پیغام حضور انور

جلسہ سالانہ گھانا کے موقع پر حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام (اردو مفہوم)

عزیز ممبران جماعت احمدیہ مسلمہ گھانا

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و بر کاتہ

مجھے خوشی ہے کہ آپ اپنا اٹھاسیواں (۸۸) جلسہ سالانہ 4،3اور 5؍ جنوری 2020ء کو منعقد کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسے کو اعلیٰ کامیابی سے نوازے اور تمام شاملین جلسہ اس سے بے انتہا روحانی فیض حاصل کرنے والے اور نیکی و تقویٰ میں ترقی کرنے والے ہوں۔

اس موقعے پر میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ سے قریبی تعلق پیدا کریں۔ حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰة والسلام نے فرمایا ہے کہ زندگی کا اصل مقصد اپنے دلوں کی کھڑکیوں کو اپنے خالق کے لیے کھولنے میں ہی ہے۔ آپ علیہ الصلوٰة والسلام فرماتے ہیں:اے لوگو! تم اپنے سچے خداوند خدا اپنے حقیقی خالق اپنے واقعی معبود کی شناخت اور محبت اور اطاعت کے لیے پیدا کیے گئے ہو۔ ( بحوالہ مرزا غلام احمد قادیانی ؑ اپنی تحریروں کی رو سے ص90)

وہ شخص جس نے اپنے دل میں حقیقی رنگ میں خداکی محبت پیدا کرلی ہو اور اُسے پختہ یقین ہو کہ اگر اس نے اپنی زندگی اللہ تعالیٰ کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے گزاری اور اس کی حدود کو قائم رکھا تو پھر وہ خدا کی برکات سمیٹنے والا بن جائے گا۔ اس کا اس امر پرپختہ ایمان ہو جائےگا کہ اگر وہ اللہ کی کامل اطاعت کرے گا اور تقویٰ کی راہوں پر قدم مارتے ہوئے اللہ اور اس کی مخلوق کے حقوق ادا کرے گا تو اللہ تعالیٰ ضرور اس سے راضی ہو جائے گا۔آپ کو ہمیشہ ان عظیم مقاصد کو ذہن نشین رکھنا چاہیے جن کی وجہ سے حضرت مسیح موعودعلیہ الصلوٰة والسلام نے اس جماعت کی بنیاد رکھی اور ہمیشہ کوشش کرنی چاہیے کہ جن شرائط کے ماتحت آپ نے ان کی بات کی ہے ان کو پورا کرنے والے ہوں۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰة والسلام فرماتے ہیں:یہ سلسلہ بیعت محض بمراد فراہمی طائفہ متقین یعنی تقویٰ شعار لوگوں کی جماعت کے جمع کرنے کے لیے ہے تا ایسے متقیوں کا ایک بھاری گروہ دنیا پر ایک نیک اثر ڈالے۔ اور ان کا اتفاق اسلام کے لیے برکت و عظمت و نتائج خیر کا موجب ہو اور وہ برکت کلمہ واحدہ پر متفق ہونے کے اسلام کی پاک و مقدس خدمات میں جلد کام آسکیں ۔

(مجموعہ اشتہارات جلد اوّل ایڈیشن 1989ص 196)

ایک اَور ضروری امر جس کی طرف میں آپ کی توجہ دلانا چاہتا ہو ں وہ تبلیغی سرگرمیوں کو تیز کرنا ہے۔ گھانا میں تبلیغ کا میدان کھلا ہے اور بہت سے مواقع تبلیغ کے لیے وہاں موجود ہیں۔ گھانا کے لوگ جماعت میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں۔ پس یہ آپ کے لیے ضروری ہے کہ آپ اسلام احمدیت کا پیغام ملک کے دور دراز علاقوں تک پہنچائیں۔

میں آپ کو نظام خلافت احمدیہ کی اہمیت کی طرف بھی توجہ دلانا چاہتا ہوں اور آپ کو خلیفة المسیح سے تعلق کو مضبوط کرنے اور اطاعت کرنے کی ضرورت کی طرف بھی توجہ دلاتا ہوں۔ آج اسلام کا احیائے نو اور دنیا میں امن کا قیام نظام خلافت سے منسلک رہ کر ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ پس ہمیشہ اس عظیم نظام کا پاس رکھنے والے ہوں اور اس بات کی یقین دہانی کرلیں کہ آپ اور آپ کی آئندہ نسلیں ہمیشہ اس کے سائے تلے ہوں اور اسی کی بابرکت رہ نمائی اور حفاظت کے حصارمیں رہیں۔ہمیشہ آپس میں محبت و بھائی چارے کا ماحول قائم کرنے کی جستجو کریں اور مثالی احمدی بنیں۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں:وہ جو اس سلسلہ میں داخل ہو کر میرے ساتھ تعلق ارادت اور مریدی کا رکھتے ہیں اس سے غرض یہ ہے کہ تا وہ نیک چلنی اور نیک بختی اور تقویٰ کے اعلیٰ درجہ تک پہنچ جائیں اور کوئی فساد اور شرارت اور بد چلنی ان کے نزدیک نہ آسکے۔ وہ پنجوقت نماز با جماعت کے پابند ہوں۔ وہ جھوٹ نہ بولیں۔ وہ کسی کو زبان سے ایذانہ دیں۔ وہ کسی قسم کی بدکاری کے مرتکب نہ ہوں اور کسی شرارت اور ظلم اور فساد اور فتنہ کا خیال بھی دل میں نہ لاویں۔ غرض ہر ایک قسم کے معاصی اور جرائم اور ناکردنی اور ناگفتنی اور تمام نفسانی جذبات اور بیجا حرکات سے مجتنب رہیں اور خدا تعالیٰ کے پاک دل اور بے شر اور غریب مزاج بندے ہو جائیں اور کوئی زہریلا خمیر ان کے وجود میں نہ رہے۔

(مجموعہ اشتہارات جلد 3 صفحہ 46تا47)

اللہ کرے کہ آپ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے بابرکت الفاظ کا پاس رکھنے والے ہوں اور آپ کے جلسے کو اللہ تعالیٰ اعلیٰ کامیابی سے نوازے اور اپنی بیعتوں کا حق ادا کرنے والا بنائے۔آمین

والسلام۔ خاکسار

(دستخط) مرزا مسرور احمد

خلیفة المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button