حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(06؍دجنوری 09:00 GMT)

کل مریض: 85,552,841

صحت یاب ہونے والے: 60,527,850

وفات یافتگان: 1,851,714

٭…امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 2021ء کے پہلے خطبہ جمعہ میں دنیا کو کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والی تشویشناک عالمی معاشی صورتحال کی وجہ سے ایک خطرناک جنگ کے خطرہ سے متنبہ فرمایا۔ حضورِ انور نے فرمایا کہ سربراہانِ مملکت اور عوام کو اپنے خالق و مالک کی طرف جھکتے ہوئے دنیا میں قیام امن کے لیے موثر کردار ادا کرنا ہو گا۔ (مزید تفصیلات کے لیے ملاحظہ فرمائیے شمارہ ہذا کا صفحہ اول)۔

٭… 04؍ جنوری سوموار کے روز فرانس سے آزادی حاصل کرنے والے مغربی افریقہ کے ملک نائیجر میں مالی کی سرحد کے قریب داعش کے مبینہ دو حملوں میں 70 شہری ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ پہلا حملہ کومبانگو گاؤں میں ہوا جس میں بعض اطلاعات کے مطابق کم ازکم 49 شہری ہلاک اور 17 زخمی ہوئے جبکہ وزارت داخلہ کے سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دوسرا حملہ زارومداریے میں ہوا جہاں 30 شہری مارے گئے۔

٭… برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان طے پانے والی بریگزٹ ڈیل کے متعلق حکومتی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ڈیل سے برطانوی عوام سے ریفرنڈم اور انتخابات پر کیے گئے وعدے پورے ہوگئے جو پورے ملک کے بزنسز اور خاندانوں کیلئے یہ زبردست خبر ہے۔ بریگزیٹ معاہدے کے بعد برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ اور یورپی یونین میں 668 ارب پاؤنڈ کا تجارتی معاہدہ طے پایا ہے، یہ اب تک کاسب سے بڑا تجارتی معاہدہ کیا ہے۔ یقین ہے بریگزٹ معاہدہ پورے یورپ کے لئے بہتر ثابت ہوگا۔ معاہدے کے بعد برآمد کنندگان کو یورپ کے ساتھ تجارت کے مزید مواقع ملیں گے۔ ہم نے اپنے قوانین کا کنٹرول مکمل طور پر واپس حاصل کر لیا ہے، تجارتی معاہدے کے بعد برطانیہ پر یورپین کورٹ آف جسٹس کا دائرہ کار بھی ختم ہوگیا۔ 1973 کے بعد پہلی بار ہمارے پانیوں پر ہمارا اختیار ہوگا۔ بورس جانسن کا مزید کہنا تھا کہ یورپ کے دروازے پر متحرک اور خوشحال برطانیہ کوئی بری بات نہیں۔

٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں واقع امریکی سفارت خانے پر گذشتہ ہفتے ہونے والے حملے کا الزام ایران پر لگاتے ہوئے ایران کو تنبیہ کی اور کہا کہ ایک امریکی بھی مارا گیا تو اس کا ذمے دار ایران ہو گا، ایران کو اس پر سوچنا چاہیئے۔ واضح رہے کہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

٭… پینٹاگون سے جاری بیان کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے سعودی عرب کو 290 ملین ڈالر مالیت کے 3 ہزار اسمارٹ بموں کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی۔ معاہدے میں تین ہزار اسمارٹ بم، کنٹینرز، سپورٹ اکیوپمنٹ، اسپیئر اینڈ ٹیکنیکل سپورٹ شامل ہے۔ مجوزہ فروخت سعودی عرب کو درپیش حالیہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھائے گی۔

٭…28؍ دسمبر کو نئی تشکیل شدہ اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کے اراکین کو سعودی عرب سے لے کرآنے والے طیارے کے عدن ہوائی اڈے پر اترتے ہی ہونے والے دھماکوں میں 26 افراد ہلاک اور 110 زخمی ہوگئے۔ بعض عہدیداروں نے اس کے پیچھے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کا ہاتھ ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ اس حملے میں نئی حکومت کے تمام وزرا محفوظ رہے۔ اس حملے کے کچھ ہی دیر بعد صدارتی محل کے قریب بھی ایک دھماکہ ہوا۔ واقعہ کی لائیو کوریج کے مطابق طیارے کے لینڈ کرتے ہی پہلے دھماکوں کی زوردار آوازیں اور پھر بندوق کی گولیوں کی آوازیں سنائی دیں۔

