افریقہ (رپورٹس)

جلسہ سیرت النبیؐ۔ جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں مجلس علمی و دیگر پروگرامز کے دوران حضرت اقدس محمد مصطفیٰﷺ کی سیرت و سوانح اور آپؐ کے اخلاق فاضلہ کے بیان کا سلسلہ کسی نہ کسی رنگ میں جاری ہی رہتا ہے تاہم ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے یہاں مجلس ارشاد کے تحت مورخہ 27؍اکتوبر2020ء بروز جمعرات صبح 9 بجے خصوصی طور پر ایک جلسہ سیرت النبیﷺکاانعقاد کیا گیا۔ تمام طلباء اور اساتذہ اس اہم پروگرام سے فیضیاب ہونے کے لیے موجود تھے۔ جلسہ کی صدارت کے فرائض مکرم مرزا خلیل احمد بیگ صاحب وائس پرنسپل نے ادا کیے۔ جلسہ کی کارروائی کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم اور اردو ترجمہ کے ساتھ کیا گیا جو عزیزم حافظ عثمان ییبواہنے پیش کی۔ حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا نعتیہ منظوم کلام ’’وہ پیشوا ہمارا جس سے ہے نور سارا‘‘ عزیزم الیاس آدم نے خوش الحانی کے ساتھ پڑھا۔

اجلاس کی پہلی تقریر ’’Great Reformation brought by the Holy Prophet (saw)‘‘ کے موضوع پر عزیزم بشیر الدین محمود احمد نے انگریزی زبان میں پیش کی۔ بعد ازاںآنحضرتﷺ کی مدح میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کا منظوم کلام ’’وہ پاک محمدؐ ہے ہم سب کا حبیب آقا‘‘ عزیزم طاہر رمضان مرونڈا نے ترنم کے ساتھ پڑھا۔ مکرم عبد السمیع خان صاحب نے ’’آنحضرتﷺ تمام انسانوں کے لیے اسوۂ حسنہ‘‘ کے موضوع پر ایک مدلّل تقریر پیش کی۔

جلسہ کے دوران درود شریف کا ورد جاری رہا نیز مناسب مواقع پر طلباء کی جانب سے نعرہ ہائے تکبیر بھی بلند ہوتا رہا۔ صدر صاحب مجلس مکرم مرزا خلیل احمد بیگ صاحب نے اختتامی کلمات کے دوران سامعین کو امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں ان ایام میں خصوصیت کے ساتھ درود شریف پڑھنے کی طرف توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ اس بابرکت روحانی جلسہ کا اختتام ہوا۔ الحمد للہ

(رپورٹ: انتصار احمد۔ استاد جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button