افریقہ (رپورٹس)کچھ جامعات سے

جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں علمی مقابلہ جات

مقابلہ حسن قراءت

محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور احسان سے جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانامیں مورخہ یکم اکتوبر 2020ء بروز ہفتہ مقابلہ حسن قراءت منعقدکیا گیا۔ اس مقابلے میں مکرم مرزا خلیل احمد بیگ صاحب، مکرم حافظ عبد الہادی طارق صاحب اور مکرم فہد محمد غزو صاحب بطور منصفین شامل ہوئے۔ مقابلے میں کل 28طلباء نے حصہ لیا جن میں سے اوّل پوزیشن عزیزم حافظ عبدالباسط (نائیجیریا)، دوم پوزیشن عزیزم اولائینکا عبد السلام (نائیجیریا)اور دو طلباء عزیزم عبدالصمد بواٹنگ و عزیزم عثمان ییبوا (گھانا) نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس مقابلے میں حصہ لینے والے طلباء میں سے 13طلباء کا انتخاب انٹرنیشنل مقابلہ تلاوت کے لیے بھی کیا گیا جو کہ MTA انٹرنیشنل پر منعقد ہو رہا ہے۔ اس مجلس کا اختتام دعاسے ہوا ۔ الحمدللہ

مقابلہ اذان

مورخہ 22 اکتوبر 2020ء کو جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا میں مجلس علمی کے تحت شام پانچ بجے کانفرنس ہال میں مقابلہ اذان منعقد کروایا گیا۔ کورونا کی وبا کے پیش نظر طلباء کو مناسب فاصلہ پر بٹھایا گیا اور تمام طلباء نے ماسک پہننے کی پابندی کی۔ جامعہ کے چاروں تعلیمی گروپس نے اپنے تین تین طلباء کے نام مقابلہ میں شمولیت کے لیے پیش کیے۔ مکرم ساجد محمود بٹر صاحب اور مکرم عبدالہادی طارق صاحب نے منصفین کے فرائض سرانجام دیے جبکہ دیگر اساتذہ بھی طلباء کی حوصلہ افزائی کے لئے مقابلہ کے دوران ہال میں موجود تھے۔

مقابلہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا جس کے بعد قواعد پڑھ کر سنائے گئے۔ الحمد للہ تمام طلباء نے نہایت خوش الحانی اور عمدہ تلفظ کے ساتھ اذان پیش کی جس سے تمام شاملین و سامعین نے روحانی حظ اٹھایا اور ساتھ ساتھ اذان کے کلمات زیر لب دہراتے رہے۔ مقابلہ کے بعد منصف اعلیٰ صاحب نے تلفظ اور خوش الحانی میں مزید نکھار پیدا کرنے کے لیے نصائح کیں اور طلباء کو عمدہ اذان پیش کرنے پر مبارک باد دی۔

رزلٹ کے مطابق ،عزیزم حافظ عثمان ییبواہ (شفقت گروپ)نے پہلی، عزیزم حافظ عبدالباسط(قناعت گروپ)نے دوسری اور عزیزم حافظ حبیب اللہ (عدالت گروپ) نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلہ کے اختتام پر مکرم عبدالہادی طارق صاحب نے دعا کروائی۔ الحمد للہ

مقابلہ نظم

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 04؍نومبر 2020ء بروز بدھ مقابلہ نظم کا انعقاد کیا گیا۔ اس مقابلے کے لیے مکرم انور اقبال ثاقب صاحب اور مکرم سرفراز احمد عدیل صاحب نے منصفین کے فرائض سرانجام دیے جبکہ باقی اساتذہ بھی طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے مقابلہ کے دوران موجود رہے۔

مقابلہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا جس کے بعد قواعد پڑھ کر سنائے گئے۔ نصاب میں درثمین، کلام محمود اور کلام طاہر سے ایک ایک نظم شامل کی گئی تھی۔

مقابلے میں کل 12 طلباء نے حصہ لیا جن میں سے اوّل پوزیشن: عزیزم حافظ عثمان ییبواہ(شفقت گروپ)، دوسری پوزیشن عزیزم الیاس آدم(شفقت گروپ) اور تیسری پوزیشن عزیزم لارٹے عبدالرفیق (امانت گروپ) نے حاصل کی۔ مکرم سرفراز احمد عدیل صاحب نے مقابلہ کے نتائج کا اعلان کیا اور پوزیشن لینے والے طلباء کو مبارک باد دی۔ مجلس کا اختتام دعا پر ہوا۔ الحمدللہ

(رپورٹ: انتصار احمد۔ استاد جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button