خبرنامہ
(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(08؍مارچ ۔09:00 GMT)
کل مریض: 117,476,803
صحت یاب ہونے والے: 92,993,368
وفات یافتگان: 2,606,136
٭… وزیراعظم پاکستان عمران خان نے 178 ووٹ حاصل کر کے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا۔ یہ ووٹ سینیٹ کی جنرل سیٹ پر پی ڈی ایم کے نمائندہ، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے فوری بعد لیا گیا۔ یاد رہے کہ عمران خان نے وزیراعظم بنتے وقت 176 ووٹ حاصل کیے تھے۔ پی ٹی آئی حکومت کو پاکستانی قومی اسمبلی میں 180 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ سادہ اکثریت کے لیے عمران خان کو 172 ووٹوں کی ضرورت ہے جبکہ اپوزیشن کے پاس نشستوں کی تعداد 160ہے۔ اعتماد کا ووٹ آئین کے آرٹیکل 91کی شق 7 کےتحت حاصل کیا گیا۔سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) وجیہ الدین احمد نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے اعتماد کا ووٹ لینے سے ملک میں سیاسی استحکام آیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پنجاب کے مرکز لاہور میں ڈیرے ڈال دیے۔ انھوں نے نومنتخب سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ اہم سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کیں۔جن میں پنجاب اسمبلی کے سپیکر چودھری پرویز الٰہی، چودھری شجاعت حسین اور پنجاب کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شامل ہیں۔
٭…ایران کے پاسداران انقلاب کور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اہواز شہر سے مشہد جانے والی ایران ائیرفوکر کی پرواز کو اغوا کرکے نامعلوم مقام پر لےجانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مبینہ ہائی جیکروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پرواز نے مرکزی شہر اصفہان میں ہنگامی لینڈنگ کی اور اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ طیارے میں کم از کم 100 مسافر سوار تھے۔
٭…اٹلی کا متحرک آتش فشاں، ماؤنٹ اٹنا سے خارج ہونے والے راکھ اور دھواں کے بادل سینکڑوں میٹر بلند ہوگئے۔ آتش فشاں گزشتہ سترہ دنوں میں 19 بار راکھ اور دھواں چھوڑ چکا ہے جس سے 12 کلومیٹر تک کا علاقہ متاثر ہوا۔ قریبی رہائشی علاقے سے شہریوں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
٭… پوپ فرانسس نے عراق کے تاریخی دورے کے تیسرے روز یعنی 8؍ مارچ کو شمالی عراق کے ان حصوں کا دورہ کیا جن پر کبھی شدت پسند تنظیم نام نہاد دولتِ اسلامیہ کا قبضہ تھا۔جب سنہ 2014 میں دولتِ اسلامیہ نے اس خطے پر تسلط جمالیا اور انسانی حقوق کی پامالی کی تو متاثر ہونے والوں میں عراق کی مسیحی برادری بھی شامل تھی۔پوپ نے قراقوش میں مسیحیوں سے ملنے سے پہلے شدت پسند تنظیم کے سابق گڑھ موصل میں برباد شدہ کلیساؤں کے درمیان عبادت بھی کی۔ پوپ فرانسس اربیل میں اجتماعی دعائیہ تقریب کے لیے بھی پہنچے۔ کورونا وائرس کے خدشات کے باوجود ہزاروں افراد اس تقریب میں شریک ہیں۔خدشات ہیں کہ اجتماعی عبادت کی یہ تقریب کورونا وائرس پھیلانے کا سبب بن سکتی ہے۔ عراق میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران کووِڈ 19 سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔ کیتھولک چرچ کے 84 سالہ رہنما اور ان کے وفد کے ارکان ویکسین کروا چکے ہیں تاہم عراق میں ویکسین کی پہلی کھیپ گذشتہ ہفتے ہی پہنچی ہے۔
٭… رومن کیتھولک مسیحی برادری کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے عراق کے تاریخی دورے کے دوران مذہب کے نام پر انتہاپسندی پھیلانے کی مذمت کی ہے۔اس دورے کی ایک بہت قابل ذکر بات پوپ فرانسس کی شیعہ اسلام کے سب سے اہم مذہبی رہنما آیت اللہ علی السیستانی سے ملاقات تھی۔اِن رہنماؤں کی ملاقات عراق کے مقدس شہر نجف میں ہوئی۔
