افریقہ (رپورٹس)

چودھواں ریجنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ ریجن کنشاسا ،عوامی جمہوریہ کونگو

(شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل کونگو ، کنشاسا)

محض اللہ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ ریجن کنشاسا کو اپنا چودھواں ریجنل اجتماع مورخہ 21؍فروری 2021ء بروز اتوار مسجد بیت الواحد جماعت احمدیہ Kimbanseke میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک۔ اجتماع کی تیاری ماہ فروری کے آغاز میں ہی شروع کر دی گئی تھی۔ چونکہ ایک تعداد نو مبائعین کی ہے اس لیے ان سے مل کر ان کو اجتماع کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ اجتماع کے انتظامات کو کامیاب بنانے کے لیے مختلف نظامتوں میں کام کو تقسیم کیا گیا جن میں سٹیج، نظم و ضبط، آب رسانی، ضیافت، تقسیم کھانا ، ورزشی مقابلہ جات، علمی مقابلہ جات، رجسٹریشن، تیاری و تقسیم انعامات اور سیکیورٹی کے شعبہ جات تھے۔

تمام ناظمین کے ساتھ مکرم انس محمد Musuصاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ کونگو نے میٹنگز کیں اور اجتماع کے پروگرام کو تفصیلی رنگ میں ترتیب دیا گیا۔ حکومتی سطح پر اطلاع و اجازت کے سلسلہ میں اجتماع سے قبل Kimbanseke میونسپل کمیٹی کو خط لکھ کر باقاعدہ اجازت حاصل کی گئی۔

مورخہ 21؍فروری 2021ء کی صبح 8بجے خدام کو ناشتہ دیا گیا۔ جس کے بعد افتتاحی اجلاس کی تیاری شروع ہوئی اور 9 بجے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ ازاں بعد خدام و اطفال نے مجلس خدام الاحمدیہ کا عہد فرنچ زبان میں دہرایا۔ جس کے بعد مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ اجتماع میں 6علمی اور 3ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ جن میں تلاوت قرآن کریم، تقریر، اذان، حفظ قرآن، مشاہدہ معائنہ، پیغام رسانی، پنجہ آزمائی، رسہ کشی اور فٹبال شامل تھے۔ ساڑھے نو بجے سے لےکر دوپہر تین بجے تک یہ تمام مقابلہ جات منعقد ہوئے۔

بعد ازاں مکرم خالد محمود شاہد صاحب امیر و مشنری انچارج جماعت احمدیہ کونگو بطور مہمان خصوصی تشریف لائے۔ آپ نے نماز ظہر و عصر پڑھائیں اور پھر اختتامی اجلاس کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد تمام خدام و اطفال نے مکرم امیر صاحب کے ساتھ خدام الاحمدیہ کا عہد دہرایا۔ اس کے بعد عربی قصیدہ پیش کیا گیا۔ پھر مکرم انس محمد Musuصاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ کونگو نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد مہمان خصوصی مکرم امیر صاحب نے اول دوم اور سوم آنے والے خدام میں انعامات تقسیم کیے۔

تقسیم انعامات کے بعد مکرم امیر صاحب نے خدام سے مخاطب ہوتے ہوئے تقریر کی جس میں نوجوانوں کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ آخر پر آپ نے دعا کے ساتھ اس چودھویں ریجنل اجتماع کا اختتام کیا۔ بعد ازاں شاملین کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا۔

اجتماع کی کل حاضری 257تھی جس میں 9مجالس کے 186خدام شامل تھے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس اجتماع کو مجلس خدام الاحمدیہ کنشاسا کے لیے ہر رنگ میں با برکت بنائے اور ہماری ان حقیر مساعی کو شرف قبولیت عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button