حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(29؍مارچ ۔08:00 GMT)

کل مریض: 127,807,560

صحت یاب ہونے والے: 103,029,966

وفات یافتگان: 2,796,801

٭…برطانیہ کے علاقے ویسٹ یارکشائر کے بیٹلی گرامر سکول کے ایک استاد کی جانب سے 22؍ مارچ کو’مذہبی تعلیم‘ کی کلاس میں فرانسیسی میگزین چارلی ہیبدو کی جانب سے شائع کیے جانے والے نبی اکرمﷺ کے ایک گستاخانہ خاکے کو دکھانے کے بعد برطانیہ کی مسلم کمیونٹی میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ سکول میں پڑھنے والے مسلمان طلبہ کے والدین اور دیگر مسلمان افراد نے سکول کے باہر اکٹھے ہو کر احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سکول انتظامیہ سنجیدگی کے ساتھ معاملے کی تحقیقات کروائے اور گستاخانہ خاکے دکھانے والے استاد کو نوکری سے فارغ کیا جائے۔ اس واقعے کے بعد سکول کے ہیڈ ٹیچر گیری کِبل نے ایک بیان میں غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ٹیچر کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ برطانوی وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ اساتذہ کو ڈرانا دھمکانا کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہو سکتا۔

احمدیہ مسلم جماعت برطانیہ نے بیٹلی گرامر سکول میں مذہبی تعلیم کی کلاس کے دوران نبی اکرمﷺ کے خاکوں کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کی ویب سائیٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ایک تعلیمی ادارے میں ایسے مواد کو دکھانا ناقابلِ قبول امر ہے جس سے ہمیں شدید دکھ پہنچا ہے۔ ہمیں اس بات کا ادراک ہے کہ سکول کی انتظامیہ نے اس واقعے پر معذرت کی ہے اور آئندہ اس قسم کے معاملات کو روکنے کے لیے مناسب کارروائی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ ہمارے نزدیک تعلیمی اداروں کو باہمی عزت و احترام اور ہم آہنگی پر مشتمل معاشرے کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔

دوسری جانب جمعہ کو دوسرے دن بھی سکول کے باہر لوگوں نے نبی اکرمﷺ کی نامناسب تصویر دکھانے پر احتجاج جاری رکھا۔برطانیہ کی حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والی سینئر رکن پارلیمان بیرونس سعیدہ وارثی نے کہا ہے کہ ایک سکول میں پیغمبر اسلام کا خاکہ دکھائے جانے کے واقعے کو دونوں جانب کے انتہاپسند لوگ اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

٭…ایران اور چین کےدرمیان 25سالہ اسٹریٹیجک اکنامک معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ یی 26 مارچ کو دو روزہ دورے پر ایران پہنچے تھے۔ معاہدے کے تحت چین ایران کےدرمیان توانائی، انفراسٹرکچر سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری متوقع ہے۔ چین اور ایران کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھانے کے معاہدے کے مسودے پر 2016ء سے کام جاری تھا۔

٭…شمالی کوریا کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے جاپانی سمندر میں دو شارٹ رینج میزائلزکا تجربہ کیا جو 60 کلومیٹر کی بلندی تک جاتے ہوئے 450 کلومیٹر کی دوری تک گئے۔ امریکہ، جاپان اور جنوبی کوریا کی جانب سے شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی تصدیق کی گئی ہے۔امریکی پیسیفک کمانڈ کا کہنا ہے کہ اس تجربے سے ان خطرات میں اضافہ ہوا ہے جو اس کے پڑوسیوں اور عالمی برادری کو لاحق ہیں۔

٭…امریکہ کے صدرجو بائیڈن نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے فون پر تبادلہ خیال کے دوران چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے مقابل منصوبہ بنانے کی تجویز دی ہے۔ واضح رہے کہ چین نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت متعدد ممالک کو سڑکیں، ریلوے، ڈیم اور بندرگاہیں بنانے میں مدد فراہم کی ہے۔

٭…میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف عوام کا احتجاج جاری ہے، مختلف شہروں میں مظاہروں پر فوجی طاقت کے استعمال سے 27؍ مارچ کو کم از کم 90 مظاہرین ہلاک ہوگئے۔امریکہ اور برطانیہ سمیت 12 ملکوں نے میانمار میں کریک ڈاؤن کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

