افریقہ (رپورٹس)

عطیہ برائے کورونا وائرس ریپبلک آف سنٹرل افریقہ

موجودہ عالمی صورت حال میں جہاں کووڈ 19کی بیماری اپنے عروج پر ہے اور طاقتور قومیں اپنی بقا کی خاطر کمزور اقوام کے استحصال سے بھی باز نہیں آرہیں وہیں خدا تعالیٰ کے مہدی اور مسیح موعودؑ کی جماعت ہے جو خدا کے قائم کردہ پیارے امام کے زیرِ سایہ دکھی انسانیت کی خدمت میں دن اور رات ایک کیے ہوئے ہے۔

انہی تاریک دنوں میں گِھرا ایک ملک سنٹرل افریقہ بھی ہے جہاں ایک طرف غربت کا عفریت منہ کھولے بیٹھا ہے اور دوسری طرف کورونا کی بڑھتی وبا ہے جس سے ملک بھر میں 2064؍افراد متاثر ہو چکے ہیں اور 7؍اموات واقع ہو چکی ہیں۔

اس صورت حال کے پیشِ نظر نیشنل مجلس عاملہ نے سنٹرل افریقہ کی حکومت کو 1000ڈالر بطور امداد کے دیے۔الحمد للہ علیٰ ذالک

مورخہ 15؍جون 2020ء سنٹرل افریقہ میں تعینات مشنری مکرم امین بلوچ صاحب ،نیشنل صدر جماعت، جنرل سیکرٹری صاحب،امام مالک صاحب اور مکرم علی گونیسا صاحب ایڈوائزر ڈپلومیٹ برائے صدر مملکت سنٹرل افریقہ نے شام 5بجے وزیر ِمملکت برائے امورِ صحت سے ملاقات کی اور جماعتی تعارف اور جماعت کی دنیا بھر میں انسانی خدمات کا ذکر کرنے کے بعد 1000ڈالر جو 600،000فرانک سیفا بنتا ہے چیک کی صورت میں پیش کیا۔ ملکی میڈیا اورمختلف اخبارات اور ریڈیوکے نمائندگان نے اس تمام کارروائی کو نوٹ کیا اور نشر کیا۔

مکرم علی گونیسا صاحب مشیرِ صدر مملکت برائے ڈپلومیٹک امور جو اس میٹنگ میں شامل تھے نے صدر مملکت سنٹرل افریقہ کو اس تمام کارروائی کے بارے میں بتایا تو صدر مملکت نے جماعت اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

(رپورٹ: منتظر احمد نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بینن)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button