امریکہ (رپورٹس)

برازیل کے شہر پیٹروپولس میں بک سٹال اور پمفلٹ کی تقسیم کا پروگرام

(وسیم احمد ظفر۔مبلغ انچارج برازیل)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برازیل کو مورخہ 12؍دسمبر 2020ء بروز ہفتہ برازیل کے شہر پیٹروپولس (Petropolis) کے سینٹر میں بک سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ اس بک سٹال لگانے کی کونسل سے منظوری اور ٹینٹ وغیرہ لگانے کا تمام ترکام ایک کونسلر جناب Luizinho کے توسط سے ہوا جو 2018ء میں جلسہ سالانہ یوکے میں شامل ہوئے تھے اور انہیں حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کا شرف بھی حاصل ہوا تھا۔ اس بک سٹال میں پبلک کے استفادہ کے لیے قرآن کریم کے مختلف تراجم کے نسخوں کے علاوہ پرتگیزی اور بعض دیگر زبانوں میں بھی کتب رکھی گئی تھیں۔ نیز جماعت احمدیہ برازیل کے اخبار ’’الھدیٰ‘‘ کی کاپیاں اور تعارفی پمفلٹ بھی رکھے گئے تھے۔ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی بڑی تصویر نمایاں جگہ پر آویزاں کی گئی اسی طرح مختلف بینرز میں خلفائے احمدیت کی تصاویر ، ان کا تعارف، مختلف اقتباسات اور ہیومینیٹی فرسٹ برازیل کے تحت خدمت انسانی کے کاموں کا ایک جائزہ وغیرہ شامل تھے۔

سٹال پر وزٹ کرنے والوں نے قرآن کریم کے تراجم میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اسلام اور احمدیت کے متعلق مختلف سوالات پوچھے جن کے جوابات خاکسار کو دینے کی توفیق ملی۔ اسی طرح حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تصنیف لطیف ’’مسیح ہندوستان میں‘‘ بھی توجہ کا مرکز رہی۔ ا س موقع پر1000کی تعداد میں اسلام اور احمدیت کے تعارف پر مبنی پمفلٹ لوگوں میں تقسیم کیا گیا جس میں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی فوٹو اور مسیح کی آمد ثانی کے بارہ میں بھی بتایا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے کاموں میں برکت ڈالے۔ آمین

(رپورٹ: وسیم احمد ظفر۔ مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button