حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(14؍دسمبر 10:00 GMT)

کل مریض: 72,710,142

صحت یاب ہونے والے: 50,922,559

وفات یافتگان: 1,620,243

٭…ہفتہ 12؍ دسمبر، اسرائیل اور بھوٹان کے درمیان پہلی مرتبہ سفارتی تعلقات قائم ہوگئے۔ بھارت میں تعینات اسرائیلی اور بھوٹانی سفیر نے اسرائیل بھوٹان تعلقات معاہدے پر دستخط کیے۔ اس سلسلے میں اسرائیل بھوٹان وزرائے خارجہ کے درمیان ایک سال سے بات چیت جاری تھی۔ واضح رہے کہ ریاست بھوٹان کے اب تک دنیا کے صرف 53ممالک سے سفارتی تعلقات ہیں جن میں بڑے ممالک چین، امریکہ، برطانیہ، فرانس اور روس شامل نہیں ہیں۔

٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ ایک اَور تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے کہ ہمارے دوست اسرائیل اور مراکش سفارتی تعلقات کے لئے رضامند ہوگئے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے یہ بڑی کامیابی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر یہ اطلاع بھی دی ہے کہ امریکہ نے اس کے جواب میں مغربی صحرائے صحارا پر مراکش کی خودمختاری تسلیم کرلی ہے۔

خیال رہے کہ مراکش اسرائیل سے تعلقات استوار کرنے والا چوتھا ملک ہوگا۔ مراکش سے پہلے متحدہ عرب امارات، بحرین اور سوڈان نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔

٭…امریکی سینیٹ نے 740 ارب ڈالرز سے زائد مالیت کے فوجی بجٹ کی منظوری دیدی ہے۔ دفاعی بل میں چین اور روس کے خلاف نئی حکمت عملی کے لیے بھی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ افغانستان، جرمنی اورجنوبی کوریا میں فوج کی تعداد کم کرنے کا منصوبہ عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

٭…امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران کو کسی بھی اشتعال انگیزی سے باز رکھنے کا پیغام دینے کے لیے امریکہ کے بی 52 ایچ بمبار طیاروں نے مشرق وسطی پر پرواز کی، مشرق وسطی میں امریکہ کا ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں اس نوعیت کا یہ دوسرا مشن ہے۔

مشرق وسطیٰ کے خطے پر مامور اعلیٰ امریکی عہدیدار جنرل فرینک میک کینزی نے ایک بیان میں کہا کہ ایک نان اسٹاپ مشن کے دوران دنیا بھر میں اسٹریٹجک بمبار طیاروں کی اڑانیں، متعدد علاقائی شراکت داروں کے ساتھ قریبی کاروباری تعلقات اور علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے ہماری مشترکہ وابستگی کی عکاسی کرتی ہیں۔

٭…ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں کی وجہ سے ایران کو بیرونی ممالک سے ادویات، طبی آلات اور کرونا ویکسین کے حصول میں مشکل پیدا ہو رہی ہے۔ صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے ایران کے ساتھ نیوکلیئر معاہدے سے نکلنے کے بعد سے ایران کے بینکنگ اور آئل اینڈ گیس کے سیکٹرز پر سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

٭…ایران کے صحافی روح اللہ زم کو2017ء کے حکومت مخالف احتجاج کی آن لائن جرنلزم کے ذریعے حوصلہ افزائی کرنے اور اسے مزید بڑھاوا دینے کے جرم میں پھانسی دے دی گئی ہے۔

رواں سال جون میں روح اللہ زم کو ایرانی عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائی گئی تھی۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ روح اللہ زم زمین پر فساد پھیلانے کا سبب بنا ہے۔ اس جرم کو ’المفسد فی الارض‘ کہا جاتا ہے جو سنگین جرائم مثلا جاسوسی، حکومت گرانے، تختہ الٹنے یا بغاوت زمرے میں آتا ہے۔

٭…ہفتہ 12 دسمبر، افغانستان کی وزارت داخلہ کے مطابق دارالحکومت کابل میں حامد کرزئی ایئرپورٹ، زن آباد، خواجہ راواش سمیت متعدد علاقوں کو شمالی علاقے لب جار سے کم از کم 10 راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان واقعات میں ایک شخص ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔یاد رہے کہ حالیہ ایام میں کابل میں یہ اس نوعیت کا دوسرا حملہ ہے۔ 21؍ نومبر کو کابل میں 23 راکٹوں سے حملہ کیا گیا تھا، جس میں 8 افراد ہلاک، 22زخمی ہوئے تھے۔

