حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(04؍مارچ ۔09:00 GMT)

کل مریض: 115,820,058

صحت یاب ہونے والے: 91,526,155

وفات یافتگان: 2,572,887

٭… پاکستان کی پارلیمان کے ایوانِ بالا یعنی سینیٹ کی 37 نشستوں پر ووٹنگ کا عمل ختم ہو چکا ہے اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی وفاقی دارالحکومت کی جنرل سیٹ پر کامیاب ہو گئے ہیں۔ حکمراں جماعت کے لیے یہ بڑا اَپ سیٹ ہے کیونکہ ان کے امیدوار اور موجودہ وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو شکست ہوئی ہے۔

پاکستان کی حکمراں جماعت تحریک انصاف نے ایوان بالا یعنی سینیٹ میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی نشست پر شکست کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرس کے دوران اس بات کا اعلان کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’عوام سے اپیل ہے ان لوگوں کا کڑا احتساب کریں جنھوں نے (سینیٹ کے انتخابات میں) اپنا ووٹ فروخت کیا ہے۔‘

٭…جنیوامیں بین الاقوامی فوجداری عدالت کی چیف پراسیکیوٹر فتوؤ بینسودا نے کہا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں مبینہ جنگی جرائم کی باضابطہ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ اسرائیل نے اس اقدام کی شدید مخالفت کی ہے۔یہ تحقیقات آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور بغیر کسی خوف اور حمایت کے کی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے 2019ء کے دوران غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں اور مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاری کی سرگرمیاں ٹھوس جواز مہیا کرتی ہیں۔

٭…یکم فروری 2021ء کو متحدہ عرب امارات کے پہلے سفیر محمد الخاجہ کا باضابطہ اسرائیل پہنچنے پر پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ موصوف نے ایک خصوصی تقریب میں اسرائیلی صدر Rivlin سے ملاقات کی اور سفارتی کاغذات پیش کیے۔ محمد الخاجہ تین روز تک اسرائیل میں قیام کریں گے اور اماراتی سفارت خانے کے لیے جگہ کا انتخاب کریں گے۔اسرائیلی وزیر خارجہ جابے اشکیناز نے یو اے ای کے اسرائیل میں پہلے سفارت خانے کے قیام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

٭…میانمار کے کئی شہروں میں جمہوریت کی بحالی اور فوجی بغاوت کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 18 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، کریک ڈاؤن میں مرنے والے مظاہرین کی تعداد 30 سے زیادہ ہوگئی ہے۔میانمار کے بے دخل صدر پر قانون توڑنے سمیت دیگر الزامات اور گرفتار صحافیوں پر سرکاری ملازمین کو مشتعل کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ میانمار کی صورت ِحال پر بات کرنے کے لیے برطانیہ کی درخواست پر سلامتی کونسل کا اجلاس جمعے کو طلب کر لیا گیا ہے۔

٭… سوئیڈن کے شہر ویٹلانٹا میں نوجوان نے تیز دھار آلے سے لوگوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔زخمی ہونے والوں میں سے 2 کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔ پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور زخمی ہو گیا ہے جسے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔پولیس نے ممکنہ دہشت گردی کے طور پر حملے کی تحقیقات شروع کر دیں۔

٭…02؍مارچ کو چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای نے بیجنگ سے ویڈیو لنک کے ذریعے پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 70ویں سالگرہ منانے کی تقریبات کی افتتاحی تقریب میں آن لائن شرکت کی اور کہا کہ چین پاکستان سفارتی تعلقات کے ستر برسوں میں دونوں ممالک نے جامع تعاون کا مظاہرہ کیا ہے اور سدا بہار دوستی قائم کی ہے۔

٭… گزشتہ ہفتے نائیجریا کی ریاست زمفرا کے ایک سکول ہاسٹل سے اغوا ہونے والی تمام 279طالبات کو اغواکاروں نے آزاد کر دیا۔ ریاست زمفرا کے گورنر کا کہنا ہے کہ اغوا ہونے والی تمام طالبات سرکاری رہائش گاہ پر پہنچ گئی ہیں اور ٹھیک ہیں۔ طالبات کی رہائی حکومت اور اغوا کاروں سے مذاکرات کے بعد عمل میں آئی۔

