حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(09؍انومبر۔ 09:00 GMT)

کل مریض: 50,782,732

صحت یاب ہونے والے: 35,823,663

وفات یافتگان: 1,262,751

٭…امریکی صدارتی انتخابات میں موصولہ نتائج کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن نے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں واضح برتری سے صدر بننے کے لئے کم ازکم 270 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ بعض نیوز چینلز کے مطابق ان کے کل ووٹ 284ہوگئے ہیں اور کچھ کے مطابق یہ تعداد 273 ہے۔ بعض ریاستوں سے نتائج موصول نہیں ہوئے ۔ منتخب صدر جنوری 2021ء سے اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔ ان کے عمر 77 سال ہے اور وہ صدر بننے کے وقت امریکہ کے معمر ترین صدر ہوں گے۔ کمیلا ہیرس ان کے ساتھ نائب صدر ہوں گی۔ امریکہ میں یہ پہلی بار ہوگا کہ کوئی خاتون نائب صدر کا عہدہ سنبھالیں گی۔

٭…امریکی صدارتی انتخاب میں کامیابی کے بعد جو بائیڈن نے اپنے پہلے خطاب میں منقسم قوم کو متحد کرنے کے عہد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ’ امریکہ میں شیطانیت کا یہ سنگین دور ختم ہونے دیا جائے ‘۔ جو بائیڈن نے ڈیلاویئر میں ایک ’ ڈرائیو اِن‘ پروگرام کے دوران کہا کہ ’ آپ تمام لوگ جنہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دیا، میں آپ کی مایوسی کو سمجھتا ہوں، اب وقت آگیا ہے کہ سخت بیانات کا سلسلہ ختم کیا جائے، کشیدگی کو کم کیا جائے اور ایک دوسرے پر دوبارہ نگاہ ڈالی جائے ‘۔

٭…امریکی صدارتی انتخابات پر ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ایران کے لیے اس بات کی کوئی اہمیت نہیں کہ کون جیتتا ہے، ایران کے لیے اگلی امریکی انتظامیہ کی پالیسیاں اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران، امریکہ سے پابندیاں نہیں احترام چاہتا ہے، امریکی صدر ٹرمپ نے انسانی حقوق کا خیال کیے بغیر کورونا وبا کے دور میں بھی ایران پر پابندیاں عائد کیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اب کوئی بھی جیتے اسے بالآخر ایرانی عوام کے آگے ہتھیار ڈالنے ہی ہوں گے۔

٭…دنیا کے سپر پاور تصور کیے جانے والے ملک امریکہ میں تین نومبر کو صرف صدر کے انتخاب کے لیے ہی ووٹ کاسٹ نہیں کیے گئے بلکہ اس دن سینیٹ، ایوان زیریں، ریاستی اسمبلیوں، ریاستی گورنرز اور ریاستی قوانین کے لیے بھی ووٹنگ ہوئی۔

٭…کوسوو کے صدر ہاشم تاچی پر ہیگ کی عدالت میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کی فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ فردِ جرم عائد کئے جانے کے باعث وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہورہے ہیں۔

٭…برطانوی اخبار نے ماسکو کے اپنے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ روس کے 68سالہ صدر ولادیمیر پیوٹن اگلے سال جنوری میں اپنی بیماری پارکنسن کی وجہ سے صدارتی عہدہ چھوڑ دیں گے۔ رپورٹ کے مطابق بیماری کی وجہ سے صدارت چھوڑنے کے لیے ان کی دو بیٹیاں اور ایک دوست ان پردباؤ ڈال رہے ہیں۔کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے روسی صدر کی تندرستی کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے بیان میں برطانوی میڈیا کی ان رپورٹس کو مسترد کردیا۔

٭…امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ ایسٹ ترکستان اسلامی موومنٹ (ETIM) کے نام کو ’دہشت گرد تنظیم ‘کے طور پر خارج کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ چین کی جانب سے ای ٹی آئی ایم کی کارروائیوں کو جواز بنا کر مسلم اکثریتی سنکیانگ خطے میں سخت کریک ڈاؤن کیا جاتا رہا ہے۔

دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی فیصلے پر سخت عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن ’بین الاقوامی دہشت گردی کے خلاف عالمی تعاون‘ پر غور کرے۔

