افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ گیمبیا کی مساعی بابت خدمتِ خلق

(سید سعید الحسن شاہ۔ نائب امیر و مبلغ انچارج دی گیمبیا)

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ اپنی روایات کے مطابق فلاح و بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہتی ہے۔ مورخہ 13؍جنوری 2021ء کو مکرم بابا ایف تراولے امیر جماعت احمدیہ گیمبیا کی زیر نگرانی جماعت احمدیہ گیمبیا نے دارالحکومت بانجل میں آتش زدگی سے متاثرین خاندانوں میں امدادی اشیاءتقسیم کیں جن میں چاول، کوکنگ آئل، چینی، پیاز اور نقدی شامل تھی۔ یاد رہے کہ گذشتہ دسمبر میں آتش زدگی کا یہ واقعہ پیش آیا جس میں کئی خاندانوں کے گھر جل کر خاکستر ہوگئے۔

اس موقع پر مکرم امیر صاحب نے متاثرین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں کیونکہ یہ سارے ہمارے ہمسائے ہیں۔ امیر صاحب نے مزید بتایا کہ جماعت نے ملک کے مختلف حصوں میں قدرتی آفات کے 300 متاثرین میں امداد تقسیم کی ہے جو کھانے کی اشیاءاور نقدی پر مشتمل تھی۔

اس موقع پر ڈپٹی میئر بانجل نے جماعت کی اس کاوش کو حکومت اور میونسپلٹی کی امداد قرار دیا اور کہا کہ ہم مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ اور ان کے وفد کا تہِ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ نیشنل ڈزاسٹر کمیٹی کے کوارڈینیٹر نے کہا کہ مصیبت اور آزمائش کے مواقع پر جماعت ہمیشہ اپنا اعلیٰ کردار ادا کرتی رہتی ہے۔ اسی طرح اس موقع پر موجود متاثرین نے بھی جماعت کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے پہلے ماہ نومبر اور دسمبر میں ملک کے مختلف حصوں میں قدرتی آفات سے متاثر ہونے والوں میں امدادی اشیاء تقسیم کی گئیں۔ یہ جگہیں جو ملک کے دور دراز علاقوں میں ہیں ان میں رکاما، مانسا کونکو کروان اور فرافینی کے علاقہ جات شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ موسم برسات میں شدید بارشوں کی وجہ سے لوگوں کا بہت زیادہ نقصان ہوا اور کئی مقامات پر لوگوں کے گھر گر گئے۔ اسی طرح بعض شہروں میں آتش زدگی کی وجہ سے گھر اور مارکیٹیں جل گئیں۔ ملک کی دوسری بڑی مارکیٹ جو بصےشہر میں ہے وہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہونے والی آتش زدگی سے مکمل جل گئی۔ اس کے نتیجہ میں لوگ مالی طور پر سڑکوں پہ آگئے۔ اسی طرح کا واقعہ برکاما مارکیٹ میں بھی ہوا جہاں آتش زدگی سے شدید نقصان پہنچا۔

ان متاثرین کی امداد کے لیے منعقد ہونے والے پروگرامز میں ملک کی اعلیٰ شخصیات مثلاً گورنرز یا ڈسٹرکٹ چیفس بھی موجود تھے اور سب نے بلامبالغہ جماعت کا شکریہ ادا کیا۔ اسی طرح علاقوں کے معززین اور متاثرین نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا اور جماعت کی کاوشوں کو سراہا۔

نیشنل ٹی وی اور ریڈیو، پرائیویٹ نیوز چینلز اور اخبارات نے ان تقاریب کو اپنے نیوز بلیٹن کا حصہ بنایا اور ان تقاریب کو بھر پور کووریج دی۔ یوں یہ خبریں باقی مخیر حضرات کے لیے بھی مشعل راہ بن گئیں۔

(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ مبلغ انچارج گیمبیا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button