افریقہ (رپورٹس)

آسن زون، گھانا کا پہلا زونل جلسہ

جلسہ کا انعقاد جماعت احمدیہ کی جمعیت کو قائم کرنے کا بہت بڑا ذریعہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جماعتوں میں لوکل،زونل اور قومی سطح پر جلسے منعقد کیے جاتے ہیں۔ ان جلسون کا مقصد جماعتوں میں اجتماعیت کی روح پھونکنا اور بھائی چارےکو پروان چڑھانا ہے۔ جماعتی انتظام میں سہولت کے لیے جماعت احمدیہ گھانا نے گزشتہ سال ایک نیا زون متعارف کروایا۔ جس کا نامASSIN ZONE ہے۔ یہ زون سینٹرل ریجن میں قائم ہے۔ اور 25 جماعتوں پر مشتمل ہے۔ مورخہ 27؍نومبر 2019ء کو اس نوزائیدہ زون کو اپنا پہلا زونل جلسہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ ایک روزہ جلسہASSIN BREKU میں ہوا۔ مکرم الحاج وہاب عیسیٰ صاحب نائب امیر دوم گھانا نے اس کی صدارت کی۔

جلسہ کا آغاز 10 بجے صبح ہوا۔ تلاوت قرآنِ شریف کے بعد قصیدہ ’’یا عین فیض اللّٰہ والعرفان‘‘ کے چند اشعار خوش الحانی سے پڑھ کر سنائے گئے۔ جلسہ کا عنوان ’’اسلام احمدیت کی فتح اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ رکھا گیا تھا۔ زونل مبلغ مکرم حافظ عبد الناصر بھٹی صاحب نے جلسہ کی اہمیت کے عنوان پر تقریر کی اور حضرت مسیحِ موعود علیہ السلام کے اقتباسات کی روشنی میں آپ کی بعثت کے مقصد کو کھول کر بیان کیا اور احبابِ جماعت کو حضور کی توقعات کے مطابق اپنی زندگیاں ڈھالنے کی تلقین کی۔

صدر مجلس نے اپنی تقریر میں احباب کو اس امر کی طرف توجہ دلائی کہ علاقہ میں احمدیت کی تعلیم کا عمدہ نمونہ پیش کریں،تبلیغ پر زور دیں اور اپنے نیک نمونے سے احمدیت کا پرچار کریں۔ نظامِ جماعت کی اطاعت کریں،حضورِ انور ایدہ اللہ کے خطبات باقاعدگی سے سنیں اور نماز باجماعت کی عادت ڈالیں۔

جلسہ کے اختتام پرنمازِ ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں۔ بعد ازاں حاضرینِ جلسہ میں کھانا تقسیم کیا گیا۔جلسہ کی حاضری 500 سے زائد رہی۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس پہلے زونل جلسے کا انعقاد بابرکت کرے اور اسے آئندہ کی عظیم ترقیات کا پیش خیمہ بنائے۔ آمین

(رپورٹ: فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button