حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(24؍ اگست۔ 08:00 GMT)

کل مریض:23,598,271

صحت یاب ہونے والے:16,091,666

وفات یافتگان:812,644

٭… سعودی انٹیلی جنس ایجنسی کے سابق سربراہ شہزادہ ترکی الفیصل نے سعودی اخبار الشرق الأوسط میں لکھے گئے کالم میں موقف اپنایا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی شرائط وہی ہیں جو 2002ء میں اسرائیل کے سامنے رکھی جا چکی ہیں کہ اسرائیل آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام پر تیار ہو اور بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت بھی تسلیم کرے۔ موصوف نے عرب ممالک کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جو ریاستیں اسرائیل کو تسلیم کر رہی ہیں ان کو چاہیے کہ وہ اس کی بھاری قیمت وصول کریں،اتنا بڑا فیصلہ معمولی قیمت پر نہیں ہونا چاہیے۔

٭… بیلاروس میں دو ہفتے قبل ہونے والے متنازعہ صدارتی انتخابات کے بعد سے اپوزیشن کے حامیوں کی طرف سے مظاہرے جاری ہیں۔ 23؍ اگست کو حزبِ اختلاف کے حامیوں نے دارالحکومت منسک کےمشہور وسطی چوراہے میں ایک بہت بڑی ریلی نکالی۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ صدر Lukashenko نے انتخابات میں دھاندلی کی ہے لہٰذا انہیں مستعفی ہو جانا چاہیے۔ ہنگاموں میں اب تک چار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

٭… روس کے حزب اختلاف کے سربراہ Alexei Navalnay کو علاج کے لیے سائبیریا سے جرمنی لایا گیا ہے۔ ان کے حامیوں کے مطابق ان کی چائے میں زہر ملایا گیا تھا جس کے بعد وہ کوما میں چلے گئے تھے۔

٭… لیبیا میں متحارب گروہوں کے سربراہان نے فوری طور پر فائر بندی کا اعلان کیا ہے۔ ٹریپولی میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ قومی مفاہمت کی حکومت (جی این اے) نے اس سلسلے میں ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق آئندہ سال مارچ میں عام انتخابات کا بھی انعقاد ہو گا۔ اس معاہدے پر جنرل خلیفہ حفتر کے ایک اتحادی نے دستخط کیے ہیں جن کا ملک کے مشرقی اور جنوبی علاقوں پر کنٹرول ہے۔ لیبیا کے سابق سربراہ معمر قدافی کو 2011ء میں حکومت سے علیحدہ کیے جانے کے بعد سے ملک خانہ جنگی کا شکار ہے۔ تیل سے مالا مال ملک لیبیا افریقہ سے یورپ آنے والے غیر قانونی تارکیں وطن کی بڑی گزر گاہ ہے۔ لیبیا میں جاری لڑائی کی وجہ سے نیٹو اتحاد میں شامل ملکوں میں بھی اختلافات پیدا ہو گئے تھے۔

٭… اسرائیل کے فوجی ذرائع کا کہنا ہے اسرائیلی فوج کی جانب سے 19؍ اگست کو غزہ پر فضائی حملے کیے گئے ہیں۔یروشلم میں موجود صحافی ہریندر مشرا کے مطابق اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ یہ حملے فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلی علاقوں پر راکٹ اور گیس سے بھرے غباروں کے حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ فضائی حملے فلسطینی شدت پسند تنظیم حماس کے ٹھکانوں پر کیے گئے ہیں۔ حملوں کے نتیجے میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں اور دیگر نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

٭… ایران پر امریکہ کی جانب سے عالمی پابندیوں میں توسیع کی کوششوں کے معاملے میں سلامتی کونسل کے15 میں سے 13 رکن ممالک نے ایران پر پابندیاں بحال کرنے کی مخالفت کردی۔ ان ممالک نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ جس جوہری معاہدے سے امریکہ دو سال قبل دستبردار ہوچکا ہے اس کو استعمال کرتے ہوئے امریکہ کا یہ اقدام غیرقانونی ہے۔

