حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ صورتحال

Worldometers.infoکے مطابق اب تک دنیا بھر میں 17,201,277؍لوگ کورونا وائرس سے بیمار ہوئے ہیں۔ 10,716,271؍افراد اس مرض سے صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 670,454؍افراد وفات پا چکے ہیں۔ (30جولائی۔ 08:00 GMT)

8؍ذوالحجہ یعنی 29؍ جولائی سے سعودی عرب میں مناسک حج کا آغاز ہو چکا ہے اور عازمین حج نے مکہ مکرمہ سے باہر وادیٔ منیٰ پہنچ چکے ہیں۔ عموما ہر سال بیس لاکھ لوگ حج کی سعادت حاصل کرتے ہیں ۔ اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے صرف ایک ہزار خوش نصیب افراد ہی حج کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔

افغان حکومت اور طالبان نے منگل کے روز عیدالاضحی کے موقع پر تین روز کے لئے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔

عیدالاضحی کی آمد آمد ہے۔ ہر سال لاکھوں کی تعداد میں جانور عیدالاضحی پر قربان کیے جاتے ہیں۔ جنوبی ایشیا میں عید پر 600 ملین جانور قربان کیے جاتے ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے نقل وحرکت پر یا تو حکومتوں نے پابندیاں لگائی ہوئی ہیں یا لوگ خود اس بارے میں احتیاط کرتے ہوئے گھروں سے کم نکل رہے ہیں۔ اس سال ان ممالک میں جانوروں کی آن لائن خرید و فروخت سوشل میڈیا اور مختلف ایپس کے ذریعہ سےزوروں پر ہے۔

برازیل کے طبی کارکنان نے جرائم کی عالمی عدالت سے کہا ہے کہ وہ برازیل کے صدر Jair Bolsonaro کی حکومت کے متعلق کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے اقدامات کی انسانیت کے خلاف جرائم کے قانون کے تحت تحقیقات کرے۔

ملائیشیا کے سابق صدر نجیب رزاق کو کوالالمپور کی ایک عدالت نے کرپشن ثابت ہونے پر 12؍ سال قید اور 49 ملین ڈالرز جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے قومی خزانے میں غبن کیا ہے۔ فیصلے کے خلاف اپیل کا نتیجہ آنے تک ان کو گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ چھ روز قبل ہائی کورٹ نے انہیں گورنمنٹ کو غیر ادا شدہ ٹیکس اور جرمانے کی مد میں 400؍ ملین ڈالرز ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

ٹوئٹر نے سوموار کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کا اکاؤنٹ بارہ گھنٹے کے لیے معطل کردیا۔ ایسا ان کے ہائیڈروکسی کلوروکین (hydroxychloroquine)کے فوائد کے متعلق ایک وڈیو کلپ اَپ لوڈ کرنے کے بعد کیا گیا۔ ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ ایسا ان کی غلط معلومات دیے جانے کی پالیسی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

لاطینی امریکہ میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد شمالی امریکہ سے تجاوز کرگئی ہے۔ لاطینی امریکہ میں سوموار کے روز تک کیسز کی تعداد 4,327,160؍ تھی۔ برازیل، میکسیکو، پیرو، کولمبیا اور ارجنٹائن سب سے زیادہ متأثرہ ممالک ہیں۔

برطانیہ نے GSK اور Sanofi کی جانب سے تیار کی جانے والی کورونا وائرس کی ویکسین کی 60؍ ملین خوراکیں خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔ یہ چوتھی ویکسین ہے جس کے خریدنے کا معاہدہ برطانیہ کی جانب سے کیا گیا ہے۔

برطانوی حکومت نے اس بات کی وجہ تلاش کرنے کے لیے کہ کیوں ایک خاص طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ کورونا وائرس سے زیادہ خطرے میں ہیں سائنسدانوں کے لیے کئی ملین پاؤنڈز کی رقم مختص کی ہے۔یاد رہے کہ برطانیہ میں اس وائرس سے متاثر ہونے والوں میں کثیر تعداد سیاہ فام اور ایشیائی نژاد افراد کی ہے۔

برطانیہ میں سوموار کے روز ایک پالتو بلی میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بارے میں کوئی شواہد نہیں ملے کہ پالتو جانور انسانوں میں کورونا وائرس منتقل کرسکتے ہیں۔

برطانیہ نے ایسے افراد کے قرنطینہ کی مدت جن میں covid-19کی علامات ظاہر ہوں سات دن سے بڑھا کر دس دن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سپین میں کورونا وائرس کی وبا اور اس کی وجہ سے کیے گئے لاک ڈاؤن کے باعث دس لاکھ سے زائد افراد بے روزگار ہوچکے ہیں۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کی حکومت نے عیدالاضحی کے دنوں میں کورونا وائرس کےپھیلاؤکی روک تھام کے لیے 28؍ جولائی سے 5؍ اگست تک صوبہ بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ تمام تعلیمی اور ٹریننگ ادارے، شادی ہال، بزنس سنٹرز، ایکسپو ہال، ریستوران، پارکس، کھیلوں کے میدان، پارلر اور سینما وغیرہ اس دوران بند رہیں گے۔

دوہری شہریت رکھنے کی وجہ سے اپنے اوپر ہونے والی تنقید کے پیشِ نظر ڈیجیٹل پاکستان منصوبے کے لئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی تانیہ آئدروس اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئی ہیں۔ مزید برآں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورِ صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی اپنے عہدے سے دست بردار ہو گئے ہیں۔

