حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(8؍اکتوبر۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 36,406,675

صحت یاب ہونے والے: 27,419,927

وفات یافتگان: 1,060,746

٭… پشاور میں پیر 5؍ اکتوبر کو دن کے وقت باغ روڈ پر فائرنگ کے ایک واقعہ میں ایک احمدی مسلمان پروفیسر ڈاکٹر نعیم الدین خٹک کو فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا۔

٭…آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تا ناگورونو کاراباخ کے تنازع پر جھڑپوں کے دوران شہری آبادی کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔ امریکہ، فرانس اور روس نے ایک مرتبہ پھر دونوں ملکوں سے غیر مشروط جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔ ستمبر سے جاری ان چھڑپوں میں اب تک 260؍افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

٭…آذربائیجان کو اسلحہ فروخت کرنے والے اسرائیل کو آرمینیا کی جانب سے سفارتی تنقید کا سامنا ہے۔ آذربائیجان کا اسرائیل سے ہتھیاروں کی خریداری کا ایک طویل سلسلہ ہے اور اسی حوالے سے ایران نے 2012ء میں آذربائیجان کے سفیر کو طلب کرکے اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا۔ خیال رہے کہ اسرائیل کی وزارت دفاع نے اسلحے کی فروخت سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔

٭… بھارت، جاپان، امریکہ اور آسٹریلیا کے وزرائے خارجہ کا اجلاس منگل 6؍اکتوبر سے ٹوکیو میں شروع ہوچکا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس اجلاس میں خصوصی اہمیت چین پر تجارتی انحصار کو کم سے کم کرنے کے معاملات کودی جائے گی۔

٭… بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر یقین دہانی کروائی ہے کہ نئی دہلی کے زیر انتظام کشمیر میں اس سال جولائی میں تین مقامی مزدوروں کو مبینہ فرضی جھڑپ میں ہلاک کئے جانے کے معاملے میں انصاف ہوگا اور ملوث فوجی اہلکاروں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔

٭… اسلام آباد ہائیکورٹ میں دو رکنی بینچ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز سے متعلق اپیلوں پر سماعت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طلبی کے اشتہارات جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کو بذریعہ اخبار اشتہار طلب کر لیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ30 دن کے اندر اگر ملزم پیش نہیں ہوتے تو اشتہاری قرار دیا جائے گا۔

٭… مالدیپ کی عدالت نے سابق نائب صدر احمد ادیب کو منی لانڈرنگ اور اختیارات کے غلط استعمال کے جرم پر 20 سال قید جبکہ سیاحتی پروموٹر سے رشوت لینے کے الزام پر ان پر ایک لاکھ 29 ہزار ڈالر جرمانہ بھی ادا کرنے کی سزا سنا دی۔ مالدیپ کے سابق صدر عبداللہ یامین بھی 5سال کی قید کاٹ رہے ہیں، جنہیں 2013ء سے 2018ء کے دوران منی لانڈرنگ کے الزام پر گزشتہ برس نومبر میں سزا سنائی گئی تھی۔

٭…6؍ اکتوبر کے روز شام کے شہر الباب میں بس اسٹیشن کے نزدیک بارود سے بھرے ٹرک میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 18 افراد جاں بحق جبکہ 50سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

٭…کرغزستان کی اپوزیشن نے انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ کی دو جماعتوں کو دھاندلی سے جتوانے کا الزام عائد کیا اور نتائج منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کے دوران سرکاری عمارات پر قبضے کرکے ملک میں حکومت سنبھالنے کا دعویٰ کر دیا۔ صدر صورونبائی جین بے کوف نے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورس کو حکم دیا کہ مظاہرین پر کوئی فائرنگ نہیں کی جائے۔ پرتشدد مظاہروں میں اب تک ایک شہری ہلاک اور 590 زخمی ہوئے ہیں۔

٭…اسرائیلی وزیر خارجہ گابی اَشکینازی اور ان کے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے جرمنی کے دارالحکومت کے نواح میں واقع ایک سرکاری گیسٹ ہاؤس میں جرمن وزیر داخلہ ہیکو ماس کی موجودگی میں بند دروازوں کے پیچھے ملاقات کی۔ جرمنی کو امید ہے کہ اس ملاقات میں طے پانے والے امور سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مضبوطی لانے اور مشرق وسطیٰ میں امن کوششوں کو فروغ ملے گا۔

