنےNHSکے لئے15ملین پاؤنڈز اکٹھے کئے تھے جو آج 17ملین پاؤنڈ ہوگئے ہیں۔ وہ ٹوٹل کتنا چندہ اکٹھا کرلیں گے؟ یہ اللہ بہتر جانتا ہے۔۔۔

 پرنس ولیم نے بھی ان کے اس کام کو سراہا ہے۔  (بی بی سی)

https://twitter.com/BBCBreakfast/status/1251029611942739968?s=20

روجر فیڈرر کا ٹینس چیلنج

آپ کھیلنا پسند کرتے ہیں؟ لاک ڈاؤن کی وجہ سے  کھیل نہیں سکتے؟ مگر اکیلے پریکٹس کرنے میں کوئی ہرج نہیں ہے۔ ایسا مشورہ 20بار کے گرینڈ سلیم چیمپئن روجر فیڈرر نے دیا ہے۔ ایک وڈیو میں وہ ریکٹ اور بال کی مدد سے اکیلے دیوار کے ذریعے پریکٹس کر رہے ہیں۔  ان کا کہنا ہے کہ آپ اپنے hat کا انتخاب عقلمندی سے کریں۔ بہت سے لوگوں نے ان کا یہ چیلنج قبول بھی کیا ہے جو ہم آپ کے ساتھ شیئر کرتے رہیں گے۔

https://twitter.com/rogerfederer/status/1247511322067185665?s=20

وینس کی دو تصاویر

یورپ کی سپیس ایجنسی نے وینس شہر کی دو تصاویر شائع کی ہیں جن میں سے ایک اس سال 13؍اپریل کی ہے اور ایک گذشتہ سال کے19؍اپریل کی ہے۔ جس میں یہ فرق واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح وینس کی نہروں میں کشتیوں کی نقل و حرکت  میں فرق ہے۔

https://twitter.com/9NewsMelb/status/1250992438962909185?s=20

کامیاب دوا؟

Covid-19کی تجرباتی دوا Remdisivirنے شکاگو میں ہونے والے طبی ٹرائلز میں مثبت نتائج دئیے ہیں۔ مریض بخار اور سانس کی دشواریوں سے جلد صحت یاب ہوئے۔ اور قریباً تمام مریض ایک ہفتہ سے بھی کم وقت میں ہسپتال سے فارغ کردئے گئے۔  اس خبر کے بعد اس دوا بنانے والی کمپنی کے شیئر میں 14 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ (FoxNews)

مساعی انسداد کرونا وائرس۔ جماعت احمدیہ برکینا فاسو

مرا مطلوب و مقصود و تمنا خدمت خلق است

مغربی افریقہ کے ملک برکینا فاسو میں اس وباء سے متاثر افراد کی تعداد 500سے زائد ہو گئی ہے اورملک کا دار الحکومت اس وقت ریڈ زون ہے جہاں متاثرین کی اکثریت ہے۔ اس کرونا وائرس یا COVID-19 کی وبائی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اور اس کے انسداد اور تدارک کے لیے جماعت احمدیہ برکینا فاسو بھی حتی الوسع  کوششیں کر رہی ہے۔ حکومتی سطح پر بھی اور جماعتی سطح پربھی مختلف آگاہی مہم چلانے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور احتیاط علاج سے بہتر ہے کے اصول کو ہی اپنایا گیا ہے۔ کیونکہ احتیاط تو عوام کے ہاتھ میں ہے لیکن علاج اس ملک میں ناپید ہے ۔

اس کے علاوہ ایک اور مسئلہ جو کہ سنگین حد تک  بڑھ چکا ہے وہ اس ملک میں اس وباء سے نمٹنے کے لیے بنیادی ضروری احتیاطی سامان مثلاً فیس ماسک اور ہینڈ سینیٹائزرز کا نہ صرف ناپید ہو جانا ہے بلکہ اگر میسر بھی ہوں تو ان کے نرخ آسمانوں سے باتیں کر رہے ہیں۔ ایسے میں اپنے محدود وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے جماعت اگر کثیر التعداد لوگوں کی خدمت کرنا بھی چاہے تو ناممکن سی بات بن جاتی ہے۔ اس صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اور خدمت خلق کے کام کو جاری رکھتے ہوئے جماعت میں موجود خدمت خلق کے ادارہ ہیومینٹی فرسٹ نے ایک پروگرام تشکیل دیا کہ ہم لوگوں میں آگاہی مہم چلانے کے ساتھ ساتھ ریڈ زون علاقہ میں غریب عوام میں مفت فیس ماسک اور ہینڈ سینیٹائزرز تقسیم کریں گے اور اس نرخ بازاری سے بچنے کے لیے یہ تجویز سوچی گئی کہ ہم یہ دونوں چیزیں بھی خود تیار کریں گے تا کہ اپنے وسائل میں رہ کر زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچا سکیں ۔

