حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(16؍نومبر۔ 09:00 GMT)

کل مریض: 54,867,400

صحت یاب ہونے والے: 38,167,595

وفات یافتگان: 1,325,177

٭…چین نے نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن اور نومنتخب نائب صدر کملا ہیرس کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چین امریکی عوام کے انتخاب کا احترام کرتا ہے اور نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ چین سمجھتا ہے کہ امریکی انتخابات کا نتیجہ امریکی قوانین اور طریقہ کار کے مطابق طے کیا جائے گا۔

٭…امریکہ کے نئے قائم مقام وزیر دفاع کرسٹوفر ملر نے افغانستان اور عراق میں تعینات امریکی فوجیوں کی جلد واپسی کا اشارہ دیا ہے۔ انہوں نے امریکیوں کو پیغام دیا کہ اب گھر واپسی کا وقت ہے۔ وزارت دفاع کی ویب سائٹ پر پوسٹ کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ تمام جنگیں ختم ہوں گی۔ جنگوں کا خاتمہ سمجھوتا اور ساتھ مانگتا ہے، ہم نے چیلنجز کا مقابلہ کیا، اپنا سب کچھ دیا،اب گھر واپسی کا وقت ہے۔

٭…یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل نے پوری دنیا میں موجود یوروپین سفراءکی ایک ہفتہ طویل یوروپین ایمبیسیڈرز کانفرنس 2020ء کے اختتامی سیشن سے خطاب میں کہا کہ ایک مسابقتی دنیا میں یورپ کو اب صرف کہنے کی بجائے، طاقت کی زبان بولنے کی پریکٹس کرنا چاہیے۔ نیز وسیع سیاسی رجحانات اور کورونا وبا کے دوران یورپی یونین کی بطور سیاسی منصوبہ تقویت دینے کی ضرورت ہے۔ ایک ایسی یونین کی تشکیل جو عمل اور حفاظت دونوں کرتی ہے۔

٭…ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے دارالحکومت تہران میں دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے رہنما کے تہران میں مارے جانے کی خبر کی تردید کردی ہے۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ القاعدہ کا کوئی دہشت گرد ایرانی سرزمین پر موجود نہیں ہے جبکہ امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق القاعدہ سیکنڈ اِن کمانڈ ابو محمد المصری تہران میں اگست میں اسرائیلی ایجنٹس کی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔

٭…متنازع ریجن میں آرمینیا اور آذر بائیجان کے درمیان گزشتہ دنوں جنگ بندی کے بعد نگورنو کاراباخ میں 28 سال بعد اذان کی صدائیں بلند ہوئیں اور نمازِ جمعہ ادا کی گئی۔

٭…نیگورنو – کاراباخ سے باہر رہائش پذیر آرمینیائی لوگوں نے جنگ بندی معاہدے کے تحت گاؤں کو چھوڑنے سے قبل اپنے گھروں کو آگ لگادی۔ 10؍ نومبر کو آرمینیا اور آذربائیجان کے جنگ بندی معاہدے کے تحت نیگورنو – کاراباخ سے باہر رہنے والے آرمینیائی لوگوں کو گاؤں چھوڑ کر مذکورہ زمینیں آذربائیجان کے حوالے کرنی تھیں۔ ان لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے گھر آذریوں کے پاس نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے بزرگوں کی قبریں بھی یہاں سے منتقل کر دی ہیںکیونکہ آذری افراد قبروں کی بے حرمتی کرنے سے بھی باز نہ آئیں گے اور یہ ہمارے لیے ناقابل برداشت ہے۔

٭…آذربائیsجان سے جنگ بندی کے معاہدے پر دستخظ کرنے پر آرمینیا کے وزیر اعظم نیکول پیشینیان کے خلاف شدید احتجاج اور استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔ خبر رساں ایجنسی ’روئٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق ہزاروں مظاہرین ’نیکول غدار‘ کے نعرے لگاتے ہوئے منصب سے الگ ہونے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

آرمینیا کے دارالحکومت یریوان میں ہزاروں افراد نے پارلیمنٹ کی طرف مارچ کیا۔ پولیس نے انہیں روکا لیکن تاحال تصادم یا کسی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

٭…میانمار میں 8؍ نومبر کو عام انتخابات کے سلسلے میں ووٹ ڈالے گئے۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق میانمارکی سربراہ آنگ سان سوچی کی حکمراں جماعت نے 412 میں سے 346 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، میانمار میں حکومت بنانے کے لیے 322 نشستوں پر کامیابی درکار ہوتی ہے۔

٭…بحرین کے فرمانروا حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے ولی عہد سلمان بن حمد الخلیفہ کو نیا وزیراعظم مقرر کردیا۔ شاہی فرمان کے مطابق نئے وزیر اعظم کی تقرری کا فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ 1970ء سے بحرین کی وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز 84 سالہ وزیر اعظم شیخ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ بدھ کو امریکہ میں انتقال کرگئے تھے۔

