حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ صورتحال

Worldometers.infoکے مطابق اب تک دنیا بھر میں 16,431,705؍لوگ کورونا وائرس سے بیمار ہوئے ہیں۔ 10,056,340؍افراد اس مرض سے صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 652,437؍افراد وفات پا چکے ہیں۔ (27جولائی۔ 08:00 GMT)

ترکی میں موجود تاریخی اہمیت کی حامل عمارت آیا صوفیہ، جسے حال ہی میں دوبارہ مسجد بنایا گیا ہے، میں 86؍ سال بعد پہلی بار جمعہ کی نماز ادا کی گئی اور اسے نمازیوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان سمیت متعدد نمایاں شخصیات اور کثیر تعداد میں لوگوں نے نماز جمعہ ادا کی۔ 537ء میں اسے چرچ کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا۔ سلطنت عثمانیہ میں اسے ایک مسجد بنا دیا گیا تھا جبکہ سلطنت عثمانیہ کے خاتمہ پر جدید ترکی کے بانی کمال اتاترک نے 1935ء میں اسے ایک میوزیم میں تبدیل کردیا تھا۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کی اسمبلی میں 23؍ جولائی کو ایک بل ‘تحفظِ بنیادِ اسلام’ کو کثرتِ رائے سے منظور کر لیا گیا۔اس بل کے ذریعہ اسلام کی حفاظت اور پیغمبرِ اسلام اور مقدس شخصیات کی عزت و ناموس کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔ بل کے مطابق پنجاب میں شائع ہونے والی کتب میں جہاں کہیں بھی پیغمبرِ اسلامؐ کا ذکر آئے گا وہاں ان کے نام کے ساتھ خاتم النبیینؐ اور ﷺ لکھنا لازمی ہوگا۔ ایکٹ کے مطابق پیغمبرِ اسلاؐم، اہل بیت، خلفائے راشدین اور صحابہ کے بارے میں توہین آمیز الفاظ قابلِ گرفت ہوں گے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو پانچ سال قید اور پانچ لاکھ جرمانے کی سزا کے علاوہ تعزیراتِ پاکستان کی مروجہ دفعات کے تحت بھی سزا دی جاسکتی ہے۔

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق جمعے کے روز دنیا بھر میں ایک دن میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ ریکارڈ 284,196؍ نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ امریکہ میں قریباً ستر ہزارجبکہ برازیل میں 67,000 ؍ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ دنیا بھر میں مصدقہ کیسز کی تعداد سولہ ملین سے تجاوز کرچکی ہے۔

چین نے جنوب مغربی شہر Chengdu میں امریکی قونصل خانے کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ یہ فیصلہ امریکہ کی جانب سے ہیوسٹن میں چینی قونصل خانے کے بند کرنے کے جواب میں کیا گیا ہے۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کے امریکہ میں موجود چین کے مزید قونصل خانے بھی بند کیے جاسکتے ہیں۔

چین نے لاطینی امریکہ اور کیریبین کے ممالک کی سہولت کے لیےاس کی بنائی ہوئی کورونا وائرس کی ویکسین تک رسائی حاصل کرنے کے لیے ایک بلین ڈالر کے قرضے دینے کا وعدہ کیا ہے۔

امریکہ میں منگل سے جمعہ تک چاروں روز کورونا وائرس سے ہر روز ایک ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہیںجبکہ وہاں مصدقہ کیسز کی تعداد چار ملین سے تجاوز کر چکی ہے۔ جمعہ کے روز ملک بھر میں 73,715؍ نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ کیلیفورنیا، فلوریڈا اور نیویارک کی ریاستوں میں چار چار لاکھ سے زائد کیسز ہوچکے ہیں۔

شمالی کوریا کے لیڈر Kim Jong Un نےکورونا وائرس کے خدشات کی وجہ سے Kaesong کے شہر کو لاک ڈاؤن کردیا ہے اور وباء کے پھوٹنے کے خدشے کے مدنظر ہنگامی حالت کا نفاذ کیا ہے۔ جنوبی کوریا سے ایک شخص شمالی کوریا میں واپس اس شہر آیا تھا اور اس میں کورونا وائرس کی بیماری کی علامات ظاہر ہوئیں تھیں۔

ایران کی ایک ایئر لائن مہان کے کئی مسافر جمعرات کے روز شام کی فضائی حدود میں اس وقت دوران پرواز زخمی ہوگئے جب پائلٹ کو ایک امریکی جنگی جہاز سے بچنے کے لئے اپنی اونچائی کو جلدی سے بدلنا پڑا۔

امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ جن غیر ملکی طلباء کی کلاسز مکمل طور پر آن لائن ہوں گی ان کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

برازیل کے صدر Jair Bolsonaro نے ایک ٹویٹ کے ذریعہ بتایا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہوگئے ہیں اور ان کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

بھارت میں جمعہ کے روز سے کورونا وائرس کی ایک ویکسین ‘کو ویکسن’ کے انسانی تجربات شروع کردئے گئے ہیں۔ جمعہ کے روز بھارت میں کورونا وائرس کے 49,000؍ سے زائد نئے کیس رپورٹ ہوئے۔

پاکستان کے شہر بہاولپور میں ایک پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے دس چینی انجینئرز اور کارکنان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

سعودی عرب کے 84؍سالہ فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا پتے کاا ٓپریشن ہوا ہے اور ان کا پتہ نکال دیا گیا ہے۔

ویتنام نے نئی وباؤں کے خطرے کو کم کرنے کے لیے ملک میں جنگلی جانوروں اور جنگلی جانوروں سے متعلق اشیاء کی درآمد پر پابندی لگا دی ہے۔

آسٹریلیا کی Qantas ایئر لائن نے اپنے جہازوں میں سے بوئنگ 747 کو ریٹائرڈ کردیا ہے۔ اس کی جگہ اب 787 Dreamliner اور Airbus A350 جہاز استعمال کیے جائیں گے۔

امریکہ اور برطانیہ نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے خلاء میں ایک سیٹلائیٹ شکن ہتھیار کا تجربہ کیا ہے۔ دونوں ممالک کا کہنا ہے کہ روس کا یہ ہتھیار زمین کے مدار میں موجود سیٹلائٹس کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ تینوں ممالک ایک ایسے معاہدے پر دستخط کرچکے ہیں جس کے تحت کوئی بھی ہتھیار زمین کے مدار یا خلا میں رکھا یا بھیجا نہیں جا سکتا۔

چین نے مریخ کے لیے اپنی پہلی تحقیقاتی خلائی گاڑی جمعرات کے روز روانہ کی ہے۔ یہ مشن اگلے برس فروری میں مریخ کے مدار میں پہنچ جائے گا۔ یہ گیارہ دنوں میں مریخ کی طرف بھیجے جانے والا تیسرا مشن ہے۔ اس سے پہلے متحدہ عرب امارات اور امریکہ بھی اپنے مشن مریخ کی طرف بھیج چکے ہیں۔

افریقہ

ویسٹرن صحارا افریقہ کا واحد ملک تھا جس میں ابھی تک کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا۔ جمعرات کے روز یہاں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔ دوسری طرف منگل کے روز یوگنڈا میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق افریقہ میں اب تک کورونا وائرس سے 10,000؍ سے زائد طبی کارکنان متأثر ہوچکے ہیں۔

صومالیہ کی پارلیمنٹ نے تحریکِ عدم اعتماد(170-8) کے ذریعہ وزیراعظم Hassan Ali Khaire کو ان کی ذمہ داریوں سے معزول کردیا ہے۔ وہ تین سال سے اس عہدے پر فائز تھے۔

مالی میں جمعہ کے روز پانچ افریقی ممالک کے صدور کے ذریعے مالی کی حکومت اور حزب اختلاف کے سیاسی بحران کو ختم کرنے کے لیے کیے گئے مذاکرات بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوگئے ہیں۔ حزب اختلاف صدر ابراہیم بوبکر کیٹا کے استعفیٰ کا مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ مسلح گروہوں اور کرپشن کو ختم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

تنزانیہ کے سابق صدر Benjamin Mkapa جمعرات کے روز انتقال کرگئے ہیں۔ ان کی تدفین29؍ جولائی کو ان کے آبائی گاؤں میں ہو گی۔ ان کی عمر 81؍سال تھی۔

کاروبار

امریکہ میں گزشتہ ہفتے مزید چودہ لاکھ لوگوں نے بے روزگاری کی درخواستیں جمع کروائی ہیں۔

فضائی کمپنی ایمریٹس کا کہنا ہے کہ اگر ان کی ایئر لائن پر سفر کرنے کے بعد کوئی مسافر اپنے سفر میں Covid-19 سے بیمار ہوا تو کمپنی اس کے طبی اخراجات، علاج معالجہ کی مد میں 150,000 یورو تک اور 14؍ دن کے قرنطینہ کی یومیہ 100؍ یورو،کی ادائیگی کرے گی۔ یہ پیشکش 31؍ اکتوبر تک کے لیے ہے۔

