عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(03؍دسمبر 10:00 GMT)
کل مریض: 64,905,071
صحت یاب ہونے والے: 44,995,429
وفات یافتگان: 1,500,454

٭… سابق وزیر اعظم پاکستان اور بلوچستان کی نامور سیاسی شخصیت میر ظفر اللہ خان جمالی انتقال کر گئے۔ وہ کافی عرصہ سے علیل تھے۔ گزشتہ دنوں وہ دل کا دورہ پڑنے پر اے ایف آئی سی ہسپتال منتقل کردیے گئے۔

وہ 23؍نومبر 2002ء کو پاکستان کے تیرہویں وزیراعظم منتخب ہوکر 26؍جون 2004ء کو وزرات عظمیٰ کے منصب سے مستعفی ہوگئے تھے۔ ان کا شمار بلوچستان کے نمایاں سیاستدانوں میں ہوتا تھا۔ وہ وزیراعلیٰ اور نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کے ساتھ ساتھ وفاقی اور صوبائی وزیر اور 2 بار سینیٹر بھی منتخب ہوئے۔

٭…ایران کی پارلیمنٹ نے ایک بل کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کو تہران کی جوہری تنصیبات کا معائنہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مذکورہ بل کے تحت اگر جوہری معاہدے 2015ء کے دستخط کنندہ ممالک تیل اور بینکنگ پر عائد پابندیوں میں نرمی نہیں کرتے تو حکومت یورینیم کی افزودگی کو بڑھانے پر ساری توانائی خرچ کرے گی۔ بل کی منظوری کا معاملہ ایران کے ممتاز ایٹمی سائنس دان کے قتل کے بعد سامنے آیا۔

٭…ترک ویب سائٹ کے مطابق ایران کی جانب سے محمد بن زاید النہیان کو براہ راست پیغام میں کہا گیا ہے کہ اگر امریکہ نے امارات کی سرزمین سے ایران پر حملہ کیا تو جواب میں ایران دبئی پر حملہ کردے گا اور ہم اسے محسن فخری زادہ کا قاتل بھی تصور کریں گے۔ ایران کا اماراتی ولی عہد سے رابطہ 29؍نومبر کو اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے محسن فخری زادہ کے قتل کی مذمت سے چند گھنٹے قبل ہوا۔

اس صورتحال کے بعد خلیج میں کشیدگی پائی جاتی ہے اور تیزی سے صورتحال تبدیل ہورہی ہے۔ اسرائیل نے اپنے سفارتخانوں کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔ اس سے قبل یہ انکشاف بھی ہوا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صدارتی مدت کے آخری دنوں میں ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کے لیے مشیروں سے مشاورت کی ہے۔

٭… برطانیہ کورونا وائرس ویکسین کے استعمال کی منظوری دینے والا پہلا ملک بن گیا۔ برطانوی ہیلتھ ریگولیٹری ایجنسی کی جانب سے امریکی اور جرمن دواساز کمپنیوں فائزر اور بائیواین ٹیک کی کورونا وائرس ویکسین کو محفوظ قرار دینے پر بڑے پیمانے پر ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے۔ برطانیہ کورونا وائرس ویکسین کی 40ملین خوراکیں آرڈر کر چکا ہے جو کہ دو خوراک کے ساتھ بیس ملین لوگوں کے لیے کافی ہوں گی۔ دوسری جانب برطانوی وزیرصحت میٹ ہینکوک اور بورس جانسن نے کورونا ویکسین کی منظوری پر فیصلے کا خیر مقدم اور اظہار اطمینان کیا ہے۔

٭…چین نے دنیا بھر کے ممالک کو فراہم کرنے کے لیے کورونا وائرس کی ویکسین کی لاکھوں خوراکیں تیار کر لیں ہیں اور شینجن ایئر پورٹ پر محفوظ انداز میں دیگر ممالک کو ترسیل یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ویکسین کے گوداموں میں داخلے کے لیے ہر فرد کا 2 ہفتے کا قرنطینہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ویکسین کی فراہمی کارگو جیٹ طیاروں کے ذریعے کی جائے گی جہاں اس ویکسین کو کنٹرولڈ درجۂ حرارت میں رکھا جائے گا۔