٭…بیلجیم نے مسلمانوں کو اشتعال دلانے کے لیے قرآن پاک کی بے حرمتی کی منصوبہ بندی کرنے والے ڈنمارک کے 5 شہریوں کو گرفتار کرکے ملک بدر کردیا۔ گرفتار افراد ’اسٹرام کورز‘ یا ’ہارڈ لائن‘ کے اراکین تھے، جس کی سربراہی ڈنمارک کے اسلام مخالف اور مائیگریشن مخالف انتہا پسند راسموس پلوڈن کر رہے ہیں۔ قبل ازیں پلوڈن نے 30؍ اکتوبر کو فیس بک پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ کوپن ہیگن میں فرانسیسی قونصل خانے نے اپنے حکام کو آگاہ کیا ہے کہ میں 11؍ نومبر کو پیرس میں قرآن کی بےحرمتی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہوں۔

یاد رہے کہ رواں برس اگست میں سویڈن کے شہر مالمو میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے پر شدید احتجاج کی صورت میں ردِ عمل سامنے آیا تھا، اس دوران پولیس کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

٭…افغان نائب صدر امراللہ صالح کا کہنا ہےکہ کابل یونیورسٹی حملے کے ماسٹر مائنڈ عادل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ وہ پنج شیر صوبے کا رہائشی ہے جبکہ اس نے شریعہ لاء فیکلٹی میں 3 سال تعلیم حاصل کی۔ واضح رہے کہ رواں ماہ 2 نومبر کو حملہ آوروں نے کابل یونیورسٹی میں داخل ہو کر طلباء پر اس وقت فائرنگ کی تھی جب افغان اور ایرانی اعلیٰ عہدیدار ایک بُک فیئر کا افتتاح کرنے والے تھے۔ افغان سیکیورٹی فورسز سے چھ گھنٹے جاری رہنے والے مقابلے میں تینوں حملہ آور مارے گئے تھے۔

٭…روئٹرز کے مطابق جاپان میں اکتوبر میں مسلسل چوتھے مہینے خودکشیوں کی تعداد گزشتہ 5 برسوں میں اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ سماجی ماہرین نے بڑی تعداد میں خودکشیوں کی وجہ کورونا وائرس کے باعث آنے والے اقتصادی اثرات کو قرار دیا جس کا سب سے زیادہ شکار خواتین ہو رہی ہیں۔ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں مجموعی طور پر 2 ہزار 153 افراد نے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا جو ستمبر کے مقابلے میں 300 زیادہ ہیں جبکہ مئی 2015ء کے بعد یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔

٭…امریکی میڈیا کے لیے کام کرنے والے افغان صحافی الیاس داعی صوبائی دارالحکومت لشکرگاہ میں پریس کلب جاتے ہوئے دھماکے میں ہلاک ہو گئے۔ حملے میں ان کے بھائی اور دیگر دو افراد زخمی بھی ہو گئے۔ ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے افغان صحافی نے ایچ آر ڈبلیو کو طالبان حملوں کی رپورٹنگ کرنے پر طالبان کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیوں کے بارے میں ایک روز قبل بذریعہ ای میل بتایا تھا۔

٭…12؍نومبر جمعرات کے روز نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں موجود سعودی سفارت خانے کی عمارت پر متعدد گولیاں چلائی گئیں۔ اطلاعات کے مطابق واقعے میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا جبکہ انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ڈچ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس سلسلے میں ایک 40سالہ شخص کو گرفتار کر کے ایک کار بھی قبضے میں لی ہے۔

٭…12؍ نومبر کو مصر کے صحرائے سینا میں متعدد ممالک کے امن مبصرین پر مشتمل وفد کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں پانچ امریکی، ایک فرانسیسی اور ایک چیک ری پبلک کے شہری سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے۔

٭…یورپی یونین کے شماریاتی ادارے یورو اسٹیٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس(2019ء) میں یورپی یونین میں رہنے والے تارکین وطن نے اپنے آبائی ممالک کو 33.2 بلین یوروز بھیجے جبکہ 2018ء میں یہی رقم 30.8 بلین یوروز تھی۔ اس کے برخلاف بیرون یورپ سے یورپی یونین کے اندر آنے والی رقم کا تناسب 2019ء میں 13 ارب یوروز رہا جبکہ 2018ء میں یہی رقم 12.4 بلین یوروز تھی۔

