افریقہ (رپورٹس)

جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں جلسہ یوم مصلح موعودکا انعقاد

(عبدالناصر باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تنزانیہ)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 20؍فروری 2021ء کو جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام طلبہ جامعہ اور اساتذہ نے شرکت کی۔

عزیزم ادریس جمعہ طالبعلم جامعہ نے تلاوت کی۔ بعدازاں تین طلبہ جامعہ کے گروپ نے اردو نظم ’اے فضلِ عمر تیرے اوصاف کریمانہ‘ خوبصورت انداز میں پیش کی۔

پھر ایک طالب علم عزیزم فردوس رمضان نے پیشگوئی مصلح موعود کے الفاظ سواحیلی زبان میں پڑھ کر سنائے۔ پہلی تقریر کے لیے عزیزم عبد الرحمٰن ماپولو طالب علم جامعہ احمدیہ کو سٹیج پر دعوت دی گئی، عزیزم نے ’’حضرت مصلح موعودؓ کے مبارک دور میں جماعت کی ترقیات‘‘ کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ بعد ازاں مکرم عثمان ٹکاٹو صاحب استاد جامعہ و معلم سلسلہ نے ’’تکمیل پیشگوئی مصلح موعود‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔

اس کے بعد طالب علم جامعہ احمدیہ عزیزم جمعہ موانیکا نے سواحیلی زبان میں نظم پیش کی۔ پھر محترم شعبان شنڈا صاحب مقامی مبلغ سلسلہ نے پیشگوئی مصلح موعود کے حوالہ سے اظہار خیال کیا۔بعد ازاں خاکسار (استاد جامعہ احمدیہ و مبلغ سلسلہ) کو ’’پیشگوئی مصلح موعود اور تحریک جدید ‘‘ کے عنوان پر اظہار خیال کرنے کا موقع ملا۔

تقریب کا اختتام محترم پرنسپل صاحب کے اختتامی کلمات سے ہوا۔ آپ نےحضرت مصلح موعودؓ کے پیش کردہ مطالبات تحریک جدید میں سے ایک وقف زندگی کے حوالہ سے طلبہ کو نصائح کیں۔ آخرپر محترم پرنسپل صاحب جامعہ نے اجتماعی دعا کروائی۔ بعد از نماز ظہر تمام طلبہ اور اساتذہ کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

یوم مصلح موعود کی مناسبت سے جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو مفاد عامہ کے لیے خدمت کی توفیق بھی ملی۔ جامعہ احاطہ سے قریب ایک سرکاری سیکنڈری سکول میں تعمیر کا کام جاری ہے۔ اسی مناسبت سے محترم پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ نے جماعت احمدیہ کی نمائندگی میں سکول اور لوکل سرکاری انتظامیہ کے افسران کو 25 بوری سیمنٹ بطور عطیہ دیں۔ ربنا تقبل منا انک انت السمیع العلیم

اسی مبارک دن کی مناسبت سے طلبہ جامعہ کے مابین دوستانہ فٹبال میچ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ جس میں طلبہ کی دو ٹیموں نے حصہ لیا۔ الحمدللہ

جلسہ یوم مصلح موعود کی الیکٹرانک میڈیا پر کوریج بھی ہوئی، مقامی معروف ٹی وی چینل نے جلسہ کی خبر نشر کی اور ایم ٹی اے تنزانیہ نے بھی جلسہ کی کارروائی کی عکس بندی کی۔ جزاہم اللہ خیراً۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی دعاؤں کا وارث بنائے اوروقف کے تقاضے پورے کرنے والا بنائے۔ آمین

(رپورٹ: عبد الناصر باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button