حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(23؍نومبر۔ 09:00 GMT)

کل مریض: 59,037,722

صحت یاب ہونے والے: 40,814,548

وفات یافتگان: 1,394,533

٭…مذہبی و سیاسی تحریک لبیک پاکستان کے رہنما علامہ خادم حسین رضوی جمعرات کو انتقال کر گئے۔ اطلاعات کے مطابق آخری بیماری میں موصوف کو تیز بخار اور سانس لینے میں دشواری جیسی علامات کا سامنا تھا۔ لاہور میں ہونے والے ان کے جنازے میں تحریک لبیک کے تمام ارکان شوریٰ،سنی تحریک،جماعت اسلامی، جمعیت علمائے پاکستان، جمعیت علمائے اسلام، جامعہ نعیمیہ، جامعہ اشرفیہ کے رہنماؤں اور نمائندگان سمیت بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔ تحریک کے نو منتخب امیر اور خادم حسین رضوی کے صاحبزادے حافظ سعد حسین رضوی نے نمازِ جنازہ مینارِ پاکستان کے گریٹر اقبال پارک میں پڑھائی۔

٭…امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور کینیڈا نے چین پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ہانگ کانگ میں اپنے ناقدین کو خاموش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ نیز یہ کہ اس نے ہانگ کانگ میں منتخب اراکین پارلیمان کو نا اہل قرار دینے کے لیے نئے متنازع قوانین وضع کیے ہیں۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نےہانگ کانگ کے معاملے پر تنقید کرنے والے ممالک کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں محتاط رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا کہ چین کے عوام کسی کے لیے نہ مشکلیں کھڑی کرتے ہیں اور نہ ہی انہیں کسی کا خوف ہے۔

٭…قطر میں موجود امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے دوحہ میں طالبان اور افغان حکومتی وفود سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ طالبان وفد کی سربراہی ملا عبدالغنی برادر کر رہے تھے۔ دونوں وفود سے دوحہ میں جاری بین الافغان مذاکرات، افغان امن عمل اور افغانستان میں تشدد میں کمی پر بات چیت کی۔ امریکی وزیر خارجہ نے اس سے پہلے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمدالثانی اور قطری ہم منصب سے ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

٭…عرب میڈیا نے اسامہ بن لادن کی موت کے بعد 2011ء میں عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کی سربراہی سنبھالنے والے ایمن الظواہری کی افغانستان میں موت کا دعویٰ کردیا ہے۔ 69سالہ ایمن الظواہری دمے کے مرض میں مبتلا تھے اور کچھ عرصے سے بیمار تھے۔ امریکی حکام کے مطابق ایمن الظواہری کی موت کی اطلاعات کی تصدیق یا تردید نہیں کی جاسکتی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق القاعدہ کے رہنما 19؍جون 1951ء کو مصر میں پیدا ہوئے اور قاہرہ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔

٭…مراکش میں فرانسیسی قونصل جنرل ڈونس فرانکوئس نے گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کرلی۔ مراکشی میڈیا نے خودکشی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ قونصل جنرل نے اپنی رہائش گاہ کے اندر جہاں وہ تنہا قیام پذیر تھے، گھریلو پریشانیوں سے تنگ آ کر یہ قدم اٹھایا۔

٭…اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثمین سے گفتگو کرتے ہوئے فرانسیسی وزیر خارجہ جان ایف جوڈریان نے کہا کہ ہم اسلام کی عزت کرتے ہیں۔ او آئی سی کے ساتھ تعاون اور مکالمے کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ سیکرٹری جنرل او آئی سی نے اس موقعے پر کہا کہ مقدس ہستیوں کی توہین کا اظہار رائے کی آزادی سے تعلق نہیں ہے۔نیز یہ کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی سے متعلق او آئی سی کا موقف غیر متزلزل ہے۔

اس سے قبل فرانس نے اسلام مخالف مہم پر ردعمل دینے والے ممالک ترکی اور پاکستان سے کہا تھا کہ وہ فرانس کے ’اندرونی معاملات‘ میں مداخلت سے گریز کریں۔

٭…افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد افغانستان کا پہلادورہ کیا۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے انفرا سٹرکچر، توانائی اور پاکستان و افغانستان کے نئے ریل منصوبوں پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ سے یہ موقف ہے کہ افغانستان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ صدر اشرف غنی نے کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کی ترقی کے لیے باہمی تعاون ناگزیر ہے۔

