امریکہ (رپورٹس)

امریکہ کے شہر ڈیٹن، ریاست اوہایو میں جلسہ سیرت النبی ﷺ کا انعقاد

(سید شمشاد احمد ناصر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل امریکہ)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امریکہ کی جماعت ڈیٹن ریاست اوہایو کو مورخہ 13؍فروری 2021ء کو جلسہ سیرت النبی ﷺ کا انعقاد کرنے کی توفیق ملی۔

کورونا وبا کے باعث جلسہ کا انعقاد انٹرنیٹ کے ذریعے آن لائن ہوا۔ احباب جماعت کے علاوہ ایک سکھ دوست ڈاکٹر نے بھی شرکت کی اور رسول کریم ﷺ کے اوصاف حمیدہ پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ جماعت کے مربی مولانا شمشاد ناصر صاحب نے بھی ڈیٹرائٹ ریاست مشی گن سے پروگرام میں شمولیت اختیار کی۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو ایک طفل عطاء النور صاحب نے کی جس کا انگریزی ترجمہ مکرم عمر مرزا صاحب نے پیش کیا۔ پھر حضرت مسیح موعود ؑکے پاکیزہ منظوم کلام سے رسول کریمؐ کی مدح میں کہے گئے چند اشعار مکرم عبد الرحیم شاہد صاحب نے پیش کیے۔ اشعار کا ترجمہ ایک افریقن امریکن احمدی مکرم عبد المہیمن صاحب نے پیش کیا۔

پروگرام میں پہلی تقریر ایک نوجوان دانیال احمد نے ’رسول کریم ﷺ کی نبوت تک کی زندگی پر ایک عمومی نظر‘ کے موضوع پر کی۔ مقرر نے نبی کریمؐ کی پیدائش سے پہلے عرب کے مختصر حالات بھی بیان کیے۔

اگلی تقریر خاکسار نے ’رسول کریم ﷺ بحیثیت حکمران‘ کےموضوع پرکی۔ اس تقریر میں نبی کریمؐ کے بابرکت وجود میں انصاف، نرمی اور محبت سے مختلف قومیتوں اور مذاہب کے لوگوں کے مابین معاملات کو خوش اسلوبی سے طے کرنے کے پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔

اگلی تقریر مکرم ڈاکٹر داؤد شاہد صاحب نے ’رسول کریمﷺ کے جہاد‘ کے موضوع پر کی۔ ڈاکٹر صاحب نے جہاد کے مطلب اور جہاد اصغر و جہاد اکبر کے پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ نیز جہاد کے اصل مقصد یعنی معاشرے میں امن کے قیام پر سامعین کو معلومات دیں۔

پروگرام میں ایک سکھ طبیب ماہر نفسیات ڈاکٹر درشن سنگھ صیحبی نے بھی تقریر کی۔ ڈاکٹر صاحب نے مسلمانوں سے اپنے پرانے تعلقات کا ذکر کرنے کے بعد رسول کریم ﷺ کی زندگی پر اپنی تحقیق اور مطالعہ کا اظہار کیا۔ آپ نے اپنے علم کی روشنی میں نبی کریمؐ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر ایک ہمہ گیر مگر مختصر تبصرہ کیا۔ ایک دوسرے مذهب سے تعلق رکھنے کے باوجود آپ نے حیرت انگیز احترام ، ادب اور انس سے رسول کریم ﷺ کا ذکر کیا۔ الله تعالیٰ ان کو اس کی بہترین جزا دے۔آمین

پروگرام کے آخر میں مولانا شمشاد ناصر صاحب نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور یاد دہانی کروائی کہ ہمیں اس جلسہ میں سنی ہوئی تقاریر سے استفادہ کرنا چاہیے اور رسول کریمﷺ کے اسوہ پر چلنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اس کے بعد مولانا صاحب نے اجتماعی دعا کروائی۔

اس پروگرام میں تقریباً 56فیملیز نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں رسول کریم ﷺ کی تعلیمات اور اسوہ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: سید شمشاد احمد ناصر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button