٭… وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے داخلہ امور نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے کے بعد حکومت نے نیب کے ذریعے ان کی برطانیہ سے پاکستان کو حوالگی سے متعلق ضروری قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

٭… پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر پشاور میں توہین رسالت کے ملزم طاہر نسیم کے قتل میں سہولت کاری کے الزام میں جونیئر وکیل طفیل ضیاء کو گرفتاری کے بعد انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے تین روزہ ریمانڈ کے بعد جیل بھیج دیا ہے۔ طفیل ضیاء پر الزام ہے کہ انہوں نے توہین مذہب کے ملزم طاہر احمد نسیم پر فائرنگ کرنے والے ملزم فیصل خالد کو پستول پہنچایا تھا۔

٭…طالبان سے امن مذاکرات میں تاخیر کے بعد افغانستان میں تشدد بڑھنے لگا،22؍ اگست کو کابل میں یکے بعد دیگرے چار دھماکے ہوئے، مختلف حملوں اور جھڑپوں میں کرنل سمیت17؍افرادہلاک ہوگئے۔تخار میں طالبان کے حملے میں حکومت کی حمایت یافتہ مقامی ملیشیا کے 9؍افراد ہلاک ہوگئے،ادھر قندوز میں ایک اور حملے میں 5پولیس اہلکار مارے گئے۔ادھرافغان وزارت دفاع نے دعویٰ کیاہے کہ تین صوبوں بدخشاں،زابل اور فریاب میں 68 طالبان ہلاک کردیئے گئے ہیں۔

٭… بروکنگز (Brookings)انسٹیٹیوشن کی رپورٹ کے مطابق مارچ کے بعد امریکہ میں اسلحے کی خریداری میں نمایاں اضافہ ہوا، جن لوگوں کے پاس کبھی بندوق نہ تھی وہ بھی اسلحہ خریدنے والوں میں شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی کا ایک ماتحت ادارہ اسلحے کے خریداروں کے مجرمانہ پس منظر کا جائزہ لیتا ہے تاکہ اسلحہ غلط ہاتھوں میں نہ پہنچے۔ یہ ادارہ اب تک ایک کروڑ 90 لاکھ افراد کے پس منظر کا جائزہ لے چکا ہے، یہ تعداد 2019ء کے پہلے 6 ماہ کے مقابلے میں 60 لاکھ زیادہ ہے۔

٭… قبرص حکومت کے بعض ایسے کاغذات سامنے آئے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ 70؍ ممالک کے بہت سے ایسے غیر ملکیوں کو جو کہ جرائم میں ملوث تھے یا کرپشن کے مرتکب تھے، پاسپورٹس فروخت کئے گئے ہیں۔

٭… جنوبی سوڈان میں اقوامِ متحدہ کے خوراک کے پروگرام کے کارکنان کی تنخواہوں کے لئے رقم (35,000ڈالرز)لے جانے والے جہاز کے کریش میں 9 میں سے آٹھ مسافر ہلاک ہوگئے۔ ایک زخمی کا ہسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ جہاز پرواز کے کچھ دیر بعد ہی حادثے کا شکار ہوگیا تھا ۔ حادثے کی تحقیقات کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

٭… ایرانی حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ بلیک باکس کے ڈیٹا کے مطابق جنوری میں ایرانی فوج کے طرف سے گرائے گئے یوکرائنی جہاز پر 25 سیکنڈ کے وقفہ سے دو میزائل لگے تھے۔ حادثہ میں جہاز پر سوار تمام 176 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

٭… امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں مقامی انتظامیہ نے ڈینگی اور زیکا وائرس کے خلاف مچھروں کی مقامی آبادی کو کم کرنے کے لیے جینیاتی طور پر تبدیل شدہ 75کروڑ مچھروں کی فوج چھوڑنے کی منظوری دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ان مچھروں کی تعداد کو کم کرنا ہے جو ڈینگی یا زیکا وائرس جیسی بیماریاں پھیلاتے ہیں۔ ان نر مچھروں میں ایک خاص پروٹین پائی جاتی ہے جو کاٹنے کی عمر میں پہنچنے سے پہلے ہی کسی بھی مادہ کی نسل کو ختم کردے گی اور صرف وہی نر زندہ رہیں گے جو آبی حیات پر پلتے ہیں۔