٭…13؍دسمبر کو درجنوں طالبان حملہ آوروں نے افغان صوبے قندہار کے دارالحکومت کے اردگرد پانچ اضلاع میں سرکاری دستوں کی کئی چیک پوسٹوں پر بیک وقت ایک بڑا اور مربوط حملہ کیا۔ یہ حملہ اتنا منظم تھا کہ اس کے جواب میں افغان فوج کو زمینی دستوں کے ذریعے شیلنگ کے علاوہ فضا سے گولہ باری بھی کرنا پڑی۔ کئی گھنٹوں تک خونریز لڑائی جاری رہی۔ ملکی وزارت دفاع کے بیان کے مطابق افغان سکیورٹی فورسز نے یہ حملہ ناکام بنا دیا اور اس کارروائی کے دوران 51 دہشت گرد ہلاک جبکہ نو زخمی ہوئے۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ اس حملے میں سرکاری دستوں کو کتنا جانی نقصان ہوا۔

٭…افغانستان کے نیشنل سیکیورٹی مشیر حمد اللّٰہ محیب نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور ملک کے اندر ہونا چاہئے۔ افغان حکومت طالبان کی تجویز کردہ کسی بھی جگہ پر مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہے۔ ملک کے اندر مذاکرات ہونے سے عوام کا امن عمل پر اعتماد بڑھے گا۔

٭…بھارت میں نئے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا احتجاج شدت اختیار کرتا جا رہا ہے ۔بھارتی کسان اور سکھ کمیونٹی ملک کے اندر اور باہر سراپا احتجاج ہیں۔ اس ضمن میں سکھ کمیونٹی کی ریلی نے پیرس میں ایفل ٹاور سے انڈین سفارت خانے تک احتجاجی مارچ کیا۔ ٍاحتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت کی موجودہ حکومت سکھوں کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہی ہے۔ ہم بھارت میں پنجابی کسانوں کو انصاف دلوانے کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں۔

٭…لندن میں مظاہرین کی جانب سے ممکنہ دھاوے کے پیش نظر بھارتی ہائی کمیشن کا کنٹرول سکاٹ لینڈ یارڈ نے سنبھال لیا۔ ہائی کمیشن کے اطراف رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں اور وہاں ایک سو سے زائد پولیس اہل کار تعینات کردیے گئے۔

٭…امریکہ کے کئی شہروں میں صدر ٹرمپ کے حامی انتخابات میں وسیع پیمانے پر انتخابی دھاندلیوں کے الزامات لگاتے ہوئے 12؍ دسمبر کے روز سڑکوں پر جلوس کی صورت میں نکلے۔ بعض مقامات پر ان کے مخالفین کے ساتھ جھگڑوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اس دوران امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں بیس کے قریب مظاہرین کو گرفتار کیا گیا۔ ان مظاہروں کے دوران چار افراد کے چھرے گھونپ کر زخمی کیے جانے کے واقعات بھی پیش آئے۔

٭…چین میں امریکی میڈیا کے لئے کام کرنے والی ایک چینی شہری خاتون صحافی Haze Fan کو پیر 7؍ دسمبر کے روز اُن کے گھر سے سادہ کپڑوں میں ملبوس سیکیورٹی اہلکاروں نے حراست میں لے لیا۔ چین کی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ بیجنگ نیشنل سیکیورٹی بیورو کی جانب سے چین کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شبہے میں فین کےخلاف لازمی اقدامات اٹھائے گئے اور فی الحال تفتیش جاری ہے۔

٭…اسرائیلی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی تحقیقاتی ادارے سی آئی کے سابق سربراہ جان برینن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو نے اسرائیلی سیاست کو ایک الگ رخ دیا، نتن یاہو ذاتی طور پر بااصول یا بااخلاق شخص نہیں لیکن بہت چالاک اور موقع پرست سیاستدان ہیں۔

جان برینن نے کہا کہ نتن یاہو کو اگر فلسطین کے دو ریاستی حل میں اپنا مفاد نظر آتا تو وہ اس پر اب تک عمل پیرا ہو چکے ہوتے۔نتن یاہو نے اسرائیلی آبادکاری کا منصوبہ بھی اسرائیل کے دائیں بازو کے گروپ کی حمایت حاصل کرنے کے لیے بنایا اور اس منصوبے کو امارات اور بحرین سے تعلقات قائم کرنے کے لیے بھی استعمال کیا۔ جان برینن کا کہنا تھا کہ اسامہ بن لادن کا قتل امریکی آپریشن تھا تاہم اس آپریشن میں اسرائیل کی انٹیلی جنس معلومات بھی شامل تھیں۔

٭…یورپین یونین کے انسداد جرائم کے ادارے یوروپول نے یورپ بھر میں کیے جانے والے ایک آپریشن کے دوران 73ملین یورو مالیت کی غیر قانونی و غیر معیاری اینٹی کینسر، امراض مخصوصہ، درد کش اور مختلف دیگر امراض میں کام آنے والی جعلی ادویات کے علاوہ مختلف طرح کے ڈوپنگ کے لیے استعمال ہونے والے ہارمونز اور میٹابولک ریگو لیٹرز ضبط کر لیے ہیں۔ اس دوران 25 مجرم گروہوں کا خاتمہ کرکے 667 افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