یمنی وزیرِاعظم معین عبدالمالک سعید نے ایک انٹرویو میں کہا کہ حملہ یمن میں امن اور استحکام کے خلاف پیغام ہے۔ عدن ایئرپورٹ پر ہونے والا میزائل حملے کا مقصد نئی حکومت کی پوری کابینہ کو ختم کرنا تھا۔ دوسری جانب یمن کے شہر الحدیدہ میں شادی کی تقریب کے دوران ہال میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے 5 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔ حکام کے مطابق یکم جنوری کی رات الحدیدہ میں شادی ہال میں ہونے والا دھماکا پراجیکٹائل پھٹنے سے ہوا۔

٭… صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرک کے علاقہ ٹیری میں نامعلوم حملہ آوروں نے ہندووں کے پیشوا، پرم ہنس، کی سمادھی اور ملحقہ مندر ’’کرشن دوارہ‘‘ کو مسمار کر دیا ۔ پولیس نے سمادھی کے احاطے کو کنٹرول میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔ ہندوؤں کے گرو، پرم ہنس جی مہاراج کا جب 1919ء میں انتقال ہوا تو ان کی سمادھی ٹیری میں دفن کی گئی جس کی زیارت کے لیے صوبہ سندھ کے بیشتر حصوں سے ہندو برادری کے افراد آتے رہتے تھے۔ تاہم 1997ء میں مشتعل ہجوم کے حملے میں مندر کو مسمار کر دیا گیا تھا۔ ہندو برادری نے اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ جس کے جواب میں سپریم کورٹ نے اپنے 2015ء کے فیصلے میں ہندو برادری کو دوبارہ مندر تعمیر کرنے کی اجازت دے دی۔ چند ماہ قبل ہندو برادری نے مندر سے ملحقہ ایک گھر خریدا جس سے علاقے کے افراد میں یہ تاثر پھیلا کہ ہندو دوبارہ سے اپنی آبادی بڑھانا چاہتے ہیں۔ مندر کے منتظم نے مزید بتایا کہ انھیں کچھ ذرائع سے اطلاع ملی کہ بدھ کے روز ایک جلسہ کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس کے بعد مندر کو نذر آتش کیا جا سکتا ہے۔ وہ یہ تمام معاملہ پولیس کے علم میں لے آئے جس کے بعد انھیں تحفظ کی یقین دہانی دلائی گئی۔ ان کے مطابق وہ یہ سب سمجھنے سے قاصر ہیں کہ بروقت معلومات ہونے کے باوجود اتنا بڑا سانحہ کیسے واقع ہو گیا۔

٭… امریکی کانگریس نے 744 ارب ڈالر کا دفاعی بل منظور کرلیا۔ امریکی سینٹ میں 81 ارکان نے بل کے حق میں جب کہ 13 نے مخالفت میں ووٹ ڈالا۔ امریکی ایوان نمائندگان اس بل کی پہلے ہی منظوری دے چکا تھا، دونوں ایوانوں میں اس بل کو دو تہائی اکثریت سے منظور کیے جانے کے باعث صدر ٹرمپ اب اس بل کو ویٹو نہیں کر سکیں گے۔ صدر ٹرمپ نے اس بل کو ویٹو کرنے کا اعلان کررکھا تھا۔

٭…اٹلی کے شہر روم میں سال نو پر آتش بازی کے باعث کئی سو پرندے ہلاک ہوگئے، عینی شاہدین نے ویڈیوز بنا کر وائرل کردیں۔ روم کے میئر کی جانب سے 31 دسمبر سے 6 جنوری تک آتش بازی پر پابندی عائد تھی لیکن عوام نے اس پابندی کو ہوا میں اڑا دیا۔ جانوروں کے حقوق کے گروپوں نے اس واقعے کو ایک ’ قتل عام‘ قرار دے دیا۔

٭… امریکی ریاست ٹيکاس میں اتوار 3؍ جنوری کے روز چرچ میں فائرنگ سے پادری ہلاک جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق زخميوں ميں حملہ آور بھی شامل ہے جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حملے کے وقت چرچ ميں کوئی تقريب نہيں ہو رہی تھی۔چرچ کے پادری نے جب مسلح شخص کو دیکھا تو اس نے بھی بندوق نکال لی لیکن ملزم نے فوراً فائرنگ کرکے پادری کو ہلاک کردیا اور گن چھین لی۔گورنر ٹیکساس کے مطابق حملہ آور کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔

٭… پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں حکام کا کہنا ہے کہ مچھ میں کوئلہ فیلڈ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں کم از کم 10 کان کن ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد سے ہزارہ برادری نے میتیں شاہراہ پر رکھ کر احتجاج کیا۔ہزارہ برادری سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد میتوں کو کوئٹہ میں ہزارہ ٹاؤن کے ولی العصر امام بارگاہ منتقل کر دیا گیا۔شدت پسند تنظیم نام نہاد دولتِ اسلامیہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

