پیغام حضور انور

جامعۃ المبشرین برکینا فاسو کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر حضور انور کے پیغام کا اردو مفہوم

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم و علی عبدہ المسیح الموعود

خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ

ھو النّاصر

اسلام آباد یوکے

15-11-2020

میرے پیارے فارغ التحصیل (طلباء)جامعہ احمدیہ برکینا فاسو

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

مجھے بہت خوشی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے آپ لوگوں کو جامعہ احمدیہ برکینا فاسو سے فارغ التحصیل ہونے والی پہلی کلاس ہونے کا اعزاز حاصل ہو رہاہے۔ یقیناً یہ آپ کے لیے قابل فخر بات ہے لیکن آپ کو یہ بات بھی مد نظر رکھنی چاہیے کہ اب آپ کے ذمہ یہ زائد ذمہ داری بھی ہے کہ آپ کو مستقبل میں اس ادارے سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کے لیے جو کہ آپ کے بعد آنے والے ہیں ایک نمونہ بننا ہے ۔

آپ لوگوں کو یہ خاص اعزاز بھی حاصل ہےکہ آپ اس جامعہ سے فارغ التحصیل ہو رہے ہیں جو خصوصاً فرنچ بولنے والی اقوام کے لیے بنا ہے۔ یہ بات نہ صرف فرنچ زبان بولنے والے ممالک کے افراد جماعت کے لیے بلکہ عالم احمدیت کے ہر فرد کے لیےباعث فخر ہوگی۔

آپ سب نے خود اپنی مرضی سے خلافت حقہ کے معاون و مددگار بننے کے لیے اپنی زندگیاں وقف کی ہیںجو کہ حضرت مسیح موعود ؑکی بعثت کے بعد خدا تعالیٰ کے وعدہ اور حضرت محمدﷺ کی پیشگوئیوں کے عین مطابق دنیا میں حقیقی اسلا م کے احیاء کے لیے قائم ہوئی ہے۔اس لیے آج سے آپ کی زندگیوں میں ایک نئے باب کا آغاز ہوتا ہے۔

اللہ تعالیٰ نے آپ کو یہ سعادت عطا فرمائی ہے کہ آپ اپنے دین کی خدمت کریں اور اس لیے اب یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ دنیا میں موجودتمام لوگوں کو حق کی طرف لانے کے لیے بھر پور کوشش کریں۔ ہمیشہ یاد رکھیں کہ آپ نے اپنی زندگیاں خدا کے لیے وقف کی ہیں اور اسلام کی سچی اور پر امن تعلیمات کو دنیا کے کناروں تک پہنچانا آپ کا مشن ہے۔ اس عہد کو ہر وقت اپنی نظروں کے سامنے رکھیں اور ہر وقت اپنا محاسبہ کرتے رہیں کہ کیا میں اس اہم کا م کو سر انجام دے رہا ہوں ؟

آپ سب نے اپنی ساری زندگی اسلام کی حقیقی اور پرامن تعلیمات کے پھیلانے کے لیے وقف کرنے کا جو عہد کیا ہے یہ کوئی معمولی عہد نہیں ہے۔ گزشتہ چار سال قرآن مجید کی تعلیم حاصل کرنے کے بعداب آپ کو عہد نبھانے کی اہمیت کے متعلق بخوبی علم ہے۔ اس لیے یاد رکھیں کہ خدا تعالیٰ کے حضور آپ سے اس عہد وقف زندگی کے بارہ میں پوچھا جائے گا۔

ذاتی طورپر آپ سب کو علم سیکھنے اوراپنے علم کو بڑھانے کی کوشش کرتے رہنا چاہیے جیسا کہ حضرت محمد ﷺ نے فرمایا ہے کہ حصول علم کا کام تمام زندگی جاری رہنا چاہیے۔ اسی طرح آپ کو احباب جماعت کی تعلیم و تربیت میں بھی مکمل طور پر مشغول رہنا چاہیے۔ ان کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ اپنے روحانی اور اخلاقی معیاروں کو بلند کریں اور اس کے ساتھ ساتھ اسلام کے خوبصورت پیغام کو تمام لوگوں تک پہنچائیں ۔

اپنے فرائض کی ادائیگی کے سلسلہ میں یہ بات نہایت اہمیت کی حامل ہے کہ آپ خدا تعالیٰ سے ایک مضبوط اور ہمیشہ قائم رہنے والا تعلق پیدا کریں۔ اگر آپ خدا تعالیٰ کے ساتھ ایک ذاتی تعلق قائم نہیں کریں گے تو نہ ہی آپ دین کو دنیا پر مقدم رکھنے کے عہد کو نبھا سکیں گےاور نہ ہی آپ دوسروں کو خدا کے قریب لانے والے فرض کو ادا کرنے کے قابل ہوسکیں گے۔

آپ کو قرآن کریم کے گہرے مضامین پر غور و خوض کرنا چاہیے اور اس کی تفسیر باقاعدگی سے پڑھنی چاہیے۔ آپ روزانہ حضرت مسیح موعود ؑ کی کتب کا مطالعہ جاری رکھیں جو کہ قرآن کریم کی بہترین تفسیر ہے۔اگر آپ کے پاس قرآن کا حقیقی علم ہوگا تو ہی آپ اسلام کے خلاف ہونے والے اعتراضات کا جواب دینے کے قابل ہو سکیں گے۔ آپ کو اسلام کی محبت،رحم دلی اور ہمدردی سے بھر پور تعلیمات کو پر اعتماد ہوکر عقلی دلائل کے ساتھ پیش کرنے کے قابل ہونا چاہیے ۔

بطور مبلغین آپ خلیفۃ المسیح کے نمائندہ ہیں اس لیے یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ خلیفہ کی آواز کو دنیا کے کناروں تک پہنچائیں۔ آپ اس پیغام کو کامیابی کے ساتھ صرف اسی وقت آگے پہنچا سکیں گے کہ جب اولاً آپ خود غور سے سنیں کہ وہ کیا پیغام دے رہا ہے۔ اور پھر ان ہدایات کو اپنی زندگیوں میں لاگو کریں۔ صرف اسی صورت میں آپ خلیفہ کے حقیقی نمائندہ بننے کے لیے تیار ہوسکیں گے۔

الحمدللہ ،گذشتہ چند سالوں کے وہ نوجوان مبلغین جن کو دنیاکے مختلف جامعات سے فارغ التحصیل ہونے کی خوش قسمتی حاصل ہوئی ہے میرے لیے اطمینان کا ایک بڑا ذریعہ ثابت ہوئے ہیں اور میرے معاون ومددگار کے طور پر کام کررہے ہیں۔ ان سب کو اس طرح کام کرتے دیکھنا میرے لیے خوشی کا باعث ہے۔ میں امید کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ یہ فارغ التحصیل ہونے والی کلاس اور اس کے بعد آنے والی تمام کلاسیں ایک بہترین نمونہ قائم کریں گی اور اپنے سے پہلوں کے قائم کیےہوئے معیاروں کو اونچا کرتی چلی جائیںگی۔اللہ آپ سب کو اپنے فضلوں اور رحمتوں سے نوازے۔

والسلام۔ خاکسار

(دستخط)مرزا مسرور احمد

خلیفۃ المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button