٭…الجیریا کے دارالحکومت میں میلاد النبیؐ کے موقع پر سوا ارب ڈالر کی لاگت سے تیار اور 70 ایکڑ کے رقبے پر پھیلی ہوئی ’جامع الجزائر ‘کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ جہاں ایک وقت میں ایک لاکھ 20 ہزار افراد کے نماز ادا کرنے کی گنجائش ہے۔ اس مسجد کی خاص بات 43 منزلہ اور 267 میٹر بلند خوبصورت اور روشن مینار ہے جسے دارالحکومت کے چاروں اطراف سے دیکھا جا سکتا ہے۔

مسجد کے اندورنی حصے کو نیلے رنگ کے سنگِ مر مر اور خاص قسم کی لکڑی کے امتزاج سے مزین کیا گیا ہے جبکہ قالین پر دلکش پھولوں کے ڈیزائن نے چار چاند لگا دیئے ہیں۔

٭…متحدہ عرب امارات( یو اے ای) نے اسلامی پرسنل لا (انفرادی معاملات سے متعلق قوانین) میں غیر معمولی ترامیم کردیں جس کے بعد غیر شادی شدہ جوڑوں کو ایک ساتھ رہنے کی اجازت ہوگی۔ نئے قوانین کے بعد نام نہاد ’غیرت کے نام پر قتل ‘ ایک قابل گرفت جرم ہوگا۔ حکومت نے کہا کہ قانونی اصلاحات دراصل ملک میں سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے اور ’رواداری کے اصولوں ‘کو مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ پہلے شہریوں کو گھروں میں شراب خریدنے، نقل و حمل کرنے یا پینے کے لیے شراب کے لائسنس کی ضرورت ہوتی تھی، اس نئے قانون کے تحت بظاہر ان مسلمانوں کو آزادانہ طور پر شراب پینے کی اجازت ہوگی۔

٭…آسٹریا کی حکومت نے 3 نومبر کو دارالحکومت ویانا میں فائرنگ کرکے پولیس مین سمیت 4 افراد کو ہلاک کرنے والے 20سالہ حملہ آور کوجٹم فیجزولائی کی آمدورفت کے بعد شہر میں قائم دو مساجد کو بند کرنے کا حکم دے دیا۔ آسٹریا کے وزیر سوسین راب نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ مذہبی امور کے سرکاری دفتر کو ’وزارت داخلہ کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ 3 نومبر کا حملہ آور اپنی رہائی کے بعد متعدد مرتبہ ویانا کی مساجد کا دورہ کر رہا ہے ‘۔

٭… افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دھماکے میں سابق ٹی وی اینکر یما سیا وش اور دو افراد جاں بحق ہو گئے۔

٭…سعودی عرب میں مقامات مقدسہ کی انتظامیہ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے مسجد الحرام میں خطبہ جمعہ کا نیا منبر تیار کیا ہے۔سیکرٹری انتظامیہ محمد الجابری نے بتایا کہ اذان اور تکبیر کے مرکز ’المکبریہ ‘کو ہر نماز کے بعد سینیٹائز کیا جاتا ہے۔ جمعہ کے روز مسجد الحرام کی صفائی، دھلائی اور سینیٹائزنگ کے عمل کو بڑھا کر خصوصی ٹیمیں حرم کو معطر رکھنے کا اہتمام بھی کرتی ہیں۔

٭…متعدد ملکی و بین الاقوامی مقابلہ حسن قرأت جیتنے والے عالمی شہرت یافتہ سوڈانی قاری شیخ نورین محمد صدیق دیگر 3 حافظ قرآن سمیت ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ شیخ نورین کو ان کی منفرد قرأت کی وجہ سے دنیا بھر میں اور خصوصی طور پر مشرق وسطیٰ، افریقہ اور وسط ایشیا میں شہرت حاصل تھی اور ان کی قرأت کو انتہائی عقیدت سے سنا جاتا ہے۔ شیخ نورین محمد کو قدیم قرأت ’الدوری‘کرنے کی وجہ سے زیادہ شہرت حاصل تھی۔ قرآن کریم کی قرأت کا مذکورہ انداز معروف عراقی عالم و قاری ابو امر حفص ابن عمر، ابن عبدالعزیز بغدادی نے 150 ہجری میں متعارف کرایا تھا۔

٭…امریکہ میں جو بائیڈن صدارتی انتخاب میں فتح کے ساتھ امریکی ڈالرز یوآن سمیت دیگر ایشیائی ممالک کی کرنسی کے مقابلے میں دو سال کی کم ترین سطح پر آ گیا۔ فنانشل مارکیٹس غیریقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔ ماہرین اور تاجروں کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے وقتی طور پر ڈالرز گر سکتا ہے اور اس کی کارکردگی متاثر وسکتی ہے۔