٭…3؍ مارچ کے روز یونان میں 6.3شدت کے زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ جس کا مرکز یونان کے شہر لاریسا کے نزدیکی قصبے میں زیر زمین دس کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ زلزلے سے رہائشی اور اسکول کی عمارتوں کے ساتھ ساتھ ساتھ ایک پُل کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کی بھی اطلاعات ہیں۔

٭…منگل 2؍ فروری کو افغانستان کے شہر جلال آباد میں مقامی ٹی وی میں کام کرنے والی 3 خواتین کو قتل کر دیا گیا جبکہ چوتھی خاتون شدید زخمی ہیں۔ یہ خواتین ٹی وی اسٹیشن سے گھر جا رہی تھیں۔ اقوام متحدہ اور نیٹو کی جانب سے خاتون صحافیوں کے قتل کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

٭… پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلعے جنوبی وزیرستان میں دو قبائل دوتانی اور زلی خیل وزیرکے درمیان زمین کے تنازعے پر پرتشدد چھڑپوں میں ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔ یہ جھڑپیں گذشتہ دو ہفتوں سے جاری ہیں تاہم اس میں ایک عارضی تعطل بھی آیا ہے۔جنوبی وزیرستان میں دو قبائل کے افراد منگل کی شام اچانک ایک مرتبہ پھر مورچہ بند ہو کر لڑائی کے لیے ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ گئے۔ مگر چار خواتین قرآن لیے درمیان میں آئیں اور انھوں نے دوبارہ فائرنگ نہ کرنے کی اپیل کی، جس پر وقتی طور پر دو ہفتوں سے جاری اس فائرنگ کا سلسلہ تھم گیا۔

٭…بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش میں تیز رفتاری کے باعث کوئلے سے بھرا ٹرک الٹنے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ 8 زخمی ہو گئے۔ ٹرک میں 22 مزدور سوار تھے۔ ٹرک الٹنے کے نتیجے میں تمام مزدور کوئلے کے نیچے دب گئے جن میں سے 16 مزدورں کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ 6 موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

٭…عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران سعودی عرب میں یوٹیوب صارفین کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مذکور تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ برس سعودی عرب میں یوٹیوب کے صارفین کی تعداد بڑھ کر 2کروڑ تک پہنچ گئی، جبکہ ویڈیوز دیکھنے کا اوسط دورانیہ 55منٹ تک ہو گیا۔

٭…روس میں شدید برف باری کےباعث گاڑياں اور مکانات پوری طرح برف سے ڈھک گئے۔ دارالحکومت ماسکو اور ديگر علاقوں ميں برفانی ہواؤں کی وجہ سے لوگ گھروں ميں محصور اور معمولات زندگی مفلوج ہیں۔ ہزاروں گاڑياں برف کی صفائی ميں مصروف ہيں جبکہ درجہ حرارت منفی50تک گرچکا ہے۔

٭…ملکی اور بین الاقوامی ماہرین امراض معدہ و جگر نے پیر کے روز پاکستان جی آئی اینڈ لیور ڈیزیز سوسائٹی کے تحت منعقدہ تیسری عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو عالمی وباؤں یعنی کورونا وائرس اورموٹاپے نےاس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ کورونا کی وجہ سے ایک سال میں 25 لاکھ سے زائد افراد وفات پا گئے جبکہ اسی عرصے میں موٹاپا (obesity) چالیس لاکھ سے زائد افراد کی جانیں لے چکا ہے۔ کورونا وائرس پر ویکسین کے ذریعے قابو پایا جاسکتا ہے لیکن موٹاپے پر قابو پانے کے لیے پوری دنیا کو مزید کوششیں کرنا ہونگی۔

٭…سعودی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہےکہ رواں برس حج کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے کورونا ویکسین کی شرط کو لازمی قرار دیا گیا ہے اور ویکسین کے بغیر کسی کو بھی حج کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔دوسری جانب سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا ہے کہ رواں برس حج کے موقع پر ذمہ داریاں ادا کرنے والے ہیلتھ ورکرز کے لیے بھی کورونا ویکسین لازمی ہو گی کیونکہ انہوں نے لوگوں کو مکہ، مدینہ اور انٹری پوائنٹس پر طبی سہولیات فراہم کرنی ہیں۔

