ڈیٹرائٹ، امریکہ میں بین المذاہب دعائیہ کانفرنس کا انعقاد
17؍ستمبر 2020ء کو ڈیٹرائٹ، امریکہ کی مذہبی تنظیموں نے ایک انٹرنیشنل بین المذاہب دعائیہ کانفرنس کا انعقاد کیا۔ یاد رہے کہ اس شہر میں جماعتِ احمدیہ کی مسجد محمود واقع ہے۔
کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے حالات کی وجہ سے یہ دعائیہ کانفرنس بذریعہ Zoom ہوئی۔ اس کا ایک نامKYND ہے جس کا مطلب ہے know your neighbour daily۔
اس دعائیہ کانفرنس میں خاکسار (امام مسجد محمود، ڈیٹرائٹ) نے جماعت کی نمائندگی کی۔
ایک یہودی ربائی ایڈورڈ چیزک نے پروگرام کے بارے میں حاضرین کو تفصیل سے آگاہ کیا اور سب حاضرین کو خوش آمدید کہا۔ اور پروگرام کے پہلے سپیکر جو کہ ایک پادری ہیں کو دعوت دی۔ محترمہ کرسٹینا ہالم آف نارتھ منسٹر نے اپنے انداز میں موقع کےلحاظ سے دعا کی اور پھر سب کا شکریہ ادا کیا۔
اس کے بعد ماڈریٹر نے خاکسار کو جماعت کاتعارف کرانے اور دعا کے لیے دعوت دی۔
خاکسار نے جماعتِ احمدیہ کا تعارف کرایا اور بتایا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے فضل سے اسلام کے تمام ارکان پر ایمان رکھتے ہیں اور بانیٔ اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کو خاتم النبیین یقین کرتے ہیں نیز آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پیش گوئیوں کے مطابق اس آخری زمانے میں امام مہدی اور مسیح موعود کو بھی مانتے ہیں جن کا نام حضرت مرزا غلام احمد قادیانی علیہ السلام ہے۔ اور آپؑ ہی وہ موعود ریفارمر ہیں جن کی اس وقت سارے مذاہب انتظار کر رہے ہیں۔ ہمارا ماٹو ہے ’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں ‘۔
خاکسار نے سب کو احمدیہ مسجد وزٹ کرنے کی دعوت بھی دی۔
آخر پر خاکسار نے سورۂ فاتحہ اور چند قرآنی دعائیں مع ترجمہ سناکر اپنی تقریر ختم کی۔ خاکسار کے بعد ربائی مینا چم کے ٹک نے دعا کرائی اور پھر سٹی کے میئر نے سب کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ وہ اس قسم کی تقاریب کو احسن نظر سے دیکھتے ہیں ۔ مسٹر یونس (ترکش )نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
(رپورٹ: سید شمشاد احمد ناصر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)