حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(07؍دسمبر 10:00 GMT)

کل مریض: 67,455,985

صحت یاب ہونے والے: 46,661,040

وفات یافتگان: 1,542,896

٭…ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے اپنے دور میں بے لگام ریاست جیسا رویہ اپنائے رکھا اور جوہری معاہدے سے نکل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی کی۔ نومنتخب صدر جوبائیڈن کو ایسا رویہ ختم کرنا ہوگا۔

٭… سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے اسرائیل کے ساتھ مشروط تعلقات پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیل سے معمول کے تعلقات سے پہلے فلسطینی ریاست قائم کی جائے۔ سعودی عرب اسرائیل کے ساتھ معمول کے مکمل تعلقات استوار کرنے کے لیے ہمیشہ سے تیار رہا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام ہی سے خطے میں حقیقی امن قائم ہوگا۔

٭… برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور یورپی کمیشن کی صدر اُرسلا وان دیر لیین کی جانب سے اپنے مذاکرات کاروں سے بات چیت دوبارہ شروع کرنے کی ایما پر برطانیہ اور یورپی یونین کے نمائندوں کے مابین برسلز میں برطانیہ کی یورپی یونین سے الگ ہونے کی آخری حتمی تاریخ سے پہلے تجارتی معاہدے پر اتفاق رائے کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔ برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدہ ہونے کا عمل اس سال کے آخری دن یعنی 31 دسمبر کو مکمل ہو جائے گا۔ روئٹرز کے مطابق یہ مذاکرات کا فیصلہ کن دُور ہو گا۔

٭… جمعہ 4؍ دسمبر کو بحیرۂ روم کے مذاکرات کے سلسلے میں فورم کے اجلاس میں ویڈیو کانفرنس کے دوران قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمٰن الثانی کا کہنا تھا کہ ’قطر خلیجی بحران کے حل کے بارے میں پر امید ہے۔ کسی بھی قسم کے بحران کا حل جامع ہونا چاہیے اور خلیج کے اتحاد کو برقرار رکھنا چاہئے۔‘

یاد رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے جون 2017ء میں قطر کی مبینہ دہشت گردی کی حمایت اور ایران کے ساتھ روابط کی بنا پر تعلقات ختم کرتے ہوئے قطر کے آگے بعض مطالبات رکھے تھے۔

دوسری جانب کویت کے وزیر خارجہ احمد ناصر الصباح نے کہا تھا کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے 2017ء کے وسط سے قطر کا بائیکاٹ کرنے کی وجہ بننے والے تنازعہ کے حل کے لیے نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ہے جس میں تمام فریقین نے حتمی معاہدے تک پہنچنے میں دلچپسی ظاہر کی ہے۔

واضح رہے کہ یہ بیانات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور سینئر مشیر جیرڈ کشنر کے بدھ کے روز قطر کے دورے کے بعد سامنے آئے ہیں، جس میں انھوں نے قطر کے امیر، شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کی تھی۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ وہ ایران کے خلاف متحدہ خلیجی محاذ چاہتا ہے۔

٭…کینڈین وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو کے بعد برطانوی اراکین پارلیمنٹ بھی بھارتی کسانوں کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں۔ بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سابق لیبر پارٹی لیڈر جیریمی کوربن سمیت مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 36 برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ نے بھارت میں زرعی اصلاحات کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کی حمایت کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ سے یہ معاملہ وزیراعظم نریندر مودی کے سامنے اٹھانے پر زور دیا ہے۔

٭… کیوبا میں امریکی عملے کو لاحق ہونے والی ایک پراسرار بیماری کے بارے میں نیشنل اکیڈمی آف سائنسز کی ایک تازہ ترین رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس بیماری جسے ’ہوانا سینڈروم‘ کا نام دیا گیا ہے، کی ممکنہ وجہ مائیکروویو تابکاری ہو سکتی ہے۔ ہوانا سینڈروم کی نشانی میں قوت سماعت متاثر ہونا، یادداشت کا چلے جانا اور دیگر ذہنی پیچیدگیاں شامل ہیں۔ رپورٹ میں کسی پر کوئی الزام عائد نہیں کیا گیا۔
اس سے قبل اس بیماری نے امریکی سفارتی عملے کو 17-2016 میں ہوانا میں متاثر کیا تھا جس سے سفارت خانے کے 19 اہلکاروں کی طبیعت خراب ہو گئی تھی۔

٭… چین کے قومی خلائی ادارے کی جانب سے 24؍ نومبر کو چاند کی طرف روانہ کیا جانے والا خلائی مشن چھنگ ای 5یکم دسمبر کو چاند کی سطح پر اترا۔ یہ کسی بھی سیارے سے نمونے اکھٹا کرنے والا چین کا پہلا خلائی مشن ہے۔ چین کے خلائی ادارے کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ چین نے چاند پر ’اصلی پرچم‘ یعنی کپڑے سے بنا جھنڈا لہرایا ہے۔ دسمبر 2013ء میں بھی چین کا پرچم چاند پر لہرایا گیا تھا مگر وہ ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیا تھا۔ اس طرح چین چاند پر جانے والا دوسرا ملک بن گیا ہے۔

٭…انگلینڈ کے شہر بریڈفورڈ میں واقع ایک گھر میں دھماکے کے باعث عمارت ملبہ کا ڈھیر بن گئی۔ اس واقعے میں زخمی ہونے والے 3 افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ احتیاط کے طور پر آس پاس کے 6 مکانات کو بھی خالی کرا لیا گیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکا اس طرح کا تھا جیسے کوئی بم پھٹا ہو۔ دھماکے سے عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

