افریقہ (رپورٹس)

ساؤتومے میں جماعت احمدیہ کی ساتویں مسجد (بیت محمود) کا افتتاح

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے جماعت احمدیہ ساؤتومے (وسطی افریقہ) کو شہر گوادالوپ (Guadalupe)میں اپنی ساتویں مسجد تعمیر کرنےکی توفیق ملی۔ یہ مسجد 7 میٹر چوڑی اور سات میٹر ہی لمبی ہے جس میں تقریباً ساٹھ افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔ ریجنل مبلغ گوادالوپ مکرم قمر رشید صاحب نے بڑی محنت سے مسجد کی تعمیر کروائی اور اب مسجد میں احباب جماعت کی تعلیم و تربیت کے لیےمستقل تربیتی کلاس کا انعقاد کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر عطا فرمائے اور ان کی کوششوں میں بہت برکت ڈالے۔آمین

گوادالوپ شہر ساؤتومے کیپٹل سے 12کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔ اس شہرمیں جماعت احمدیہ کا قیام 2011ء میں مکرم انوارالحق صاحب سابق مبلغ انچارج و نیشنل صدر جماعت احمدیہ ساؤتومے کے ذریعہ ہوا۔

مارچ 2020ء میں مسجد کی تعمیر ہوئی اور 30ستمبر 2020ء کو مکرم ڈاکٹر محمد اطہر زبیر صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ جرمنی نے مسجد کا افتتاح کیا۔ کورونا وائرس کے باعث اجتماعات پر پابندی تھی اس لیے افتتاح کچھ مہینے تاخیر سے ہوا۔ مسجد کے افتتاح کے لیے قریبی جماعتوں کے احباب کو بھی دعوت دی گئی تھی۔ افتتاح کے لیے 10 بجے صبح کا وقت مقرر تھا۔ جس کے لیے صبح سے ہی لوگ اکٹھا ہونا شروع ہوگئے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ پھر خدام کے ایک گروپ نے نظم پیش کی۔ اس کے بعد مختلف جماعتوں سے آئے ہوئے صدران اور دوسرے احباب جماعت نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔

مکرم سید حماد رضا صاحب مبلغ سلسلہ ٹرینداد (Trindade) اور مکرم قمر رشید صاحب مبلغ سلسلہ نے احباب جماعت کو مسجد آباد کرنے کے لیے نصائح کیں کہ اللہ تعالیٰ کے گھر کو اگر ہم آباد رکھیں گے تو اللہ تعالیٰ ہمارے گھروں کو آباد رکھے گا۔ خاکسار (مبلغ انچارج ونیشنل صدر جماعت احمدیہ ساؤتومے) نےبھی احباب جماعت کو نصائح کیں کہ ہمیں خداتعالیٰ کا بے حد شکر کرنا چاہیے جس نے ہمیں یہاں مسجد کی تعمیر کی توفیق دی۔ پس ہمیں اس مسجد کو آباد رکھنے اور حقوق اللہ و حقوق العباد ادا کرنے کی ہر وقت کوشش کرنی چاہیے۔

آخر پر مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد اطہر زبیر صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ جرمنی نے خلفائے احمدیت کے مساجد کی بابت احباب جماعت کی ذمہ داریوں کے بارے چند اقتباسات سنائے۔ اور پھر دعا کروائی۔

دعا کے بعد نمازظہر و عصر ادا کی گئیں اور تمام شاملین کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں 113؍احباب شامل ہوئے۔ خدا تعالیٰ تمام شاملین کے ایمان و ایقان میں ترقی دیتا چلا جائے۔ آمین

٭…٭…٭

(رپورٹ:انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button