افریقہ (رپورٹس)

احمدیہ پرنٹنگ پریس گیمبیا میں فائیو کلر مشین کا افتتاح

(سیّد سعید الحسن۔ مبلغ انچارج گیمبیا)

پرنٹنگ پریس کی افادیت و اہمیت سے ساری دنیا واقف ہے لیکن اشاعت اسلام کے لیے حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے جس طرح اس کا استعمال کیا اسلامی دنیا میں اس کی کوئی مثال نہیں۔ پچاسی سے زائد نادر کتب کا شائع کرنا جو مذاہب باطلہ کے رد اور حقانیت اسلام کے لیے چمکتے ہوئے موتیوں کی طرح تھیں اور پھر ساری دنیا میں اشاعت اسلام کے لیے رسائل کا اجرا جیسے ریویو أف ریلجنز،البدر،الحکم اور دیگر رسائل، اور پھرقادیان میں پرنٹنگ پریس کا آغاز و قیام نئے ہتھیاروں کی طرح تھا جس نے ساری دنیا میں اسلام کی دھاک بٹھا دی اور الحمد للہ آج دنیا کے مختلف ممالک میں جماعت احمدیہ کے کئی پرنٹنگ پریس اشاعت اسلام کے کام میں معاون و مددگار ہیں۔

ان خوش قسمت ممالک میں گیمبیا بھی شامل ہے جہاں 1991ءسے احمدیہ پرنٹنگ پریس خدمات دینیہ میں مصروف ہے۔انتہائی نامساعد حالات میں مکرم منصور احمد مبشر صاحب مربی سلسلہ نے پریس کا آغاز کیا اور کامیابی سے چلایا اور اب اللہ کے فضل سے یہ پریس جدت کی طرف مائل ہے۔

اللہ کے فضل و کرم سے مورخہ 8؍جنوری 2021ءبروز جمعۃ المبارک احمدیہ پرنٹنگ پریس ٹیلنڈنگ گیمبیا میں بعد از نماز جمعہ فائیو کلر مشین کا افتتاح ہوا۔ افتتاحی تقریب میں مکرم امیر صاحب گیمبیا، ٹیکنیکل ٹیم برائے انسٹالیشن،ممبران نیشنل مجلس عاملہ اورملک کے طول وعرض سے جمعہ میں شریک بہت سارے دیگر احباب جماعت نے شرکت کی۔

مکرم امیر صاحب گیمبیا نے فیتا کاٹ کر جرمنی سے درآمدہ فائیو کلر مشین کا افتتاح کیا۔ اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے مکرم امیر صاحب نے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی شفقتوں کی وجہ سے آج ہم اس مشین کو گیمبیا میں دیکھ رہے ہیں۔ مکرم امیر صاحب نے سربراہ ٹیکنیکل ٹیم اور ان کی تکنیکی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے انتھک محنت کر کے مشین کو فکس کیا۔ مکرم امیرصاحب نے کہا کہ اس مشین کی وجہ سے جماعت کے اشاعت سے متعلقہ کاموں میں سہولت پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں جدت آئے گی جو ملکی ترقی میں بھی ممد و معاون ہو گی۔ اس موقع پر مکرم امیر صاحب نے مینیجر پریس مکرم محمد ظہیر احمد اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان سب کی انتھک محنت کی وجہ سے پریس ایک خاص مقام پر پہنچا ہے۔ مینیجر صاحب پریس نے بھی حضور ایدہ اللہ کی شفقتوں کا ذکر کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں أئندہ بھی مزید کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ تقریب کے اختتام پر ریفریشمنٹ کا بندوبست بھی کیا گیا تھا۔ ایم ٹی اے گیمبیا نے مکرم امیر صاحب اور مکرم پریس مینیجر صاحب کا انٹرویو لیا۔

اس بابرکت موقع پر پریس مینیجر صاحب اور ان کی ٹیم نے مشین کی پہلی پرنٹنگ کا آغاز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ایک خوبصورت رنگین تصویر اے ٹو پوسٹرسائز میں پرنٹ کر کے کیا۔ الحمد للہ علی ذلک

یاد رہے کہ یہ مشین حضور ایدہ اللہ کی گیمبیا پر بے شمار شفقتوں میں سے ایک ہے۔ اس سے پہلے حضور انور نے 2014ءمیں سی ٹی پی (کمپیوٹر سے براہِ راست پلیٹ بنانے والی ) مشین بھجوائی جو گیمبیا میں صرف احمدیہ پرنٹنگ پریس کے پاس ہے۔اسی طرح 2017ءمیں ازراہ شفقت ٹو کلر مشین بھجوائی۔ اور اب انتہائی جدید ٹیکنالوجی سے لیس فائیو کلر مشین عنایت فرمائی ہے۔ اللہ کے خاص فضل سے اس طرح کی فائیو کلر مشین پورے گیمبیا میں صرف احمدیہ پرنٹنگ پریس کے پاس ہے۔ اگرچہ گورنمنٹ کے پاس فائیو کلر مشین ہے لیکن وہ پرانے ماڈل کی ہے جو زیادہ افادیت کی حامل نہیں۔ اس مشین کے آنے سے احمدیہ پرنٹنگ پریس نے ترقی کا ایک اور زینہ طے کر لیا ہے۔ امید ہے کہ اس پریس کا فائدہ گیمبیا کے علاوہ ہمسایہ ممالک سینیگال اور گنی بساؤ کی جماعتیں بھی اٹھائیں گی۔ حضور انور نے ازراہ شفقت ماہرین کی ایک ٹیم کو مشین کی فکسنگ کے لیے ارشاد فرمایا جنہوں نے لگاتار دس بارہ دن سخت محنت و جانفشانی کے ساتھ مکینیکل و الیکٹریکل کام مکمل کر کے مشین کو فکس کیا اور پریس کی مقامی ٹیم کو کام کرنے میں مدد دی ( یاد رہے کہ پریس کی ٹیم میں واقفین نَو اور اللہ کی راہ میں اسیری برداشت کر چکنے والے افراد کے علاوہ مقامی افراد بھی شامل ہیں۔ جو اپنے کام میں ماہر ہیں۔)

جیسا کہ عرض کیا جا چکا ہے کہ گیمبیا میں احمدیہ پرنٹنگ پریس کا قیام 1991ءمیں ہوا۔ شروع میں پریس کی ملکیتی چند ایک روایتی مشینیں تھیں اور پھر حضور انور نے ازراہ شفقت کئی جدید ٹیکنالوجی کی حامل مشینیں عطا فرمائیں جس کی وجہ سے آج احمدیہ پرنٹنگ پریس ملک کا ایک سرکردہ پریس ہے۔ پرنٹنگ کے اعلیٰ معیار کی وجہ سےعوام اور گورنمنٹ کا بے حد اعتماد ہے جس کی وجہ سے جماعتی پرنٹنگ کے علاوہ حکومتی اور دیگر اداروں کی پرنٹنگ کا کام بھی آجاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کرے کہ احمدیہ پرنٹنگ پریس گیمبیا حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خواہش کے مطابق اشاعت اسلام کے کام میں اپنا کردار بہترین انداز سے ادا کرنے کی توفیق پائے۔

(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ مشنری انچارج گیمبیا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button