معلوم تاریخ کا بدترین دور

536ء کو تاریخ کا بدترین سال گنا جاتا ہے ۔ ایسا کیوں ہے؟اس سال یورپ میں پراسرار سی دھند پھیلی تھی ۔ مشرقِ وسطیٰ اور ایشیاء کے چند حصے18؍ ماہ تک مسلسل اندھیرے میں ڈوب گئے تھے۔ چین میں برفباری سے فصلیں تباہ ہوئیں اور لوگ بھوکوں مرنے لگے۔ آئرلینڈ کی تاریخ میں درج ہے کہ536-539ء میں روٹی ملنا ناممکن تھا اور لوگ بھوکوں مرنے لگے۔ 541ء میں مصر میں طاعون پھیلی جس کی وجہ سے بے تحاشا اموات بالآخر رومن سلطنت کے ٹوٹنے کا باعث بنیں۔

چھٹی صدی کے وسط کو تاریک ترین دور کہا جاتا ہے۔ تحقیق کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اس وقت آئس لینڈ یا شمالی امریکہ میں آتش فشاں پھٹا تھا جس کی وجہ سے نصف شمالی کرۂِ ارض پر راکھ پھیل گئی تھی۔اس کے بعد 540 ء اور 547 ء میں مزید دو بڑے آتش فشاں پھٹے۔ ان عوامل کا اثر دنیا کے ایک بڑے حصے پر قریباً ایک صدی تک جاری رہا۔

کھیل

کرکٹ

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا ٹیسٹ جمعہ کے روز شروع ہوا۔ ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بلے بازی کی دعوت دی۔ انگلینڈ نے پہلے دن کے اختتام پر چار وکٹوں کے نقصان پر 258؍ رنز بنائے۔ دوسرے دن انگلینڈ کی ٹیم 369؍رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اس ٹیسٹ کے دوران ویسٹ انڈیز کے Kemar Roach چھبیس سال بعد ویسٹ انڈیز کی طرف سے 200؍ ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑی بنے ہیں۔ دوسرے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 137؍ رنز بنائے تھے۔

آئی پی ایل (انڈین پریمئر لیگ) اس سال 19؍ ستمبر سے 10؍ نومبر کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔ حتمی فیصلےکا اعلان جلد ہی کردیا جائے گا۔

فٹ بال

لیورپول فٹ بال کلب کو پریمئر لیگ میں تیس سال بعد چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ 22؍ جولائی کو قریباً خالی Anfielf؍ سٹیڈیم میں اس سال کی ٹرافی دی گئی۔ سات میچ باقی ہونے کے باوجود ٹیم 25؍ جون کو چیلسی کے خلاف اپنا میچ جیت کر ٹرافی کی حقدار قرار دی گئی تھی۔

مانچسٹر یونائٹیڈ نے لسٹر سٹی کو پریمئر لیگ کے میچ میں صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر یورپین چیمپئن لیگ میں جگہ بنا لی ہے۔

فرانس میں جمعہ کے روز فرنچ کپ کے فائنل میں PSGنے Saint Etienne کو 1-0سے شکست دے دی۔ میچ کا واحد گول Neymar نے سکور کیا۔

روسی فٹ بال کھلاڑی Ivan Zaborovsky پر جن کی عمر 16؍ سال ہے اس ماہ کے آغاز میں پریکٹس کے دوران آسمانی بجلی گری تھی جس سے وہ شدید زخمی ہوئے۔ انہیں مصنوعی کوما میں رکھا گیا تھا۔ تین ہفتے میں وہ مکمل صحت یاب ہو کر دوبارہ پریکٹس میں شامل ہورہے ہیں۔

فارمولا وَن

فارمولا ون کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس سال امریکہ، برازیل اور میکسیکو میں ریس منعقد نہیں کی جائے گی۔ یہ تینوں ممالک اس وقت کورونا وائرس سے بری طرح متأثر ہیں۔ یورپ میں اس سال تین اَور مقابلہ جات جرمنی، اٹلی اور پرتگال میں کروائے جائیں گے۔

گالف

اٹلی کے Renato Paratore نے برٹش ماسٹرز ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔ یہ ان کا دوسرا یورپین ٹائیٹل ہے۔ ڈنمارک کے Hojgaard دوسرے نمبر پر رہے۔

ٹینس

کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے اس سال چین میں کھیلے جانے والے ٹینس کے 11 ؍ ٹورنامنٹ کینسل کردیے گئے ہیں۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button