از مرکزحضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

حضرت امیرالمومنین کا پیغام پاکستانی احمدیوں کے نام

ملک کی ترقی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ کوشش کریں اور دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ان ظالموں سے اس ملک کو پاک کرے

(11؍ ستمبر 2020ء، اسلام آباد (ٹلفورڈ) یوکے) حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ الودود بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ میں پاکستان ہجرت کرنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنے والے احمدیوں کو حضرت مصلح موعودؓ کی جانب سے کی جانے والی ایک نصیحت کا تذکرہ فرمایا جس میں حضرت مصلح موعودؓ نے فرمایا تھا کہ احمدیوں نے پاکستان ہجرت کرتے ہوئے اپنا سب کچھ خدا تعالیٰ کے لیے اوراسلام کی ترقی کے لیے قربان کیا ہے پس انہیں آزردہ ہونے کی بجائے خوش ہونا چاہیے۔ حضورِ انور نبی اکرمﷺ کے جلیل القدر حبشی اور بدری صحابی حضرت بلال رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا ذکرِ خیر فرماتے ہوئے ہجرتِ مدینہ کے بعد بعض مہاجرین کے پریشان ہونے پر نبی اکرمﷺ کے انہیں حوصلہ دینے کا تذکرہ فرما رہے تھے۔

حضورِ انور نے اس پر فرمایا کہ ہم احمدی تو اس سوچ کے رکھنے والے تھے اور اُس وقت کے خلیفہ نے ہمیں یہ نصیحت کی تھی کہ ہماری ہجرت اللہ تعالیٰ کی خاطر اور اسلام کی خدمت کے لیے ہے۔ آج وہ لوگ جو پاکستان کی تعمیر کے خلاف تھے پاکستان کی اساس اور بنیاد کے دعویدار بن کر اپنے جھوٹ اور فریب سے احمدیوں کو اس ملک کے بنیادی شہری حقوق سے محروم کر رہےہیں جس کی خاطر سب سے زیادہ قربانیاں احمدیوں نے دیں۔

حضورِ انور نے فرمایا کہ جس دین کی برتری اور خدمت کے لیے ہم نے ہجرت کی، پاکستان کی پارلیمنٹ نے اپنے سیاسی مقاصد کی خاطر اس دین کا نام لینے پر بھی ہم پر پابندی لگا دی۔ ہمیں بہر حال اُن کی کسی سند کی ضرورت نہیں ہے۔ لیکن ہمیں افسوس اس بات پر ضرور ہوتا ہے کہ ان نام نہاد ملک کے ٹھیکیداروں نے احمدیوں پر یہ ظلم کر کے صرف احمدیوں پر ظلم نہیں کیا بلکہ پاکستان پر ظلم کیا ہے اور کر رہےہیں۔ اور دنیا میں ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، اس کی ترقی میں روک بن رہے ہیں۔ اگر یہ لوگ نہ ہوں جو ملک کو کھا رہے ہیں، دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں تو ملک ترقی کر کے کہیں کا کہیں پہنچ چکا ہو۔

حضورِ انورنے پاکستانی احمدیوں کو مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا کہ اس کے باوجود ہم پاکستانی احمدیوں کا یہ کام ہے، خاص طور پر جو پاکستان میں رہنے والے ہیں کہ ملک کی ترقی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ کوشش کریں اور دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ان ظالموں سے اس ملک کو پاک کرے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ تمام احمدی اپنے پیارے امام کے ارشادات پر بھرپور انداز سے عمل کرنے والے ہوں۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button