امریکہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ کینیڈا کے زیر انتظام سیرت النبیﷺ کے عنوان پر خصوصی پروگرام

(انصر رضا۔واقفِ زندگی، کینیڈا)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دورانِ سال جاری رہنے والی انفرادی و جماعتی تبلیغی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ احمدیہ مسلم جماعت کینیڈا ہر سہ ماہی میں قومی سطح پر یوم تبلیغ کا انعقاد کرتی ہے۔ کووڈ 19 کے باوجود یہ سرگرمیاں بفضلہ تعالیٰ بند نہیں ہوئیں بلکہ جماعت احمدیہ کینیڈا کو ایک نئے انداز میں ان سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی توفیق ملی اور احمدیت یعنی حقیقی اسلام کا پیغام سوشل میڈیا اور ڈاک کے ذریعہ دوست احباب اور ہمسایوں تک پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

ہمسایوں کو خطوط: احبابِ جماعت کو یہ تحریک کی گئی کہ رسول کریم ﷺ کے ہمسایوں کے حقوق کے متعلق ارشادات اور اسوہ کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ہمسایوں کو خطوط لکھ کر ان وبائی حالات میں دعاؤں اور ہمدردی کے جذبات کے ساتھ ساتھ اپنی خدمات پیش کریں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ مہم نہایت کامیاب رہی۔ احبابِ جماعت نے 8515 خطوط بذریعہ ڈاک اور ذاتی طور پر رابطہ کرتے ہوئے اپنے ہمسایوں کومختلف ذرائع سے ارسال کیے۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا کے ذریعہ بھی کثرت سے ایسے خطوط ارسال کیے گئے۔ سال 2020ء کے اختتام اور نئے سال 2021ء کے آغاز پر نئے سال کی مبارکباد پر مشتمل 31ہزار سے زائد کارڈز ہمسایوں، چرچز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کو بھجوائے گئے۔ اسی طرح سوشل میڈیا کے ذریعہ بھی اس مضمون پر مشتمل پیغامات ارسال کیے گئے۔

پروگرام سیرت النبی ﷺ ’’محمدرسول اللہ ﷺ کی حیرت انگیز داستان‘‘

2012ء میں جب رسول کریم ﷺ کی ذات بابرکات پر اعتراضات کی اشاعت کی مذموم کوشش کی گئی ، نازیبا خاکوں کے ذریعہ سے تمام مسلمانوں کی دلخراشی کی گئی تو اس مخالفانہ اور زہریلے پراپیگنڈے پر مبنی تاثر کو زائل کرنے کی غرض سے اس کے ردعمل کے طور پر احمدیہ مسلم جماعت کینیڈا نے مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا کے اشتراک و تعاون سے رسول کریمﷺ کی پاک اور مطہر سیرت کو بیان کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر ایک پروگرام Astonishing Story of the Prophet sa کے نام سے منعقد کرنے کی توفیق و سعادت پائی تھی۔ یہ پروگرام ٹورانٹو، کینیڈا کے سب سے بڑے ہال میں منعقد ہوا جو Roy Thomson Hall کے نام سے مشہور ہے ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ پروگرام بہت کامیاب انداز میں منعقد کیا گیا۔ دو ہزار سے زائد غیر احمدی افراد نے اس پروگرام میں شمولیت کی اور بہت مؤثر تعریفی کلمات کے ساتھ اس کاوش کو سراہا گیا اور آئندہ بھی ایسے پروگراموں کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔

اس پروگرام سے مزید افراد کے استفادہ اور اس کے وسیع تر مثبت اثرات کے پھیلانے کی غرض سے اسی نہج پر یہ پروگرام بڑے پیمانے پر کینیڈا کے دوسرے بڑے بڑے شہروں میں بھی منعقد کیے گئے۔