پاکستان کی انٹرنیشنل ایئر لائن کے فضائی میزبانوں کے لیے نئے احکامات جاری کیے گئے ہیں جن کے مطابق تمام فضائی میزبانوں کے لیے فلائٹ سے قبل سانس اور الکوحل ڈوپ ٹیسٹ کو پاس کرنا لازمی ہو گا۔

بھارت نے فرانس سے36؍ رافائیل فائیٹر جیٹ جہاز خریدنے کے لیے 9.4؍بلین ڈالرز کا معاہدہ کیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت پہلے پانچ فائیٹر جیٹ بھارت کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ ان جہازوں کو دورانِ پرواز کئی بار ایندھن مہیا کیا جائے گا تاکہ یہ اپنی منزل تک پہنچ جائیں۔ تمام طیارے 2022ء تک بھارت کے حوالے کردیے جائیں گے۔

پیرو کی حکومت نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لگائے گئے لاک ڈاؤن کے دوران گھریلو تشدد کے افسوسناک واقعات میں قتل کی جانے والی خواتین اور لڑکیوں کی تعداد نو سو سے زائد ہو چکی ہے۔

جرمنی کے Robert Koch Institute کا کہنا ہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کی وجہ سے انتظامیہ کو شدید تشویش لاحق ہے۔ جمعہ کے روز ملک بھر میں 815 کیس رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ ہفتوں میں یہ تعداد 500؍ مریض روزانہ تک کم ہو چکی تھی۔

جرمنی میں کی گئی ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ کچھ دنوں کی ٹریننگ کے بعد تربیت یافتہ کتے سونگھ کر کورونا وائرس سے متأثرہ افراد کی نشاندہی کرسکتے ہیں۔

افریقہ

جنوبی افریقی بلاک کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کے 13؍ ممالک کے 45؍ ملین لوگ کورونا وائرس کی وبا، قحط اور سیلابوں کی وجہ سے خوراک کی کمی کا شکار ہیں۔ اس تعداد میں گزشتہ سال سے دس فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

آئی ایم ایف نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے جنوبی افریقہ کے لیے 4.3؍ بلین ڈالرز امداد کی منظوری دی ہے۔

کینیا نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ریستورانوں میں الکوحل کی فروخت پر پابندی لگا دی ہے۔ مزید برآں یہاں رات کا کرفیو مزید تیس دن کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔

کاروبار

عالمی فضائی آمدورفت کی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ فضائی آمدورفت کا لیول کورونا وائرس کی وبا سے پہلے جیسی سطح پر 2024ء سے پہلے آنا ممکن نہیں ہے۔

گزشتہ دنوں عالمی منڈی میں سونے کی فی اونس قیمت 46؍ ڈالر کے اضافے کے ساتھ9؍سال کی بلند ترین سطح یعنی 1,942؍ ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔

اقوام متحدہ کی عالمی سیاحی تنظیم کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران کی وجہ سے عالمی سیاحتی شعبے کو جنوری سے مئی تک 320؍ ارب ڈالرز کا خسارہ ہواہے۔

گزشتہ دنوں Nissanکمپنی نے اعلان کیا تھا کہ ان کو کورونا وائرس کی وجہ سے اس سال4.5؍ بلین ڈالرز کا خسارہ ہونے کا اندیشہ ہے۔ اس اعلان کے بعد ٹوکیو میں کمپنی کے حصص کی قدر میں 10؍ فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی۔

کھیل

کرکٹ

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا ٹیسٹ جمعہ کے روز شروع ہوا۔ انگلینڈ نے یہ ٹیسٹ 269؍ رنز سے جیت کر تین میچوں کی سیریز ایک کے مقابلے میں دو سے جیت لی ہے۔انگلینڈنے پہلی اننگز میں 369؍ رنز بنائےجس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم صرف 197؍ رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی۔ انگلینڈ نے دوسری اننگز دو وکٹوں کے نقصان پر 226رنز پر ڈیکلیئر کرکے ویسٹ انڈیز کو جیتنے کے لیے 399؍ رنز کا ہدف دیا۔ تیسرے روز ویسٹ انڈیز نے دو وکٹوں کے نقصان پر دس رنز بنائے تھے۔ بارش کی وجہ سے چوتھے روز کوئی کھیل نہ ہو سکا۔ پانچویں دن ویسٹ انڈیز کی ٹیم 129؍ رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح انگلینڈ نے یہ ٹیسٹ سیریز دو، ایک کی برتری سے اپنے نام کر لی۔

انگلینڈ کے گیند بازStuart Broad نے اس میچ میں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 500؍ وکٹیں مکمل کیں۔ انھیں بہترین کارکردگی پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

فٹ بال

Juventusنے Sampdoria کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر اٹالین لیگ میں مسلسل نواں ٹائیٹل جیت لیا ہے۔ اس میچ میں رونالڈو نے ایک گول سکور کیا۔

اٹالین فٹ بال میں انٹر میلان نے Genoaکو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر لیگ میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ اس مقابلے میں Lukaku نے دو گول سکور کیے۔

MotoGP

فرانس کے Fabio Quartararo نے اتوار کے روز Jerez میں ہونے والی دوسری موٹر سائیکل ریس بھی جیت لی ہے۔ ورلڈ چیمپئن Marc Marquez زخمی ہونے کی وجہ سے ریس میں حصہ نہ لے سکے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button