٭…امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگلات میں ایک بار پھر سے آگ بھڑک اٹھی۔ مسلسل ہونے والی آتشزدگی سے ریاست کے جنگلات کا 4 فیصد حصہ جل کر خاک ہوچکا ہے۔ حالیہ آگ سے بچاؤ کی کارروائی کے دوران فائر بریگیڈ کے دو کارکن زخمی ہوگئے۔ اس آگ سے اب تک کل سات مربع کلو میٹر کا رقبہ متاثر ہوا ہے جبکہ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

٭… مصر کے شمالی ساحلی شہر اسکندریہ میں چار منزلہ عمارت گرنے سے کم از کم چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اس عمارت میں دو خاندان رہائش پذیر تھے۔ جمعرات 3؍ دسمبر کو گرنے والی اس پرانی عمارت کو خالی کرنے کے کئی نوٹسز مکینوں نے نظر انداز کر دیے۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر ملبے میں دب جانے والے افراد کی تلاش کا کام شروع کردیا۔

٭…سنگاپور دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جہاں لیبارٹری میں تیار کردہ مرغی کے گوشت کے استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ماہرین کے خیال میں اس فیصلے سے دنیا کے مختلف ممالک میں لیبارٹری میں تیار کردہ گوشت کی فروخت کا راستہ کھل جائے گا۔ کمپنیوں کا دعویٰ ہے کہ اس گوشت کا ذائقہ اور ساخت میں کوئی فرق نہیں ہوگا بلکہ صنعتی زراعت پر مرتب ہونے والے موسمیاتی اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ دنیا میں 60کمپنیاں اس طرح کے گوشت کی تیاری پر کام کررہی ہیں اور انہیں توقع ہے کہ 2032ء تک اس مارکیٹ کی قدر کروڑوں ڈالرز میں ہوگی۔

٭…الجزائر میں سردی کی شدید لہر نے 30 سال کا ریکارڈ توڑ دیا اور برفباری سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے آگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے 34 صوبوں میں سردی کی شدید لہر جاری ہے۔ جبکہ 19صوبوں میں 15سینٹی میٹر تک بڑف پڑچکی ہے، سب سے زیادہ برف باری تاریخی شہر تیمقاد میں ہوئی۔

٭… اتوار 6؍ دسمبر کے روز پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سجاد قیصر نے کہا کہ ہسپتالوں میں صورت حال نازک تر ہوتی جا رہی ہے اور کورونا کے نئے روزانہ کیسز مسلسل زیادہ ہوتے جا رہے ہیں۔ نئے مریض کے لیے بستر بھی دستیاب نہیں ہیں۔ ہسپتالوں میں بستروں کے علاوہ وینٹیلیٹرز اور آکسیجن کے سلنڈروں کی بھی قلت ہے۔
یہ امر بھی اہم ہے کہ پاکستان میں اب بھی کورونا ٹیسٹ کیے جانے کی شرح کافی کم ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 41 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے۔ پاکستان میں فی دس لاکھ آبادی میں اوسطا ًصرف 25,840 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ بھارت میں یہ تعداد ایک لاکھ سے زائد ہے۔

٭…کورونا وائرس کی بے قابو صورتِ حال کے باعث جنوبی امریکہ کے ملک ارجنٹینا میں کووڈ 19 کی وبا سے نمٹنے کے لیے 12 ہزار امیر افراد پر ٹیکس لگا دیا گیا ہے۔ یہ ملینیئرز ٹیکس طبی ساز و سامان اور امدادی سرگرمیوں پر خرچ کیا جائے گا۔

٭…برطانیہ کی لیبر پارٹی کے رہنما سر کئیر اسٹارمر کے عملے کے ایک رکن کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر سر کئیر اسٹارمر 16؍ دسمبر تک قرنطینہ میں رہیں گے۔ فی الحال ان میں کورونا کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی ۔ وہ گھر سے کام جاری رکھیں گے۔

٭…برطانیہ کے بعد اب بحرین نے بھی امریکی کمپنی فائزر اور جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کی کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی ہے۔ بحرین کی قومی ہیلتھ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین سب سے پہلے ہائی رسک گروپوں کو دی جائے گی۔

٭…امریکی نو منتخب صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کی ویکسین ہرشخص کے لیے کرانا لازمی نہیں ہوگا اور اس حوالہ سے کسی پر دباؤ نہیں ڈالا جائے گا۔ نومنتخب صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ وہ اپنے دورحکومت میں عوام کو درست اقدامات اٹھانے کے لیے حوصلہ افزائی کریں گے اور عوام کی سہولت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔

٭…آسٹریلیا اور بھارت کے مابین کھیلے جانے والی تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے دوسرے میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کوچھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔ آسٹریلیا نے مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 194رنز بنائے۔ بھارت نے چار وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا ۔

٭…انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ون ڈے ہوٹل سٹاف کے دو ارکان میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ختم کردیا گیا۔ اس سے پہلے بھی جنوبی افریقہ کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر میچ ملتوی کر کے سیریز کا نیا شیڈول بنایا گیا تھا۔

٭…نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستان کی 18 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سکواڈ میں سابق کپتان سرفراز احمد بھی شامل ہیں۔ اس سیریز کا پہلا میچ 18؍دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button