٭…قرنطینہ کے سبب وزیراعظم بورس جانسن نے لندن میں پارلیمنٹ سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی افواج کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے منصوبہ کے تحت حکومت 4سال کے دوران افواج کو 16.5ارب پاؤنڈز دے گی۔ انہوں نے وزارت دفاع کے بجٹ میں سالانہ 10فیصد اضافہ کرنا کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی عوام کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کو جدید بنانے سے عالمی سطح پر برطانیہ کا اثر و رسوخ بڑھے گا۔

٭…سابق امریکی صدر باراک اوباما کی یادداشتوں پر مشتمل کتاب ’دی پرومسڈ لینڈ‘ رواں سال کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتابوں میں شامل ہو کرپبلشنگ ہاؤس ’پینگوئن رینڈم ہاؤس‘ کے تمام ریکارڈز توڑ رہی ہے۔ جبکہ بعید نہیں کہ اوباما رواں سال کے سب سے زیادہ پڑھے جانے والے مصنف بن جائیں۔

٭…بیروت کے نواحی علاقے ببڈا کی جیل کے 70قیدیوں نے جیل کا دروازہ توڑ کر محافظوں پر حملہ کیا اور فرار ہوگئے تاہم ان میں سے پانچ قیدی اس وقت ہلاک ہوگئے جب ان کی کار تیز رفتاری کے باعث ایک درخت سے ٹکڑا گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والی قیدیوں میں سے 15کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔

٭…یوروپین یونین کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں اس وقت ڈیڑھ ارب طالب علموں کی پڑھائی دو طرح سے متاثر ہو رہی ہے۔ ایک تو یہ کہ کورونا وائرس کے سبب تعلیمی ادارے بند ہیں۔ دوسرا یہ ہے کہ ہر تین میں سے ایک طالب علم کو گھر سے آن لائن پڑھائی کا کوئی ذریعہ دستیاب نہیں۔ ایسے طالب علموں کی تعداد تقریباً 460 ملین ہے۔ اس اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اس وبائی سال نے ہمیشہ سے بڑھ کر اس بات کو ثابت کیا ہے کہ کیسے کوئی بحران بچوں کی زندگی کو متاثر کر سکتا ہے، قطع نظر اس سے کہ وہ کس ملک کے شہری ہیں۔

٭…سعودی عرب میں ہونے والے جی20 ممالک کے ورچوئل سے خطاب میں روسی صدر نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین دیگر ممالک کو دینے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اسپوٹنک وی‘ ویکسین، دنیا کے دیگر ممالک کو دینے کے لیے تیار ہیں۔ کورونا وائرس کے خلاف ہماری ویکسین اور اس کی تیاری ہم سب کا مشترکہ مشن ہے۔ واضح رہے کہ کئی ماہ قبل بنائی گئی روسی ویکسین ’’اسپوٹنک وی‘‘ وہ پہلی ویکسین ہے جو باقاعدہ رجسٹرڈ کرائی گئی، جس کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ یہ عالمی وباء کے خلاف 90فیصد سے زائد موثر ہے۔

٭…انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے 16برس بعد دورۂ پاکستان کا اعلان کردیا۔ انگلش کرکٹ ٹیم آئندہ برس 14اور 15؍اکتوبر کو کراچی میں دو ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کے لیے 12؍اکتوبر کو کراچی پہنچے گی۔ دورے کے اختتام پر 16؍ اکتوبر کو دونوں ٹیمیں آئی سی سی ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کےلیے بھارت روانہ ہوجائیں گی۔ قبل ازیں انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ سال 2005ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور 3ٹیسٹ اور 5ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے۔ اس کے بعد پاکستان نے سال 2012ء اور 2015ء میں متحدہ عرب امارات کے میدانوں پر انگلینڈ کی میزبانی کی تھی۔

٭…انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ نے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے لیے عمر کی پالیسی متعارف کرائی ہے جس کے مطابق بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے اہل ہونے کے لیے کرکٹر کی عُمر کم از کم 15سال ہونا ضروری ہے۔ نئی پابندیوں کا اطلاق آئی سی سی ایونٹ، باہمی کرکٹ اور U19 کرکٹ سمیت مردوں، خواتین کے تمام فارمیٹ پر لاگو ہوگا۔ یاد رہے کہ سال 1996ء سے 2005ء کے درمیان سات ٹیسٹ اور 16 ون ڈے میچ کھیلنے والے پاکستان کے حسن رضا کے پاس سب سے کم عمر بین الاقوامی کرکٹر ہونے کا ریکارڈ ہے۔ دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بیٹسمین نے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 14سال کی عمر میں کیا تھا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button