٭… بھارت کی ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائیزیشن (ڈی آر ڈی او) کے تیار کردہ اینٹی سب مرین میزائل سسٹم کا اُڈیشہ کے ساحل پر وہیلر جزیرے سے کامیاب تجربہ کیا گیا۔

٭…اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کے زیر انتظام پیغام پاکستان کانفرنس منعقد کی گئی جس میں ملک سے تمام مکاتب فکر کے نمائندہ علماءنے شرکت کی۔ کانفرنس میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے 20نکاتی ضابطہ اخلاق منظور کر لیا گیا۔

٭… پاکستان کا تجارتی خسارہ ستمبر میں 19.49 فیصد اضافے کے بعد دو ارب انتالیس کروڑ دس لاکھ ڈالر تک جاپہنچا، جبکہ گزشتہ برس اسی ماہ کے دوران یہ دو ارب دس لاکھ ڈالر تھا۔

٭… لندن میں ورچوئل پارٹی کانفرنس سےخطاب کے میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ماحول دوست منصوبہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2030ء تک ہر گھر کو آف شور ونڈ فارمز سے بجلی دی جائے گی۔ بجلی کی تمام اشیا سمیت الیکٹرک گاڑیاں بھی اسی بجلی سے چلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹربائن بنانے اور پورٹس کو جدید کرنے کیلئے 160 ملین پاؤنڈ مختص کیےجائیں گے۔ کنسٹرکشن کی 2 ہزار نئی آسامیاں پیدا ہوں گی۔ اسکاٹ لینڈ اور ویلز میں بھی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

٭… واشنگٹن میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹینا جارجیوا نے لندن سکول آف اکنامکس کے ایک آن لائن پروگرام میں بتایا کہ عالمی معیشت جون کی نسبت ’کم خطرناک‘ حالت میں ہے۔

٭…ترکی میں جمعرات سے سوشل میڈیا سے متعلق نئے قوانین کا نفاذ کے ساتھ ہی ملک میں فیس بک اور ٹویٹر کے بند ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔ نئے قوانین کے تحت سوشل میڈیا کمپنیاں مقامی عدالتوں کے فیصلے کے تحت متنازع مواد کو 48؍گھنٹوں میں ہٹانے کی پابند ہوں گی۔ نیز سوشل میڈیا کمپنیوں کو صارفین کا ڈیٹا مقامی طور پر سٹور کرنے کے اقدامات بھی کرنا ہوں گے۔

٭… امریکی محققین ہاروی آلٹر، چارلس رائس اور برطانوی محقق مائیکل ہوٹن نے اس سال طب کا نوبیل انعام جیتا ہے۔ نوبیل جیوری کے مطابق انہیں یہ اعزاز پیر کو ہیپاٹائٹس سی وائرس کی دریافت پردیا گیا۔ اس مرض سے سالانہ چار لاکھ اموات ہوتی ہیں۔ روایت کے مطابق ہر سال سب سے پہلے طب کے شعبے میں نوبیل پرائز حاصل کرنے والوں کے ناموں کا اعلان کیا جاتا ہے۔

٭…فزکس کا نوبیل انعام مشترکہ طور پر برطانیہ، جرمنی اور امریکہ کے سائنس دانوں روجر پینروز، رین ہارڈ گینزل اور خاتون سائنس دان ایڈریا گیز کو دیا جائے گا۔ ان سائنسدانوں نے بلیک ہول سے متعلق تحقیق کے دوران اہم انکشافات کئے ہیں۔

٭…امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی آگ نے اس سال چار ملین ایکڑ رقبہ میں ہر شے کو جلا کر خاکستر کردیا ہے۔ یہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے پہلے ایک سال کے عرصے میں اس سے نصف علاقہ آگ کی زد میں آیا تھا۔حکام کی جانب سے اس خوفناک آگ کو لیک فائر کا نام دیا ہے ۔