٭…آسٹریلیا کے وزیر اعظم سکاٹ موریسن نے چینی حکومت کے ترجمان ژاو لیجیان کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی جانے والی جعلی اور متنازع تصویر کو ہٹانے کا مطالبہ کیا جس میں ایک مسکراتے ہوئے آسٹریلوی فوجی کو ایک خون آلود چاقو افغان بچے کے گلے پر رکھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ آسٹریلیا نے اس تصویر کو جعلی اور ‘انتہائی بدنما’ قرار دیا ہے۔ یاد رہے آسٹریلوی فوجیوں کی طالبان کی لاشوں کے ساتھ متعدد متنازع تصاویر سامنے آئی ہیں۔

آسٹریلیا اور چین کے مابین حالیہ مہینوں میں تعلقات بہت تیزی سے خراب ہوئے ہیں۔ چین نے آسٹریلیا کے سامان پر اقتصادی پابندیوں کا ایک سلسلہ شروع کیا جبکہ چین کے سرکاری میڈیا نے متعدد معاملات پر آسٹریلیا کی پالیسی پر کھل کر تنقید کی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں چینی حکومت کے ملوث ہونے کی تحقیقات کے مطالبے کے بعد تلخی پیدا ہوئی ہے۔

٭… امریکی اٹارنی جنرل ولیم بار کا کہنا ہے کہ محکمہ انصاف اور ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ ٹرمپ کی جانب سے انتخابی نتائج میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کر رہے ہیں تاہم اب تک کوئی ایسا ثبوت نہیں ملا جو ان نتائج پر اثر انداز ہوا ہو۔ واضح رہے کہ امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے ہارنے والی ریاستوں میں انتخابی نتائج کو چیلنج کر رکھا ہے۔

٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سپریم کورٹ پر بھی شک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ امریکی سپریم کورٹ الیکشن میں دھاندلی کے الزامات کا کیس سنے گی۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں سپریم کورٹ کے بہترین وکلاء مل گئے ہیں اور وہ بڑا اچھا کیس لڑ سکتے ہیں مگر وکلاء کا کہنا ہے کہ وہاں کیس لگنا بہت مشکل ہے۔دوسری جانب قانونی ماہرین کے مطابق اس بات کا کوئی امکان نہیں کہ ٹرمپ انتخابات میں دھاندلی کے کیسز جیت سکیں۔

٭…نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے نیٹو کے نمائندہ ممالک کے وزرائے خارجہ کے دو روزہ آن لائن اجلاس سے قبل ایک آن لائن پریس کانفرنس میں کہا کہ افغانستان کی صورتحال پر ہم اس وقت ایک مشکل اور مخمصے کا شکار ہیں۔ اس وقت وہاں امن کے لیے ایک تاریخی پیش رفت ہو رہی ہے۔ یہ عمل اس وقت نازک مرحلے میں ہے لیکن اسے تھامنا بھی ضروری ہے۔ امریکہ نے وہاں اپنی فوج میں کمی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس صورتحال میں نیٹو اگر وہاں سے نکل جائے تو افغانستان دوبارہ سے دہشت گردوں کا محفوظ ٹھکانہ بن سکتا ہے اور اگر وہاں رکتے ہیں تو وہاں ایک طویل اور مشکل مشن کے آغاز کا خطرہ ہے جس میں اب نئی شروع ہونے والی دہشت گردی کی لہر بھی شامل ہے۔ امید ہے کہ نیٹو وزرائے خارجہ آئندہ فروری میں اس اہم موضوع پر ہونے والے اجلاس میں اس کا فیصلہ کرلیں گے۔

٭… کینڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے بھارتی کسانوں کی حمایت سے متعلق بیان پر بھارتی وزارت خارجہ نے اسے کم علمی اور غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہتر یہی ہے کہ سفارتی بات چیت کو سیاسی ضرورت کے لیے توڑ مروڑ کر نہ پیش کیا جائے۔ بھارت میں نئے زرعی قوانین کیخلاف گذشتہ کئی روز سے ریاست پنجاب، ہریانہ، دلی، راجستھان اور اترپردیش کے کسانوں کا احتجاج جاری ہے۔ یاد رہے کہ کینیڈین وزیراعظم نے ایک بیان میں بھارتی کسانوں کے احتجاج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘‘کینیڈا بھارتی کسانوں کے پرامن احتجاج کے دفاع میں ہمیشہ ان کے ساتھ ہوگا۔’’