دوسری جانب پاؤنڈ اور یورو کی ڈالر کے مقابلے میں قدر میں کمی واقع ہوئی ہے کیونکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق بینک آف انگلینڈ نے منفی شرح سود کے حوالے سے غور شروع کردیا ہے۔ فیڈرل ریزرو کی جانب سے پالیسی برقرار رکھے جانے کا امکان ہے کیونکہ تاجر اور معاشی ماہرین صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔

٭…وٹس ایپ کی جانب سے پیغامات کو غائب کرنے کا نیا آپشن متعارف کروایا جارہا ہے جس کے تحت پیغام بھیجنے اور اسے موصول کرنے والے صارفین کے موبائل سے یہ پیغام خود بخود سات دن بعد ختم ہوجائے گا۔

٭…جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق جمعہ 06؍ نومبر کے روز امریکہ میں کورونا وائرس کے ایک دن میں ریکارڈ 127,000؍سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ فرانس میں اسی روز کورونا وائرس کے ایک دن میں میں سب سے زیادہ ریکارڈ 60,486؍نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ برطانیہ میں یومیہ کم و بیش پچاس ہزار نئے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔

٭…کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث یونان کے وزیراعظم میچوتاکی نے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ یونان میں گھر سے نکلنے سے پہلے میسج کرنا ہوگا اور وجہ بتانی ہوگی، اس کے بغیر گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ یونان میں ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا ہے، خلاف ورزی کرنے والے پر 150 یورو جرمانہ ہوگا۔

٭…بحرین:انسانی بنیادوں پر کورونا وائرس کی ویکسین سب سے پہلے صحت کے حوالے سے کام کرنے والے صف اول کے کارکنوں کو لگائے جانے کی منظوری دی گئی ہے۔ وزارت صحت بحرین نے کورونا کی جو ویکسین ہنگامی استعمال کرنے کی اجازت دی ہے اس کا بحرین، اردن اور مصر میں تجربے کا تیسرا مرحلہ مکمل ہونے والا ہے۔

٭…برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی اور دوا ساز کمپنی آسترا زینیکا کی کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ویکسین اگلے ماہ تک تیار ہوسکتی ہے۔

آسترا زینیکا کے چیف ایگزیکٹیو نے کہا کہ ان کی کورونا وائرس ویکسین دسمبر کے آخر تک استعمال کے لیے تیار ہوگی، جس کے لیے ریگولیٹری منظوری کا انتظار کیا جارہا ہے۔

٭…ہفتہ کے روز ہونے والے پہلے ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے زمبابوے کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6؍وکٹوں کے نقصان پر 156برنز بنائے۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف انیسویں اوور میں حاصل کرلیا۔ بابر اعظم 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور میں آف دی میچ قرار پائے۔

اتوار کے روز دوسرے ٹی ٹونٹی میں زمبابوے نے مقررہ اوورز میں پاکستان کو 135 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر سولہویں اوور میں پورا کرلیا۔

٭…علیم ڈار کے بعد پاکستان کے نامور امپائر احسن رضا نے بھی نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا اور 50 ٹی 20 میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے دنیا کے پہلے امپائر بن گئے۔ راولپنڈی میں دوسرے ٹی 20 میچ سے قبل علیم ڈار نے انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے یادگاری شیلڈ پیش کر کے اس اعزاز پر مبارکباد پیش کی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ہی زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں امپائرنگ کی بدولت علیم ڈار سب سے زیادہ ون ڈے میچوں میں امپائرنگ کرنے والے امپائر بن گئے تھے اور ٹیسٹ کرکٹ میں بھی سب سے زیادہ 132 میچوں میں امپائرنگ کا اعزاز بھی علیم ڈار ہی رکھتے ہیں۔اس طرح کھیل کے تینوں فارمیٹ میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کا اعزاز پاکستانی آفیشلز کے پاس ہے۔

٭…ہفتہ کے روز ہونے والے سپینش لیگ کے میچ میں بارسلونا نے ریال بیٹس کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرا دیا۔ میسی نے دو گول سکور کئے۔

٭…ہفتے ہی کے روز انگلش پریمئر لیگ کے میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے ایورٹن کو تین کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا دیا۔ فرنانڈس نے دو گول سکور کئے۔

کرسٹل پیلس نے لیڈز کے خلاف ایک کے مقابلے میں چار گول سے کامیابی حاصل کی۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button