یورو اسٹیٹ کے مطابق جن ممالک سے سب سے زیادہ رقم بیرون یورپ روانہ کی گئی ان میں فرانس پہلے نمبر پر تھا۔ جبکہ باقی ممالک میں بالترتیب سپین، اٹلی، جرمنی اور بیلجیم رہے۔ دوسری جانب جن یورپین ممالک میں رقوم آئیں ان میں رومانیہ، پرتگال، پولینڈ، اٹلی اور کروشیا شامل ہیں۔

٭…Yahooنے ویریزون اور زیڈ ٹی ای موبائل کمپنیوں کے ساتھ مل کر ’زی زی بلیڈ اے 3 وائی ‘کے نام سے 5 اعشاریہ 45 انچ ڈسپلے کا حامل سمارٹ فون متعارف کروایا ہے جس کی تعارفی قیمت صرف 50 ڈالرز رکھی گئی ہے۔ اس فون کا مدربورڈ کواڈ کور میڈیا ٹیک ہیلیو اے 22 ایس سی ہے۔ اس میں 2 گیگا بائٹ RAMکے علاوہ 32 گیگا بائٹ انٹرنل اسٹوریج بھی ہے جبکہ یہ فون 128 گیگا بائٹ تک کا میموری کارڈ سپورٹ کرسکتا ہے۔

٭…مشی گن یونیورسٹی ہیلتھ سسٹم امریکہ میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا کو شکست دینے والے افراد کو کئی ماہ بعد بھی طبی اور مالی مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ کووڈ 19 سے سنگین حد تک بیمار ہونے والے افراد کے لیے صحتیاب ہونا مشکل ہوتا ہے مگر معمول کی زندگی کی واپسی بھی آسان نہیں ہوتی۔

اس تحقیق میں کووڈ 19 کے ایسے 488 مریضوں کا جائزہ لیا گیا جو مشی گن کے ہسپتالوں میں 16 مارچ سے یکم جولائی کے دوران زیر علاج رہنے کے بعد ڈسچارج ہوچکے تھے۔ ان افراد کا جائزہ 2 ماہ بعد لیا گیا۔ ان میں سے 50 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ اس بیماری کے باعث ’جذباتی طور پر متاثر‘ ہوئے جبکہ 28 فیصد کو ذہنی صحت کے مراکز سے رابطہ کرنا پڑا۔ 36 فیصد نے ہسپتال میں زیرعلاج رہنے پر معمولی مالی مشکلات کو رپورٹ کیا جبکہ 40 فیصد اپنی ملازمتوں سے یا تو فارغ کر دیے گئے یا اتنے کمزور ہوگئے کہ کام پر واپس نہیں جاسکے۔

٭…عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے عالمگیر وبا قرار دیئے جانے کے 8 ماہ بعد کووڈ 19 دنیا کے ان دور ترین مقامات تک بھی پہنچ گیا جو اَب تک کورونا وائرس کی زد سے محفوظ تھے۔

رواں ہفتے بحرالکاہل میں واقع جزائر پر مشتمل ملک وانواتو میں بھی کووڈ 19کیس رپورٹ ہوا۔ یہ ملک آسٹریلیا کے شمال مشرق میں 12 سو میل کے فاصلے پر واقع ہے جبکہ اس سے قبل اکتوبر میں بحرالکاہل میں واقع دیگر دو ممالک مارشل آئی لینڈز اور سولومن آئی لینڈز میں کووڈ 19 کے اولین کیسز سامنے آئے تھے۔ سامووا میں بھی ایک بحری جہاز پر کام کرنے والے ورکرز میں کووڈ 19کی تشخیص ہونے پر انہیں قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔

اب ماہرین کے تخمینے کے مطابق دنیا میں صرف 9 ممالک ایسے ہیں جن میں اب تک کورونا کا ایک کیس بھی رپورٹ نہیں ہوا۔ ان ممالک میں شمالی کوریا اور ترکمانستان بھی شامل ہیں۔ جبکہ بعض ماہرین ان کے خیال میں وہاں کووڈ 19 کے کیسز موجود ہیں مگر انہیں رپورٹ نہیں کیا جارہا۔ اب کووڈ 19 سے محفوظ ممالک میں بحرالکاہل میں بہت دور دراز واقع مائیکرونیشیا، پلاؤ، ٹونگا، سامووا،کیریباتی، ناؤرو اور طوالو شامل ہیں ۔

پی ایس ایل سیزن 5 کے آخری مرحلہ کے میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے ہیں۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے بقیہ میچز مارچ میں ملتوی کر دیے گئے تھے جو اب بغیر تماشائیوں کے کھیلے جارہے ہیں۔ فائنل 17 ستمبر کو لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے مابین ہوگا۔ لاہور نے ناک آؤٹ میچز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور زلمی اور ملتان سلطان کی ٹیموں کو شکست دی۔ جبکہ کراچی ملتان کو ہرا کر فائنل میں پہنچا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button