٭… جوناتھن گیلِنڈو نامی گیم میں بھی بچوں کو بلیو وہیل گیم کی طرح 50 مختلف ٹاسک دئیے جاتے ہیں، جیسے آدھی رات کو اٹھ کر ڈراؤنی فلم دیکھنا وغیرہ۔ اس گیم کا آخری چیلنج یہ ہوتا ہے کہ گیم کھیلنے والا شخص یا بچہ خود کو قتل کرے۔ اسی آن لائن گیم کو کھیلتے ہوئے اٹلی میں ایک 11 سالہ بچے نے ٹاسک پورا کرنے کیلئے دسویں منزل سے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ 2015 میں شروع ہونے والے بلیووہیل گیم نے دنیا بھر میں 130 نوجوانوں کو خودکشی کرنے پر مجبور کیا تھا۔

٭… امریکہ کے ادارے ناسا کے مطابق 6؍ اکتوبر کو مریخ زمین کے اتنا قریب تھا کہ اسے رات کی تاریکی میں بغیر کسی آلے کے سہارے کے دیکھا جاسکتا تھا۔

٭…عالمی ادارۂ صحت نے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ اب تک دنیا کی دس فیصد آبادی کورونا وائرس سے متاثر ہوچکی ہو۔ ایجنسی کے اندازے کے مطابق اب تک دنیا میں 76کروڑ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ یہ تعداد رپورٹ ہونے والے کیسز سے بیس گنا زیادہ ہے۔

٭…سربراہ عالمی ادارہ صحت ٹیڈروس ایڈہانوم نے عالمی وبا کے حوالے سے کہا ہے کہ ہمیں ویکسینز کی ضرورت ہے اور قوی امید ہے کہ رواں برس کے آخر تک کورونا ویکسین مل جائے گی۔ عالمی ادارہ صحت کی زیر نگرانی 9 کورونا ویکسینز پر کام جاری ہے، کورونا ویکسین بننے پر سال 2021 کے آخر تک عالمی ادارہ صحت کی جانب سے اس ویکسین کی دو ارب خوراکیں دنیا میں تقسیم کی جائیں گی۔

٭… کورونا وائرس سے متاثرہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو والٹر ریڈ ہسپتال سے وائٹ ہاؤس منتقل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے انتخابی مہم میں جلد واپسی کا اعلان بھی کیا ہے۔

٭…پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کی حکومت نے کورونا وائرس کی دوسری لہر کے خدشے کے پیشِ نظر خطے میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

٭…کلینیکل انفیکشیئس ڈیزیز (Clinical Infectious Diseases)میں شائع ہونے والی ایک نئی تحقیق میں عالمی وباء کورونا وائرس سے متعلق انکشاف کیا گیا ہے کہ نیا کورونا وائرس انسانی جلد پر 9گھنٹوں تک زندہ رہ سکتا ہے۔ رپورٹ میں ہاتھوں کی صفائی، ماسک کے استعمال اور ہینڈ سینیٹائزر کے استعمال پر زور دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ’یو ایس سینٹر آف ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینٹیشن ‘کی جانب سے تجویز کیا گیا ہے کہ 80 فیصد الکوحل پر مشتمل سینیٹائزر کے استعمال سے یا 20 سیکنڈ صابن اور پانی سے ہاتھ دھو کر وائرس کو ختم کیا جا سکتا ہے۔

٭… 2؍ اکتوبر کو کار کے ایک حادثے کے نتیجے میں افغانستان کے نوجوان اوپنر بلے باز نجیب تراکئی 5؍ اکتوبر کو انتقال کرگئے۔ انہوں نے بارہ ٹی ٹونٹی اور ایک ون ڈے میچ میں افغانستان کی نمائندگی کی تھی۔

٭…سابق آسٹریلین کرکٹر ڈین جونز گزشتہ ہفتے ہار ٹ اٹیک کے سبب 59 سال کی عمر میں ممبئی میں انتقال کرگئے۔ وبا کے سبب وکٹوریہ میں ہونے والی میمیوریل سروس میں ان کے اہل خانہ سمیت صرف 10 لوگوں نے ہی شرکت کی ۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button