٭…صدر مملکت پاکستان جناب ڈاکٹر عارف علوی نے چین کے وزیر دفاع وی فنگ ہی کو نشان امتیاز ملٹری عطا کیا۔ ان کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بالخصوص دفاعی شعبہ میں تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرنے پریہ اعزاز دیا گیاہے۔

دریں اثنا پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چینی وزیر دفاع نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ اس موقعے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی وزیر دفاع کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور باہمی دفاعی تعاون پر گفتگو کی گئی۔

٭…اسرائیل کی پہلی کمرشل فلائٹ 166 نے رواں ہفتے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ گزشتہ ہفتے دبئی کی جانب سے اسرائیل کے لیے اپنی کمرشل فلائٹس کا آغاز کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات جانے والی اسرائیلی پروازوں کو اپنی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دے دی ہے۔

٭…افغان فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ غزنی میں سیکیورٹی بیس پر خود کش کار بم حملے کے ماسٹر مائنڈ طالبان عسکریت پسند پاکستانی نژاد حمزہ وزیرستانی کو صوبہ غزنی میں ایک فضائی کارروائی میں ہلاک کر دیا ہے۔ صوبہ غزنی میں اتوار کو پبلک پروٹیکشن فورس کے کمپاؤنڈ پر ہونے والے کار بم حملے میں 30 اہلکار ہلاک اور 24 زخمی ہوئے تھے۔

٭… جنوبی کوریا کے جنوب مغرب میں بطخوں کے فارم میں انتہائی تیزی سے پھیلنے والے برڈ فلو (ایچ 5 این 8) کے پھیلنے کی تصدیق ہوئی ہے۔ عالمی ادارہ برائے حیوانی صحت ( او آئی ای) کے مطابق گرنری نامی قصبے میں جنوبی کوریا کی وزارت زراعت نے برڈفلو سے متاثر 19 ہزار بطخیں جبکہ برڈ فلو روکنے کے لیے 6فارموں میں 3لاکھ 92ہزار مرغیاں اور بطخیں تلف کردی گئی ہیں۔ دوسری طرف نارتھ یارکشائر کے ٹرکی فارم میں بھی برڈ فلو کی وبا پھوٹ پڑی۔ چیف ویٹرنری آفیسر کے مطابق فارم پر موجود ٹرکی میں ایوین فلو کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ فارم پر 10 ہزار سے زائد ٹرکیوں کو تلف کرنا پڑے گا۔

اسی طرح اسی قسم کے برڈ فلو (ایچ 5 این 8) نے جرمنی کے شمالی علاقے میں مرغیوں اور جنگلی پرندوں کو بھی متاثر کیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق نیدرلینڈز کے مشرقی علاقے پیوفلجک کے فارم اور ایک قریبی فارم میں 2 لاکھ مرغیوں کو تلف کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

٭… بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں اپنے 12 ہزار رنز صرف 242 اننگز کھیلتے ہوئے مکمل کر لیے۔ اس طرح وہ یہ سنگِ میل عبور کرنے والے تیز ترین بیٹسمین بن گئے ہیں۔ اس سے قبل ویرات کوہلی تیز ترین 9 ، 10 اور 11 ہزار رنز بنانے کا کارنامہ بھی انجام دے چکے ہیں۔

٭… پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں اب تک قومی سکواڈ کی 3 مرتبہ کورونا ٹیسٹنگ ہوچکی ہے۔ سکواڈ کے 54 میں سے 8 ارکان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ 8 میں سے 2 ارکان کوہسٹورک کیسز یعنی نان انفیکشیس قرار دیا گیا ہے۔ کرکٹ بورڈ کے مطابق توقع ہے کہ چوتھی ٹیسٹنگ میں جن افراد کے رزلٹ منفی آئیں گے انہیں ٹریننگ کی اجازت مل جائے گی، تاہم یہ اجازت نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کی منظوری سے مشروط ہے۔

٭…کیپ ٹاؤن : انگلینڈ نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی جنوبی افریقہ کو شکست دے کر وائٹ واش کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے۔ جواب میں انگلش ٹیم نے ڈیوڈ ملان اور جوز بٹلر کی شاندار بیٹنگ سے مطلوبہ ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں مین آف دی میچ کا اعزاز پانے والے ڈیوڈ ملان نے 47گیندوں پر 99 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں پانچ چھکے اور گیارہ چوکے شامل تھے۔ مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کا اعزاز بھی ملان کے نام رہا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button