٭…افغانستان میں دو ماہ کے دوران میڈیا سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد کو قتل کیا جا چکا ہے۔ افغان حکام کے مطابق جمعہ کو صوبے غور کے شہر فیروز کوہ کے قریب مقامی ریڈیو اسٹیشن کے ایڈیٹر ان چیف 28سالہ صحافی بسم اللّٰہ عادل کو مسلح افراد نے گولی مار کر قتل کیا۔ حالیہ دنوں میں افغانستان میں صحافیوں، حکومتی اہلکاروں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

٭ …طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے والے افغان حکومتی وفد میں شامل ایک رکن حافظ منصور نے کہا ہے کہ طالبان کی اکثریت یہ سمجھتی ہے کہ لڑائی کے ذریعے اقتدار حاصل کیا جا سکتا ہے، جو ایک خطرناک ذہنیت ہے۔ طالبان ابھی تک جنگ بندی پر تیار نہیں ہیں۔ یہ بات انہوں نے ایک ایسے موقع پر کہی ہے جب طالبان اور افغان حکومت کے وفود آئندہ ہفتے سے مذاکرات کا سلسلہ بحال کرنے والے ہیں۔

٭… مالی کے ریاستی دفتر استغاثہ کے مطابق ’حکومت کے خلاف منصوبہ بندی، اس میں مجرمانہ شراکت، ملکی سربراہ کی توہین اور جرم میں معاونت‘ کے الزامات کے تحت 6افراد کے خلاف تفتیش جاری ہے۔ ان چھ افراد کا قانونی دفاع کرنے والے وکلا کے ایک گروپ نے بتایا کہ ان میں سابق وزیر اعظم بوبو سیس بھی شامل ہیں، جن پر ’بغاوت کی کوشش‘ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

٭… آئرلینڈ نے سلامتی کونسل کے منتخب ممبر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ ڈبلن میں آئرش وزارت خارجہ کے مطابق آئرلینڈ یکم جنوری 2021ء تک سلامتی کونسل کا ممبر رہے گا۔

٭… پرتگال نے یکم جنوری 2021ء سے آئندہ چھ ماہ کے لیے یورپین یونین کی صدارت سنبھال لی۔اس نے یہ ذمہ داری جرمنی کے بعد حاصل کی ہے جس کی 6 ماہ کی مدت کا دورانیہ 31؍ دسمبر 2020ء کو اختتام پذیر ہوگیا۔ پرتگال نے اس وقت یورپین یونین کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں جب یورپ بھر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ویکسین کی تقسیم اور برطانیہ کے ساتھ بریگزیٹ کے بعد کے معاملات عملی طور پر آگے بڑھنے ہیں۔

٭… نیویارک اسٹاک ایکسچینج نے تین چینی ٹیلی کام کمپنیوں کو فہرست سے نکالنے کا عمل شروع کردیا ہے جیسا کہ وہ چینی فوج سے تعلقات رکھنے والی فرموں میں سرمایہ کاری کو روکنے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کے حکم کی تعمیل کرنا چاہتا ہے۔ ایسا اس وقت ہوا ہے جب دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے مابین تجارت اور کورونا وائرس سے لے کر ہانگ کانگ اور سنکیانگ تک کے باہمی تعلقات خرابی کی جانب بڑھے۔

٭… دنیا کا کوئی خطہ کورونا وائرس کی موذی وباء سے محفوظ نہیں، اس کے مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 8کروڑ 50 لاکھ 27 ہزار 813 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 18 لاکھ 44 ہزار 685 ہو گئیں۔

٭…برطانوی پارلیمنٹ کے اجلاس میں وزیرتعلیم گیون ولیمسن نے سکول کھلنے کی تفصیلات اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ’لاک ڈاؤن کے ٹیئر فور علاقوں میں قائم اسکول چار جنوری سے نہیں کھولے جائیں گے‘۔انہوں نے بتایا کہ سیکنڈری اسکولز کی مخصوص برانچوں کے علاوہ اکثریت کو چار جنوری سے نہیں کھولا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے کھلنا وقت پر بہت زیادہ مشکل ہے، آئندہ چند روز میں صورت حال کا مزید جائزہ لینے کے بعد اسکول کھولنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

٭…امپیریل کالج لندن کی نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم پہلی قسم کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے اور تمام عمر کے افراد اس وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ ماہرین نے خیال ظاہر کیا ہے کہ کیسز پر قابو پانے کے لیے برطانوی حکومت کوپابندیاں مزید سخت کرنی ہوں گی۔

٭…کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی پوری ٹیم 84 ویں اوور میں 297 رنز پر آؤٹ ہوگئی، اظہر علی نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے وہ 93 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، کیویز نے پہلی اننگ میں بیٹنگ کا آغاز دوسرے روز 286 رنز بنائے اور اس کے 3کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ یاد رہے کہ اس ٹیسٹ سیریز میں نیوزی لینڈ کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button