افریقہ (رپورٹس)

فضل عمر تربیتی کلاس مجلس اطفال الاحمدیہ برکینافاسو

Virtual اجلاس اور Zoom meeting وغیرہ کچھ ایسی اصطلاحات ہیں جو کہ امسال سے ہمارا روزمرہ کا محاورہ بن چکے ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک میں رہنے والے تو شاید اس کو ایک عام چیز سمجھیں لیکن افریقہ اور وہ بھی مغربی افریقہ کے ملک برکینافاسو میں سوائے ایک اقل تعلیم یافتہ طبقہ کے عوام الناس کے لیے یہ ایک بالکل نیا تجربہ ہے۔ ایسے ملک میں جہاں لوگوں کی انٹرنیٹ یا ٹیلی ویژن کی سہولت بھی میسر نہیں بلکہ پورے ملک میں ابھی بھی معلومات اور Entertainment کا سب سے بڑا ذریعہ ریڈیو ہے۔

Covid-19سے قبل تو یہاں بھی تمام دنیا کی طرح جماعت احمدیہ مسلمہ کے تمام اجتماعات،اجلاسات اور میٹنگز وغیرہ بھرپور اجتماعی شرکت کے ساتھ منعقد کی جاتی تھیں لیکن اس وائرس نے اس خطہ کو بھی متاثر کیا اور اس سے بچاؤ اور حفاظت کے سلسلہ میں یہاں بھی حکومتی احکامات کی اطاعت میں اب وہ اجتماعات فی الحال ممکن نہیں۔ لیکن جماعت احمدیہ خدائی جماعت ہے اس کے کام ان مشکلات کی وجہ سے نہ رکتے ہیں اور نہ ہی منفی رنگ میں متاثر ہوتے ہیں۔ اور تاریخ گواہ ہے کہ اگر ایک دروازہ بند ہوتا ہے تو خدا تعالیٰ پہلے سے بڑھ کر اَور بہت سے دروازے کھول دیتاہے اور جماعتی ترقی کو ایک نئی اٹھان نصیب ہوتی ہے۔

اگست کا مہینہ برکینا فاسو میں جہاں سکول و کالج کے طلباء کے لیے تعطیلات گرما کا ایک تحفہ ہوتا ہے وہاں خدام الاحمدیہ کے لیے انتہائی مصروفیت کا مہینہ ہوتاہے کیونکہ اس ماہ میں اطفال الاحمدیہ اور خدام الاحمدیہ کی الگ الگ پندرہ روزہ نیشنل تربیتی کلاس کا انعقاد کیا جاتاہے اور اس کی تیاری بہت پہلے سے ہی شروع کر دی جاتی ہے۔

برکینا فاسو کی تاریخ میں سب سے پہلی virtualجماعتی میٹنگز کا سلسلہ بذریعہ zoomمجلس خدام الاحمدیہ برکینافاسونے شروع کیا جس میں مکرم کونے داؤدا صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ برکینافاسو نے اس تربیتی کلاس کی تیاری کے سلسلہ میں تجاویز پر بات کی۔ مختلف تجاویز سامنے آئیں کہ ایک تھوڑی تعداد کو بلا کر منعقد کر لیں۔ اخراجات کے مسائل سےنمٹنے کے لیے بھی تجاویز آئیں۔ آخر یہ طے کیا گیا کہ نیشنل تربیتی کلاس کو ریجنل سطح پر منعقد کیا جائے اور تمام ملک میں ایک ہی تاریخ کو یہ کلاس شروع اورختم ہو اور اس کا دورانیہ ایک ہفتہ ہو۔ ریجن میں بھی جہاں جہاں جماعتی مساجد ہیں وہاں ہر مسجد میں تربیتی کلاس منعقد کی جائے اور درس و تدریس کے لیے وہاں موجود مبلغین اور لوکل مشنریز کی مدد حاصل کی جائے۔

الحمدللہ محض خدا کے فضل و کرم اور حضرت خلیفة المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعا کی بدولت جب اس پلان پرعمل کیا گیا تو خدا تعالیٰ نے اس میں برکت عطا فرمائی اور امسال کی یہ تربیتی کلاس ہر لحاظ سے کامیاب ثابت ہوئی۔ 15تا 21؍اگست 2020ء ملک کے 13ریجنزکی 63جماعتوں میں یہ تربیتی کلاس منعقد کی گئی اور کل حاضری 999؍اطفال رہی۔ الحمدللہ

اللہ کرے کہ یہ تربیت کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہے اور شاملین کو خدا تعالیٰ حقیقی رنگ میں اس تربیت کو عملی زندگی میں ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔

(رپورٹ: محمد اظہار احمد راجہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button