اپنے گھر پر رومن کیتھولک چرچ کے سربراہ کا استقبال کرتے ہوئے آیت اللہ علی السیستانی نے کہا کہ مسیحیوں کو بھی دوسرے عراقیوں کی طرح امن اور سلامتی اور اپنے تمام آئینی حقوق حاصل ہونے چاہئیں۔ پوپ فرانسس ایک ایسے مذہبی رہنما ہیں جو دوسرے عقائد رکھنے والے رہنماؤں تک پہنچنے کے خواہاں دکھائی دیتے ہیں، چنانچہ یہ ملاقات اُن کے دورۂ عراق کا سب سے تاریخی لمحہ تھا۔
٭… دوحہ میں امریکی سفیر برائے افغانستان نے طالبان کے نمائندے سے ملاقات کی جس میں افغانستان میں معاہدے کی خلاف ورزیوں اور امریکی فوجی انخلا کی ڈیڈ لائن سے متعلق امور زیر غور آئے۔زلمے خلیل زاد نے حال ہی میں کابل میں افغان صدر اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ سمیت افغان رہنمائوں سے بھی ملاقات کی تھی۔ افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت طالبان سے بات چیت کیلئے عوام کی رائے جاننے کیلئے تیار ہے۔ زلمے خلیل زاد سے ملاقات میں افغان صدر نے طالبان سے مذاکرات کو آگے بڑھانے کیلئے بات چیت کی۔طالبان ترجمان محمد نعیم نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ دوحہ اور افغانستان میں طالبان رہنمائوں کے ساتھ ملاقات میں امریکی جنرل بھی موجود تھے۔
٭…یمن میں صوبہ مارب کے قبضے کے لیے یمنی فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے۔ لڑائی میں چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلاک ہونے والوں میں 32 حکومتی فوجی اور 58 حوثی جنگجو شامل ہیں۔ دوسری طرف سعودی فورسز نے حوثی باغیوں کے چھ مسلح ڈرونز بھی مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
٭…میانمار کی عسکری قیادت کی جانب سے اقتدار پر قبضے کے تین روز بعد 4 فروری کو نیویارک کے فیڈرل ریزرو بینک میں موجود ایک ارب ڈالرز بینک آف میانمار میں منتقل کرنے کی کوشش کا انکشاف ہوا ہے۔ امریکی حکام نے روئٹرز کو بتایا کہ امریکا نے میانمار میں فوجی بغاوت کے بعد اس کے فنڈز کو منجمد کررکھا ہے۔ امریکی حکام نے صدر جوبائیڈن کے ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے ملنے والے اختیارات سے اس کوشش کو ناکام بنایا۔
٭… ایران میں گرفتار ایرانی نژاد برطانوی خاتون نازنین زغاری ریٹکلف کو رہا کر دیا گیا۔ نازنین زغاری کو رہائی کے بعد ایک اَور الزام میں عدالت کا سمن جاری کر کے 14؍ مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔ موصوفہ کو 2016ء میں ریاست کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام پر گرفتار کیا گیا تھا۔نازنین کو 4 سال جیل میں گزارنے کے بعد گزشتہ برس مارچ میں گھر پر نظربند کر دیا گیا تھا۔
٭…سویڈن کی یونیورسٹیوں اوپسلا اور اومیا کے سائنسدانوں نے ایک لاکھ 56 ہزار لوگوں پر کی جانے والی مشترکہ تحقیق کے نتائج میں بتایا ہے کہ ہفتے کے دوران سوموار کا دن ایسا دن ہے جس میں لوگوں کو سب سے زیادہ ہارٹ اٹیک آتا ہے۔ اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے سائنسدانوں نے بتایا کہ اس دن کام کا پریشر بہت زیادہ ہوتا ہے چنانچہ اسی روز ذہنی دباؤ اور دیگر ایسے عوامل شدید ہوتے ہیں جو ہارٹ اٹیک کا باعث بنتے ہیں۔تحقیق میں سائنسدانوں نے مزید بتایا کہ سوموار کے دن کے علاوہ کھیلوں کے عالمی مقابلے، زلزلے اور دیگر اسی نوع کے عوامل بھی ہارٹ اٹیک میں اضافے کا سبب بنتے ہیں کیونکہ ان سے بھی لوگوں میں ذہنی دباؤ کا لیول بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔
٭… پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر روہڑی میں سانگی ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی ایکسپریس پٹڑی سے اتر گئی جس کے نتیجے میں 7 بوگیاں الٹ گئیں۔ حادثے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ چالیس مسافر زخمی ہو گئے۔آئی جی ریلویز کا کہنا تھا کہ حادثے میں 5 بوگیاں کھائی میں جا گریں تاہم امدادی ٹیموں نے ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا، تازہ ترین اطلاعات کے مطابق سرچنگ اور ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔
