افریقہ (رپورٹس)

نائیجر کے طول و عرض میں جلسہ یوم مصلح موعود کا انعقاد

(کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل نائیجر)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ نائیجر کو مُلک کے طول و عرض میں جلسہ ہائے یومِ مصلحِ موعود رضی اللہ عنہ کے انعقاد کی توفیق حاصل ہوئی۔ اِن جلسوں کی برکات سے نائیجر کی بہت سی نومبائعین جماعتوں کے لیے نہ صرف تربیت کا بہترین موقع میسر آیا بلکہ غیر احمدی مہمانوں کی موجودگی میں پیش گوئی حضرت مصلحِ موعود رضی اللہ عنہ بطور دلیل صداقت حضرت مسیحِ موعودؑ پیش کرنے سے ان تک بھی جماعت کا پیغام پہنچا۔ نیز یہ جلسہ جات دیگر احمدیوں کی علمی و روحانی ترقی کا باعث بھی بنے۔

چونکہ ماہِ فروری میں نائیجر کے صدارتی الیکشن اور اُس کی کمپین بھی جاری تھی اور الیکشن کے نتائج کی وجہ سے ہنگامی حالات بھی پیدا ہوئے، اس وجہ سے احتیاطی پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے اِن جلسوں کا انعقاد اواخر فروری اور مارچ کے اوائل میں کیا جاتا رہا اور کوشش کی گئی کہ احتیاط کے ساتھ جہاں جہاں ممکن ہو سکے جلسوں کا انعقاد کیا جائے۔ لہٰذا بعض مقامات پر صِرف چند افراد کے ساتھ بھی جلسہ کا انعقاد کرنا پڑا لیکن محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس امر کی یقین دہانی کی گئی کہ مُلک کے طول و عرض پر جہاں جہاں احمدی آباد ہیں ہر مقام پر جلسہ منعقد ہو جائے۔

اِن تمام جلسوں میں اول موضوعِ تقریر ’’پیشگوئی مصلحِ موعود ؓ کا پس منظر اور بطور دلیلِ صداقت حضرت مسیحِ موعودؑ‘‘ رہا نیز اِس کے علاوہ حضرت مصلحِ موعود رضی اللہ عنہ کے عظیم الشان علمی کارناموں اور آپؓ کے ہاتھ سے جاری کردہ بابرکت تحاریک کے عناوین بھی تقاریر کی صورت میں اِن جلسوں کی زینت بنے۔

نائیجر کے ریجنز (نیامے، دوسو، گایا، ڈوگن ڈوچی، کونی، ماداوا، گڈاں رومجی، مارادی، تیساوا، زیندر) میں مختلف مقامات پر کُل 88 جلسوں کا انعقاد کیا گیا جس میں کُل 3721 احمدی احباب اور 50 سے زائد غیر احمدی مہمانان نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے تمام شاملین کو جزائے خیر عطا فرمائے اور اِس عظیم الشان پیشگوئی کو سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button