ایک فقید المثال ورچوئل پروگرام سیرت النبی ﷺ کا انعقاد

حال ہی میں پھر سےایک اخبار چارلی ہیبڈو (Charlie Hebdo) نے اسلام اور رسول کریم ﷺ کی ذات اور سیرت کو تنقید کا نشانہ بنانے کی گستاخانہ جرأت کی۔ جماعت احمدیہ کینیڈا نےچند ماہ قبل سے اپنے پیارے آقا، ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز، کی رہنمائی میں ایک مرتبہ پھر سےاپنے 2012ء میں منعقدہ پروگرام کی نہج پر اور اُسی عنوان کے تحت ایک نیا پروگرام منعقد کرنے سے متعلق بھر پور تیاری شروع کردی۔ کووڈ کے نا مساعد حالات کے باعث اس مرتبہ اس پروگرام کو ’’ورچوئل‘‘ انداز میں پیش کرنے کا پروگرام بنایا گیا۔ اس انداز کا ایک خاص فائدہ یہ بھی ہوا کہ اس پروگرام کو بین الاقوامی اہمیت حاصل ہوئی اور یوں 40 سے زائد ممالک یعنی کینیڈا، امریکہ، برطانیہ، بھارت، جرمنی، پاکستان، آسٹریلیا، ملائیشیا، اسرائیل،سویڈن و دیگر میں اسے براہ راست بھی دیکھا گیا اور سوشل میڈیا پر اس کی ریکارڈنگ کو بھی ابھی تک مختلف اقوام دیکھ رہی ہیں۔ اس دفعہ بھی مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا نے احمدیہ مسلم جماعت کینیڈا کی رہنمائی میں یہ پروگرام منعقد کرنے کی توفیق پائی۔ تمام مراحل کی تکمیل کے بعد YouTube کے ذریعے جماعت احمدیہ کینیڈا مورخہ 30؍جنوری ٹورانٹو وقت کے مطابق شام 6بجے یہ پروگرام انتہائی موثر اور کامیاب انداز میں نشر کرنے کی توفیق پائی۔ فالحمد للہ علیٰ ذٰلک۔

کووڈ کے نامساعد حالات میں پروگرام کی تیاریCovid-19 اور اس تعلق میں حکومتی پابندیوں کے باعث اس پروگرام کی تیاری وغیرہ کے سلسلہ میں بعض انتہائی مشکل حالات کا سامنا ہوا۔ اشاعت و تشہیر کے مسائل بھی درپیش ہوئے۔ لیکن خدا تعالیٰ کی تائید و نصرت اور پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے طفیل پروگرام ہر پہلو سے بفضلہ تعالیٰ بروقت تکمیل پایا اور آن لائن نشریات میں بھی کسی تکنیکی مشکل کا سامنا نہیں ہوا، الحمدللہ۔

پروگرام کی پبلسٹی:کووڈ 19 کی پریشان کن صورت حال کے پیش نظر خدام الاحمدیہ کی پبلسٹی ٹیم کو غیر معمولی محنت اور باریک بینی کے ساتھ اس پروگرام کی پبلسٹی کے لیے کام کرنا پڑا۔ مختلف ذرائع سے استفادہ کرنے کے بارہ میں منصوبہ بندی کی گئی۔ مکرم امیر صاحب کینیڈا کی ہدایت کے مطابق تمام ممبران جماعت کو تحریک کی گئی کہ وہ اپنے تبلیغی روابط کو اس پروگرام میں شمولیت کی غرض سے دعوت دیں ۔ تمام ذیلی تنظیموں (خدام الاحمدیہ، لجنہ اماء اللہ اور انصار اللہ) کا خصوصی تعاون دیکھنے کو ملا۔ یوں تمام ذیلی تنظیموں نے بھی اس پروگرام کی بھرپور پبلسٹی کی اور اس پیغام کو ہر ممبر تک پہنچانے میں مکمل تعاون کیا۔ فجزاہم اللہ تعالیٰ احسن الجزاء۔

سوشل میڈیا پبلسٹی کا دوسرا بڑا ذریعہ تھا۔ چونکہ یہ پروگرام آن لائن نشر ہونا تھا اس لیے اس کے لئی تمام اہم سماجی ذرائع استعمال کیے گئے۔ ہرسماجی ذریعہ کے لیے الگ الگ ٹیم بنائی گئی۔ مختلف تاریخوں میں ٹوئٹر کے تینTrends کے لیے بھر پور کوشش کی گئی اور اس میں تمام ممبران جماعت کو hashtags کے بارے میں مکمل آگاہی دیتے ہوئے شامل ہونے کی تحریک کی گئی جس کے نتیجے میں 153,000 سے زائدروابط ہوئے۔

اس کے ساتھ ساتھ YouTube, Google اور دوسرے سوشل میڈیا پر اشتہارات اور ریڈیو اشتہارات کے ذریعے بھی اس پروگرام کی تشہیر کی گئی۔ اسی طرح سکول بورڈز، یونیورسٹیوں کے پروفیسرز اور چرچز وغیرہ سے بھی رابطہ کے ساتھ ساتھ Steven Leece, Deb Shulette, Majid Jowhari سمیت بہت سے دیگر اہم سیاستدانوں اور اخبارات وغیرہ سے بھی رابطہ کیا گیا۔ جنوبی امریکہ کے ممالک Cayman Island, Paraguay, Uruguay اور Honduras میں بھی اس کی تشہیر پر انتہائی محنت سے کام کیا گیا۔ بعض مقامات جہاں پہلے مخالفت کا سامنا تھا وہاں سے بھی کئی افراد نے اس پروگرام کو دیکھا اور اپنے مثبت تاثرات جماعت احمدیہ کو ارسال کیے۔