٭… مائیکروسافٹ نے ایک چینی گروہ پر ہیکنگ کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ہیکروں نے اپنے اہداف کو ان کے میل سرورز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے جمعہ 5؍ مارچ کو دی گئی پریس بریفنگ میں کہا کہ جو بھی حکومتی ادارے یا نجی کمپنیاں مائیکروسافٹ کے ان سرورز کا استعمال کررہی ہیں انھیں اس مسئلے کو فوری طور پر حل کرنا ہوگا۔
وائٹ ہاؤس کو اس بات پر تشویش ہے کہ اس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ مائیکروسافٹ کے سرورز میں موجود کمزوریوں کے اثرات دور رَس ہو سکتے ہیں۔
٭… پاکستان کے شہر ایبٹ آباد کے نوجوان طالب علم عمیر مسعود کو بین الاقوامی امریکی ادارے لیب روٹ نے ینگ سائنٹسٹ کے ایوارڈ سے نوازا ہے۔عمیر مسعود کو یہ اعزاز دو الگ الگ سائنسی تحقیقات کرنے پر دیا گیا ہے۔ یہ دو تحقیقاتی مقالے انھوں نے انٹرنیشنل کانفرنس آف مالیکیولر بیالوجی اینڈ بائیو کمیسٹری آسٹریلیا اور 13 ویں انٹرنیشنل کانفرنس آف ٹشو اینڈ ری جنریٹو میڈیسن امریکہ میں پیش کیے تھے۔عمیر مسعود کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد میں بائیو ٹیکنالوجی کے چوتھے سمیسٹر کے طالب علم ہیں۔ عمیر مسعود نے اپنی ایک نئی تحقیق میں بتایا ہے کہ موروثی بیماریوں کے شکار افراد کے مرض کا جلد اور سستے طریقے سے پتہ چلایا جا سکتا ہے جس سے ان افراد کو بیماریوں میں جلد مدد فراہم کی جاسکتی ہے۔ ان کا تحقیقی مقالہ جس کا عنوان ’میوٹیشن ڈیٹیکشن کریسپا کیس 9 وایا مائیکرو فلیوڈ چپ،‘ یوروپین جنرل آف ایکسپیریمنٹل بیالوجی جریدے میں شائع ہوا ہے۔عمیر مسعود کی دوسری تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ’کسی بھی جاندار کے جین حاصل کر کے کسی دوسرے کو منتقل کیے جا سکتے ہیں۔ اس سے موروثی بیماریوں کے علاج میں مدد کے علاوہ دیگر بیماریوں کا علاج بھی ممکن ہے۔ اس سے مختلف صلاحیتیں بھی ایک دوسرے میں منتقل ہو سکتی ہیں۔ بلکہ زراعت اور باغبانی میں غیر موسمی پھولوں اور سبزیوں کو بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔‘ان کا یہ تحقیقی مقالہ ’انوینٹرو سائیڈ سپیکف ڈی این اے ایڈیٹنگ وایا ریسٹریکشن‘ کے عنوان سے رائل سوسائٹی آف سائنس جریدے نے شائع کیا ہے۔
٭… امریکی سینیٹ نے ایک اعشاریہ نو ٹریلین ڈالر کا کورونا امدادی منصوبہ منظور کرلیا، صدر جوبائیڈن نے سینیٹ کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔ امریکی سینیٹ میں بل کے حق میں 50 اور مخالفت میں 49 ووٹ آئے۔ وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے صدر جوبائیڈن نے کہا کہ لوگوں کو رقوم کی ادائیگی اسی ماہ شروع کردی جائے گی۔جوبائیڈن نے مزید کہا کہ اس سے لوگوں کی زندگی میں بہتری آئے گی، منصوبے کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔
٭…جاپانی طبی ماہرین نے سپر کمپیوٹر کی مدد سے یہ ثابت کیا ہے کہ ایک کے بجائے دو ماسک پہننے سے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں کوئی مدد نہیں ملتی۔ ماہرین نے عام سرجیکل ماسک کو مناسب طریقے سے پہننے کے بعد وائرس کے پھیلاؤ کا جائزہ لیا تو ماسک پچاسی فیصد تک جراثیم کے پھیلاؤ کو روکنے میں کامیاب رہا۔ سپر کمپیوٹر کے تجزیے سے یہ بات سامنے آئی کہ دو دو ماسک استعمال کرنے سے وائرس کا پھیلاؤ رکنے کے بجائے زیادہ ہو گیا۔
٭…برطانیہ کی اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ شہری رمضان المبارک میں کورونا ویکسین سے متعلق پریشان نہ ہوں، روزے کے دوران برطانیہ میں دستیاب ویکسین لگوائی جا سکتی ہے۔ برطانیہ میں دستیاب کورونا ویکسین غذائیت سے پاک ہے اسی لئے اس کو لگوانے سے روزہ برقراررہتا ہے۔ کورونا ویکسین پٹھوں کے ذریعے جسم میں داخل کی جاتی ہے اور مواد دوران خون میں شامل نہیں ہوتا اس لیے یہ ان اشیا میں شامل نہیں جو روزہ توڑنے کا سبب بنتی ہیں۔
٭…٭…٭