یورپ (رپورٹس)

سویڈن میں آن لائن جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد

(رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سویڈن)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سویڈن کو امسال جلسہ یوم مصلح موعود رضی اللہ عنہ نیشنل سطح پر منانے کی توفیق ملی۔ آن لائن پروگرام میں ملک بھر کی جماعتوں سے کثیر تعداد میں احباب جماعت نے بہت شوق سے شمولیت اختیار کی۔

جلسہ کا پروگرام محترم آغا یحیٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن کی صدارت میں ہوا۔ جلسہ میں جماعتوں کی دلچسپی بڑھانے کے لیے پروگرام میں مختلف جماعتوں کے نمائندوں کو چنا گیا تھا جس سے یہ پروگرام پوری طرح نیشنل پروگرام بنا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ تلاوت عزیزم ذو الکفل رشید آف مالمو نے کی اور اس کا اردو اور سویڈش ترجمہ بھی پیش کیا۔ نظم مکرم عبدالمومن صاحب آف سٹاک ہالم نے پڑھی۔ جلسے کے آغاز میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی آواز میں ایک ویڈیو کلپ چلایا گیا جس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے پیشگوئی مصلح موعود بیان فرمائی ہے۔ اس کلپ میں سویڈش سب ٹائٹل بھی لگائے گئے تھے تاکہ بچے پیشگوئی کو آسانی سے سمجھ سکیں۔ جلسہ کے پروگرام میں دو اردو اور دو سویڈش تقاریر رکھی گئی تھیں۔ پروگرام کی پہلی سویڈش تقریر عزیزم شاذب احمد شاہد آف کالمار نے پیش کی۔ آپ نے پیشگوئی مصلح موعود رضی اللہ عنہ کا پس منظر اور اس کی اہمیت کے بارے میں ایک Presentation کے ذریعہ بتایا۔ سویڈش تقریر کے بعد اردو میں مکرم نجم الحق صاحب صدر جماعت مالمو نے تقریر پیش کی جس میں حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی خدمت قرآن کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا۔ آپ کے غیر معمولی اور معجزانہ علم قرآن کے نمونے پیش کیے گئے۔ سویڈش تقاریر کے سلسلہ میں دوسری تقریر میں مکرم احمد کمال ماجد صاحب نے واقعات کی روشنی میں حضرت مصلح موعودرضی اللہ عنہ کے پاکیزہ بچپن کے بارے میں بتایا۔ پروگرام کی آخری تقریر اردو میں پیش کی گئی۔ یہ تقریر مکرم ملک طاہر حیات صاحب مبلغ سلسلہ نے پیش کی۔ آپ نے اپنی تقریر میں پیشگوئی مصلح موعود کی اہمیت، اس کے مصداق اور افراد جماعت کی پیشگوئی کے حوالے سے ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔

جلسے کے دوران مختلف وقفوں میں پیشگوئی کے حوالے سے مختصرکلپس بھی ساتھ ساتھ احباب جماعت کو دکھائے جاتے رہے۔ یہ کلپس بھی احباب جماعت کی دلچسپی اور معلومات میں اضافے کا باعث بنے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ بہت کامیاب رہا اور احباب جماعت نے اس سے بھر پورفائدہ اٹھایا۔(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button