ادبیات

ملفوظات حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور فارسی ادب (قسط نمبر 48)

(محمود احمد طلحہ ۔ استاد جامعہ احمدیہ یو کے)

جلیل القدر پیشگوئی

ان پیشگوئیوں کا ظہور جو اِس سلسلہ کی صورت میں ہوا ہے تو کیا یہ چھوٹی سی بات ہے۔ یہ سلسلہ بہت بڑی پیشگوئی کا پورا ہونا ہے جو تیرہ سو سال پہلے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے لبوں پر جاری ہوئی۔ اس قدرمدت دراز پہلے خبر دینا یہ قیافہ شناسی اوراٹکل بازی نہیں ہو سکتی اور پھر یہ پیشگوئی اکیلی نہیں، بلکہ اس کے ساتھ ہزاروں وہ آیات و نشانات ہیں جو اس وقت کے لئے پہلے سے بتا دئیے گئے تھے ۔اور ان سب کے علاوہ اللہ تعالیٰ نے خود یہاں ہزاروں نشانات کا سلسلہ جاری کر دیا۔ چنانچہ کئی سو پیشگوئیاں پوری ہو چکی ہیں۔ جو قبل از وقت ملک میں شائع کی گئیں اورپھر وہ اپنے وقت پر پوری ہوئی ہیں۔ جن کو ہمارے مخالف بھی جانتے ہیں۔ اب کیا قرآن کریم کا معجزہ اس کی پاک تعلیم کا نتیجہ اور اثر نہیں ہے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی قوت قدسی اور تاثیر انفاس کے ثمرات نہیں۔ ماننا پڑے گاکہ یہ سب کچھ آپ ہی کے طفیل ہے۔ کیونکہ یہ مسلّم بات ہے۔

خارقے کز ولی مسموع است

معجزہ آں نبی متبوع است

اس لئے جس قدر یہ نشانات اور آیات یہاں ظاہر ہو رہی ہیں یہ درحقیقت رسول اللہﷺ ہی کے خوارق اور معجزات اوریہ پیشگوئیاں قرآن شریف ہی کی پیشگوئیاں ہیں۔ کیونکہ آپ ہی کی اتباع اورقرآن شریف ہی کی تعلیم کے ثمرات ہیں۔ اور اس وقت کوئی اور مذہب ایسا نہیں ہے جس کا پیروا ور متبع یہ دعویٰ کر سکتا ہو کہ وہ پیشگوئیاں کر سکتا ہے۔ یا اس سے خوارق کا ظہور ہوتا ہے۔ اس لئے اس پہلو سے قرآن شریف کا معجزہ تمام کتابوں کے اعجاز سے بڑھا ہوا ہے۔

(ملفوظات جلدسوم صفحہ 45-46)

اس گفتگو میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے مولانا جامی کا فارسی کا یہ شعر استعمال کیا ہے۔

خَارِقِے کَزْ وَلِیْ مَسْمُوْع اَست

مُعْجِزِہْ آںْ نَبِیْ مَتْبُوْع اَسْت

مولانا جامی کی تصنیف ہفت اورنگ جو کہ فارسی ادب میں شاہکار کا درجہ رکھتی ہے میں ایک مثنوی بعنوان سلسلۃ الذھب(سونے کی زنجیر)کے اندر یہ شعر اس طرح ملتا ہے؂

اَزْوَلِیْ خَارِقِیْ کِہْ مَسْمُوْع اَسْت

مُعْجِزِہْ آنْ نَبِیْ مَتْبُوْع اَست

ترجمہ: وہ معجزہ جو کسی ولی کے متعلق سنا جائے وہ معجزہ اس نبی کا ہے جس کا وہ ولی پیروکار ہے۔

درج بالا کتاب کے اور ملفوظات کے شعر میں کوئی فرق نہیں سوائے پہلے مصرع میں ایک دو الفاظ کے آگے پیچھے ہونے کے۔ ترجمہ دونوں کا ایک ہی ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button