٭… عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانم گیبرائسس نے امید ظاہر کی ہے کہ دو برس کے اندر اندر کورونا وائرس کو مکمل طور پر شکست دی جا سکتی ہے۔ ہسپانوی فلو کے مقابلے میں کورونا وائرس پر زیادہ جلدی قابو پانا ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو سال کے دوران کووِڈ 19- پر مکمل طور پر قابو پایا جا سکتا ہے اور اس سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی کلیدی ثابت ہو گی۔ڈاکٹر ٹیڈروس گیبرائسس نے کہا کہ سن 1918ء میں ہسپانوی فلو پر قابو پانے میں دو سال لگے تھے تاہم اب انسان ٹیکنالوجی میں بہت زیادہ ترقی کر چکا ہے اور کووڈ کا مقابلہ کرنے میں یہی ٹیکنالوجی انتہائی اہم ثابت ہو گی۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ اسی ترقی کے باعث اب انسان اپنی نقل و حرکت میں بہت زیادہ خود مختار ہوا ہے، جس کی وجہ سے یہ وائرس بہت جلدی سے ایک مقام سے دوسرے مقام پر پہنچ سکتا ہے۔

٭… پاکستان کے شہر ملتان میں احاطہ کچہری میں نئی عدالتوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری تھا کہ کھدائی کے دوران 80 سال سے بند پڑے رہنے والے مال خانے سے خزانے کی بڑی کھیپ نکل آئی۔ اس جگہ کو سیل کرکے پولیس کی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ خزانے میں اشرفیاں، بھاری مقدار میں سونا اور انگریز دور کا اسلحہ شامل ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے اس معاملے کو خفیہ رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق جلد محکمہ آثار قدیمہ لاہور کی ٹیم اس جگہ کا معائنہ بھی کرے گی۔

٭… چین کے دارالحکومت بیجنگ میں 13 روز سے کورونا وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہ آنے پر ماسک پہننے کی پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ وزارت صحت کے حکام نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں قواعد وضوابط میں نرمی کرتے ہوئے عوام کے لیے ماسک پہننے کی شرط کو ختم کر دیا ہے۔ تاہم قواعد و ضوابط میں نرمی کے باوجود بیجنگ میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے ماسک پہنا۔ ان کا کہنا ہے کہ ماسک کی وجہ سے وہ خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔

٭… پاکستان کے سیاحتی شمالی علاقہ جات ناران، کاغان اور شوگراں کے تمام ہوٹلوں کو انتظامیہ کی جانب سے غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ اس کی وجہ ان ہوٹلوں کے عملہ میں پچاس کے قریب کورونا وائرس کے مریضوں کی تشخیص بتائی جاتی ہے۔

٭… ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے حال ہی میں بحیرہ اسود میں ترک ساحل کے قریب قدرتی گیس کے ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنہ 2023ء تک ترکی وہاں سے گیس نکال کر استعمال کرنا شروع کر دے گا۔ صدر اردوغان نے استنبول کے تاریخی دولماباغچہ محل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ترکی کے گیس کی تلاش کرنے والے جہاز فاتح نے بحیرہ اسود میں 11.3 کھرب کیوبک فٹ قدرتی گیس کے ذخائر دریافت کرلیے ہیں۔ یہ ترکی کی تاریخ میں قدرتی گیس کی سب سے بڑی دریافت ہے۔

کرکٹ: انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تیسرا ٹیسٹ 21؍ اگست کو شروع ہوا۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 583 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کردی۔ Zak Crawley نے 267 جبکہ Jos Buttler نے 152 رنز بنائے ۔ جواب میں تیسرے دن کے اختتام تک پاکستان کی ٹیم نے 273 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔اظہر علی نے 141 رنز بنائے۔

فٹ بال:21 اگست کو یوروپا لیگ کے فائنل میں Sevillaنے انٹر میلان کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔De Jongنے دو گول سکور کیے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button