چند مثبت تاثرات:

’’بہت عمدہ پروگرام تھا۔ میں بہت خوش ہوں کہ میں نے اپنی شام کے دو گھنٹے اس پروگرام کو دیے۔ میں بتا نہیں سکتا کہ اس پروگرام نے کس قدر مجھے متاثر کیا ہے۔ میں آپ لوگوں کا اس کے لیے شکرگزار ہوں۔‘‘

’’اس ڈاکومنٹری کے دیکھنے کے بعد میں محمد (ﷺ) کے متعلق مزید جاننا چاہتا ہوں۔‘‘

’’میں ایک سکول میں اسلامی تعلیمات کا استاد ہوں اور چاہتا ہوں کہ مجھے بھی کتاب بھیجی جائے تاکہ میں اس کو مزید سمجھ سکوں اور سمجھا سکوں۔‘‘

’’برائے مہربانی مجھے دو کتب ارسال کریں میں انہیں ہمیشہ اپنے پاس ایک خزانہ کے طور پر رکھوں گی۔‘‘

وسیع پیمانے پر مہمانوں کی رجسٹریشن

خداتعالیٰ کے فضل اور تمام ذرائع ابلاغ کے استعمال کے نتیجہ میں اس پروگرام کے لیے 7,959احمدی ممبران اور غیر احمدی افراد نے خود کو رجسٹر کیا۔ اس طرح صرف ماہ جنوری میں اس کی ویب سائٹ پر41,000 سے زائد افراد نے وزٹ کیا۔ خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے اب تک اس پروگرام کو تقریباً 51,000سے زائدافراد دیکھ چکے ہیں اور یہ تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

تاثرات

بفضلہ تعالیٰ کینیڈا بھر سے ممبران جماعت اور غیر احمدی احباب سے مسلسل بہت زیادہ مثبت تاثرات مل رہے ہیں۔ بالخصوص نوجوان نسل کے افراد کے حوالے سے انتہائی خوشکن اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ انہوں نے اس پروگرام کو بڑے انہماک سے آخر تک دیکھا۔ نوجوان نسل کےوالدین کی طرف سے بھی ا س بات کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ نوجوانوں کی تربیت اور اصلاح کے لیے اس طرح کے پروگرام منعقد ہوتے رہنے چاہئیں۔ یوں انہیں اسلام کی حقیقی تعلیمات سے بھی آگاہی ملتی رہے گی۔ خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے اور ہمارے پیارے آقا، حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے نتیجہ میں اس پروگرام کو خدا تعالیٰ نے خصوصی کامیابی سے نوازا۔

احمدیہ مسلم جماعت کا تعارف

اس پروگرام کے آخر پر جماعت کی مختصر تاریخ اور اس کا تعارف بھی پیش کیا گیا اور بفضلہ تعالیٰ خلافت احمدیہ کے زیرسایہ اب یہ جماعت پوری دنیا میں پھیل کر احمدیت یعنی حقیقی اسلام کا پیغام پھیلارہی ہے۔

کتاب لائف آف محمدؐ کی مفت ترسیل

اس پروگرام کے شاملین کو یہ پیشکش کی گئی کہ جو افراد رسول کریم ﷺ کی پاک اور مطہر سیرت سے متعلق مزیدعلم حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں وہ Life of Muhammad (لائف آف محمد ؐ)کتاب مفت حاصل کرسکتے ہیں۔ اور الحمدللہ اب تک 860کے قریب افراد نے اس کتاب کے حصول کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ان شاء اللہ انہیں یہ کتاب بہت جلد ارسال کر دی جائے گی۔

تائید الٰہی کا عظیم نشان

ایسے نامساعد حالات میں بھی خدا تعالیٰ کی طرف سے اس قدر کامیاب انداز میں پروگرام کے انعقاد کی توفیق پانا یقیناً تسکین قلب کا باعث ہے۔ خدا تعالیٰ ہمیں مقبول خدمات دینیہ بجا لانے کی توفیق عطا فرمائے۔ خدا تعالیٰ اپنی تائید و نصرت کی ہوائیں چلاتا چلا جائے اور ہمیں دین کی نصرت کے دن جلد از جلد دیکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

(رپورٹ : انصر رضا۔ واقف زندگی کینیڈا)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button