افریقہ (رپورٹس)

ریفریشر کورس ممبران نیشنل مجلس عاملہ انصار اللہ و ریجنل زعماء نائیجر

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ نائیجر کو اپنی نوعیت کا پہلا ریفریشر کورس منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔ اس ریفریشر کورس کا مقصد حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے وژن کے مطابق تنظیمی ڈھانچہ کو تربیتی و انتظامی لحاظ سے مضبوط کرنا تھا اور چونکہ اس حوالہ سے نائیجر کی جماعت ابھی ایک طفلِ شیر خوار کی مانند ہے لہٰذا مذکورہ ریفریشر کورس میں بعض تنظیمی امور کی یاد دہانی کے ساتھ ساتھ دیگر بنیادی اختلافی مسائل و تاریخ جماعت احمدیہ کے حوالہ سے بھی کچھ وقت کے لیے پروگرام ترتیب دیے گئے۔

ریفریشر کورس کا باقاعدہ آغاز مورخہ 16؍جون کی شام بعد نمازِ عشاء تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا جس کے بعد عہد دہرایا گیا اور بعد ازاں مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مشنری انچارج نائیجر نے ممبرانِ عاملہ اور ریجنل زعماء سے مخاطب ہو کر تنظیمی ڈھانچہ کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی اور ریفریشر کورس کے ان دو دنوں سے بھرپور استفادہ کرنے کی طرف توجہ بھی دلائی۔

یہ ریفریشر کورس مورخہ 18؍جون تک جاری رہا۔ اس دوران پہلے روز مکرم عامر ارشاد صاحب نائب صدر انصار اللہ نے شاملین کو اختلافی مسائل کے حوالہ سے تفصیل سے قرآن و حدیث سے دلائل سکھائے اور بعد نمازِ مغرب مکرم امیر صاحب نائیجر نے ضرورتِ امام اور خلافت کی اہمیت کے حوالہ سے احباب کو آگاہ کیا۔

دوسرے روز نظامِ جماعت اور مجلس عاملہ انصار اللہ کی ذمہ داریوں کے حوالہ سے دستورِ اساسی مجلس انصار اللہ سے کچھ حصّے پڑھ کر سُنائے گئے اور اسی روز بعد نمازِ عشاء اس ریفریشر کورس کا اختتامی اجلاس منعقد ہوا جس میں مکرم امیر صاحب نائیجر نے ایک مختصر جائزہ لیا اور بعد ازاں تمام ممبران کو مجلس انصار اللہ کو فعّال بنانے اور اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی اور پھر امیر صاحب نے اختتامی دعا کے ساتھ اس ریفریشر کورس کا اختتام کیا۔

اس ریفریشر کورس میں 08 ممبران نیشنل عاملہ کے علاوہ 7 ریجنل زعماء نے بھی شرکت کی۔ فالحمد للہ علیٰ ذٰلک

(رپورٹ: کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button