٭…فرانس نے 65 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے لیے کوویڈ ویکسین ایسٹرا زینکا کی منظوری دے دی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اب 65 سے 74 سال کے وہ افراد بھی یہ ویکسین لگوا سکتے ہیں جنہیں پہلے سے ذیابیطس یا ہائی بلڈ پریشر جیسے امراض لاحق ہیں۔ 75 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو اب بھی فائزر یا موڈرنا کی ویکسین ہی لگائی جائے گی۔

فرانس نے پچھلے مہینے صرف 65 سال سے کم عمر لوگوں کے لیے اس ویکیسن کے استعمال کی منظوری دی تھی اور کہا تھا کہ ایسٹرا زینکا کے عمر رسیدہ افراد پر اثرات کے بارے میں ڈیٹا موجود نہیں ہے۔

یورپی یونین ضابطہ کار نے ایسٹرا زینکا کو تمام بالغوں کے لیے منظور کیا ہے تاہم ہر رکن ملک کو اسے اپنے حساب سے استعمال کرنے کا اختیار ہے۔برطانیہ میں اسے وسیع پیمانے میں استعمال کیا جا رہا ہے لیکن جرمنی سمیت کئی یورپی مماک نے ابھی بھی اس ویکسین کو 65 سال سے کم عمر افراد تک محدود کر رکھا ہے۔اُدھر کینیڈا کے متعلقہ حکام نے دو روز قبل ہی مشورہ دیا کہ 65 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ڈیٹا کی کمی کے باعث ایسٹرا زنکا ویکسین نہیں لگوانی چاہیے۔

٭… برطانوی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا کےخلاف ویکسینز کا استعمال شدید بیماری کےخطرے کو 80 فیصد تک کم کرسکتا ہے۔ پبلک ہیلتھ انگلینڈ کےاعداد و شمار کے مطابق ویکسینیشن کے تین سے چار ہفتوں بعد نتائج آنا شروع ہو چکے ہیں۔

٭… اٹلی کی حکومت نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کےلیے نافذ پابندیوں کی 6؍اپریل تک توسیع کرنے کا اعلان کرتے ہوئےعوامی مقامات پر سماجی دوری اور ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، اس کے علاوہ لوگوں کے ایک جگہ جمع ہونے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ یاد رہے کہ اٹلی میں کورونا وائرس سے اب تک 29 لاکھ 55 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا سے اموات98 ہزار تک پہنچ چکی ہیں۔

٭… امریکہ کی ریاست ٹیکساس اور مسی سپی میں کورونا پابندیاں ختم کرنے کے اعلان میںکہا کہ کاروباری سرگرمیوں کو اگلے ہفتے مکمل طور پر بحال کردیا جائے گا۔ جبکہ مسی سپی میں کل سے تمام کاروبار کھول دیے جائیں گے۔دوسری جانب ڈائریکٹر سی ڈی سی نے ریاستوں کے کورونا سے متعلق اقدامات واپس لینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سخت محنت کے بعد کورونا پر قابو پانے میں جو کامیابی حاصل ہوئی ان احکامات سے خطرہ ہے کہ وہ زائل نہ ہو جائیں۔

٭… پی سی بی اور ٹیموں کے مالکان کے درمیان منعقدہ ورچوئل میٹنگ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کو فوری طور پر ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ پی ایس ایل میں شریک دو ٹیموں کے سات کھلاڑیوں میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کیا گیا ہے۔ پی سی بی اب فوری طور پر تمام چھ ٹیموں کے شرکا کی پی سی آر ٹیسٹنگ، کورونا ویکسین اور آئسولیشن سہولیات کے لیے اقدامات کرے گا۔

پاکستان میں پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کے کُل 14 میچز کھیلے جاچکے تھے اور پوائنٹس ٹیبل پر چار ٹیمیں کراچی کنگز، پشاور زلمی، اسلام آباد یونائٹڈ اور لاہور قلندرز 8، 8 پوائنٹس کے ساتھ برابر تھیں جبکہ ملتان سلطان اور کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے وقت 2، 2پوئنٹس تھے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button