یوروپول کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یوروپول کے زیر انتظام اس سال مارچ سے لے کر ستمبر 2020ء کے درمیان کیے گئے اس یورپ وائڈ ’آپریشن شیلڈ‘ میں 19ممبر اور 8غیر ممبر ممالک کی پولیس نے حصہ لیا۔1282مزید افراد کو اس جرم میں شامل ہونے کے الزام کی بنا پر پولیس کو رپورٹ کرنے کا پابند کیا گیا ہے۔ اس دوران 10غیرملکی لیبارٹریز کو سیل جبکہ 453ویب سائٹس بند کروائی گئی ہیں، نیز 4009ویب سائٹس ایسی ہیں جنہیں مانیٹر کیا گیا۔ اس آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 95مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔

٭…جرمنی کی چانسلر انگلا میرکل نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر کرسمس کے موقع پر 16 دسمبر سے 10 جنوری تک ملک گیر لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ اس دوران اسکول، غیر ضروری اشیا کی دکانیں، شراب خانے اور ریستوران بند رہیں گے۔ لوگوں کا ہجوم روکنے کے لیے آتش بازی کے سامان کی فروخت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

٭…ایران اور افغانستان کے درمیان 130کلومیٹر طویل ہرات خواف ریلوے لائن کا باقاعدہ افتتاح ہوگیا۔ ایران کے ساتھ ریلوے سروس شروع ہونے سے افغانستان کا یورپی ممالک سے بھی رابطہ استوار ہو جائے گا۔ افتتاحی تقریب سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ افغانستان کو بہت جلد چاہ بہار ریلوے سے بھی جوڑا جائے گا۔ اس موقع پر افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ علاقائی رابطوں کے لیے ریلوے پروجیکٹ ایران اور افغانستان کی انتھک کوششوں اور لگن کا نتیجہ ہے۔یہ پروجیکٹ مستقبل میں معاشی خوشحالی کا ذریعہ بنے گا۔ تمام علاقائی ممالک کو معاشی منصوبوں کے لیے ایسے ہی عزم اور تعاون کی ضرورت ہے۔ پچہتر ملین ڈالرز کے ہرات خواف ریلوے پروجیکٹ کا آغاز 2007ء میں ہوا تھا۔

٭…مکہ مکرمہ میں فوجداری عدالت نے سانحہ حرم کرین کے حوالے فیصلہ جاری کرتے ہوئے 13ملزمان کو الزامات سے بری کر دیا جس میں ’بن لادن‘ گروپ بھی شامل ہے۔ جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان پر فرد جرم ثابت نہیں ہوئی۔ کیس اپیل کورٹ کو ارسال کر دیا گیا ہے جہاں اس پر مزید بحث کرکے فیصلہ صادر کیا جائے گا۔

٭…آذربائیجان نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ کی ناگورنو کاراباخ میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود جھڑپوں میں اس کے چار فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ ہلاکتیں ان علاقوں میں ہوئیں جن کا کنٹرول اس نے 9؍نومبر کی جنگ بندی سے قبل حاصل کر لیا تھا۔ دریں اثنا آرمینیا کی وزارتِ خارجہ نے آذربائیجان پر الزام لگایا ہے کہ اس نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔

٭…نیو یارک شہر کے علاقے مین ہٹن میں ایک خاتون ڈرائیور نے ان مظاہرین پر کار چڑھا دی جو تارکین وطن افراد کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ اس واقعہ میں باعث 6 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے خاتون ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔ تاہم اس حوالے سے تفتیش جاری ہے کہ آیا یہ ایک حادثہ تھایا نہیں؟

٭…سعودی عرب کے مختلف شہروں سے ہوتا ہوا صحرائی ٹڈی دل مکہ مکرمہ بھی پہنچ گیا جس کے باعث حرم کلاک ٹاور ٹڈیوں میں چھپ گیا۔ سعودی محکمہ ماحولیات کی جانب سے بروقت کارروائی میں ٹڈیوں کو فوری تلف کردیاگیا۔ مختلف سعودی شہروں پر حملہ کرنے والے ٹڈی دل کو تلف کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ صحرائی ٹڈیاں قریبی ممالک سے سعودی عرب میں آئی ہیں۔

٭…کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہونے کے بعد فرانس کے علاقے لینڈز کے ایک ضلعے میں انتہائی خطرناک برڈ فلو کی موجودگی کی اطلاع ملی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان علاقوں کے فارموں میں انتہائی تیزی سے پھیلنے والے برڈ فلو کی وبا کی تصدیق ہوئی ہے۔

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button