فیس ماسک کی تیاری کے لیے ہیومینٹی فرسٹ کے اپنے سلائی سنٹرز میں ہی رضاکار کارکنات نے کٹائی اور سلائی کر کے خاص فیس ماسک بنائے جو کہ دھلائی کرکے اور جراثیم سے پاک کر کے دوبارہ استعمال میں لائے جا سکتے ہیں اور اسی طرح  ہینڈ سینیٹائزرز کی تیاری بھی ہیومینٹی فرسٹ کے دفتر میں ڈاکٹروں اور ماہرین کی ٹیم نے مل کرکی اور اس کو مختلف چھوٹی بڑی بوتلوں میں بند کر کے تقسیم کے لیے دونوں چیزیں تیار کی گئیں ۔

جماعت احمدیہ برکینا فاسو کا سنٹرل مشن بھی اسی ریڈ زون میں واقع ہے اس لیے اس تقسیم کے کام کے لیے  14 ؍اپریل کو یہاں پر ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ساٹھ سے زائد خدام  نے مکمل حفاظتی لباس پہن کر اس پروگرام میں شمولیت کی اور ہدایات اور سامان لے کر سارا دن اس متاثرہ علاقہ کے لوگوں کو آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ یہ سامان بھی تقسیم کرتے رہے ۔ اس تقریب کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں چئیر مین ہیومنٹی فرسٹ برکینا فاسو مکرم محمود جیالو صاحب ،مکرم و محترم امیر صاحب ومشنری انچارج برکینا فاسو محمود ناصر ثاقب صاحب ،صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو اور ان کی نیشنل عاملہ متاثرہ ریجن کی مجلس عاملہ اور خدام کے علاوہ  arrondissement 4 کے مئیر اور علاقہ کے چیف chef Toukin  بھی شامل ہوئے اور اس تقسیم میں خدام کے ساتھ ساتھ رہے اور لوگوں کو اشیاء تقسیم کرنے اور ان کو آگاہی دلانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور بڑے بڑے لاوڈ سپیکرز پر معلومات دینے کے لیے اعلانات کرتے رہے اور رک رک کر لوگوں کو خود اپنے ہاتھ ٹھیک طریق سے  دھو کر عملی طور پر آگاہ کرتے رہے بلکہ چیف نے تو ڈسٹرکٹ کےمقامی لڑکوں کو بھی خدام کی مدد کے لیے ساتھ لگا دیا۔ اسی طرح علاقہ کے داخلی اور خارجی راستوں پر مختلف جگہوں پر ہینڈ واشنگ سٹیشن بھی بنائے گئے تھے جہاں آنے والے لوگوں کو خدام ہاتھ دھونے کا درست طریق سکھاتے اور یہ اشیاء تقسیم کرتے اور ساتھ ساتھ ان کو احتیاطی تدابیر بھی بتاتے۔

اس طرح دن کے اختتام تک پانچ ہینڈ واشنگ سٹیشنز پر 200 لیٹر پانی 500 بوتل ہینڈسینیٹائزر60 لیٹر لیکوئیڈ صابن ،1200فیس ماسک  لوگوں میں مفت تقسیم کیے گئے ۔

تقسیم کے دوران arrondissement 4کے مئیر اور علاقہ کے چیف chef Toukin  نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت احمدیہ اور ہیومینٹی فرسٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس وقت ہمیں ان چیزوں کے ساتھ ساتھ لوگوں میں آگاہی اور شعور پیدا کرنے کی بہت ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے ہم امید کرتے ہیں کہ ہمیں جماعت سے مزید تعاون ملتا رہے گا ۔

یہ آگاہی سیمینار اور بعد ازاں پروگرام کامیابی سے سر انجام پایا اورخدام کی ٹیمیں صبح آٹھ بجے سے شام چار بجے تک مصروف عمل رہیں ۔اللہ کرے کہ اس مرض سے تمام دنیا کی جلد از جلد جان چھوٹ جائے اور لوگوں کو صحت و تندرستی میسر آئے آمین ۔ (رہورٹ: محمد اظہار احمد راجہ۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل برکینا فاسو)

(رپورٹ: عبد الہادی قریشی۔ سیرا لیون)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button