٭…دنیا بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں سامنے آنے کے بعد یورپ متعلقہ ممالک کے خلاف کارروائی کی بجائے انفرادی ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا نیا تصور سامنے لے آیا۔ اس طرح عالمی وبا کورونا کے خلاف سمارٹ لاک ڈاؤن کے ساتھ ’سمارٹ پابندیاں‘ ایک نئی اصطلاح کے طور پر رائج ہونے جارہی ہیں۔ گذشتہ برس دسمبر میں یورپین یونین نے انسانی حقوق کی عالمی پابندیوں کا عالمی نظام (Global human rights sanctions regime) نامی ایک مسودے کی منظوری دی تھی۔ جس کے تحت اب ایسے ممالک جہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں گی ان ممالک کے اعلیٰ حکام پر انفرادی طور پر دنیا بھر میں سفر کرنے اور خدمات حاصل کرنے پر پابندیاں عائد کی جائے گی۔ اسی نئی پالیسی کے تحت یورپ اب تک روس، چین، نارتھ کوریا، لیبیا، جنوبی سوڈان، اریٹیریا، چیچنیا اور میانمار سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے حامل کئی اعلیٰ حکام اور اداروں پر پابندی عائد کر چکا ہے۔

٭…تین متنازع زرعی قوانین کے خلاف بھارتی کسانوں کے احتجاج کو چار ماہ مکمل ہوگئے۔ کسان یونین کی اپیل پر 26؍ مارچ کو بھارت بند کے تحت 31 مقامات پر احتجاج کیا گیا جو 12 گھنٹے جاری رہا۔ دھرنے کے باعث 32 مقامات پر ٹرین سروسز متاثر ہوئیں اورمتعدد ٹرینیں منسوخ ہوگئیں۔

٭…برطانوی فوج میں 10 ہزار فوجیوں کی جگہ روبوٹ تعینات کیے جائیں گے جبکہ 800 گاڑیاں، 60 طیارے، 80 ٹینک، 50 ہیلی کاپٹر اور 15 بحری جہاز بھی کم ہوں گے۔ برطانوی فوج کا یہ خرچ بچا کر لیزر گنیں خریدی جائیں گی۔ دس ہزار فوجیوں کی کٹوتی کے بعد برطانوی فوج کی تعداد 72 ہزار 500 رہ جائے گی جو برطانیہ کی 300 سالہ تاریخ میں فوج کی کم ترین تعداد ہوگی۔

٭…برطانیہ میں پولیس اختیارات میں اضافے کا بل سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ برسٹل کے بعد لندن، نوٹنگھم، باتھ، فال ماؤتھ اور مانچسٹر میں بھی مظاہرے ہوئے جبکہ پولیس نے مانچسٹر میں مظاہرہ کرنے والے 18 افراد کو گرفتار کرلیا۔

٭…سعودی عرب کی حکومت نے اپنے شہریوں پر 4ممالک کی خواتین سے شادی کرنے پر پابندی لگادی۔ ان میں پاکستان کے علاوہ دیگر دو مسلمان ممالک بنگلہ دیش اور چاڈ جبکہ ایک غیر مسلم ملک میانمار شامل ہیں۔یہ فیصلہ سعودی مردوں کی غیر ملکی خواتین سے شادی کے بڑھتے رجحان کی حوصلہ شکنی کے لیے گیا گیا ہے۔غیر ملکی خاتون سے شادی کے خواہش مند سعودی مرد کو شادی سے قبل متعلقہ حکام سے اجازت لینی ہوگی اور ضابطے کے مطابق اپنی درخواست جمع کرنی ہوگی۔

٭…جعلسازی سے 48 ہزار پاؤنڈز بٹورنے والے برطانوی فوج کے میجرجنرل نک ویلش کو عہدے سے فارغ کر کے جیل بھیج دیا گیا۔ گزشتہ دو سو برس میں یہ کسی بھی اعلیٰ ترین فوجی افسر کا پہلا کورٹ مارشل ہے۔

٭…انڈونیشیا کے شہر مکاسر میں ایسٹر تقریبات کے دوران 28؍ مارچ کو گرجا گھر کے باہر خودکش دھماکے میں ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے، پولیس نے امکان ظاہر کیا ہے کہ دھماکا کرنے والے خودکش بمباروں کی تعداد دو تھی۔ گرجا کے پادری کے مطابق موٹرسائیکل سوار خودکش بمبار نے گرجا گھر کے گراؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی اورگارڈ کے روکنے پرخود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ ملکی انتظامیہ نے اس حملے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا ہے۔

٭…مصر: نہر سوئز میں پھنسے جاپانی بحری کمپنی ایورگرین کے ایک دیو ہیکل جہاز کو نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ نہر سوئز حکام کے مطابق جہاز کے ارد گرد سے 20 ہزار ٹن ریت ہٹائی جا چکی ہے جبکہ ضرروت پڑی تو جہاز پر موجود کنٹینر ہٹا کر وزن کم کیا جائے گا۔

٭…امریکی ریاست جارجیا کے شہر نیونین میں طوفانی ہواؤں سے املاک کو نقصان پہنچا، گھروں کی چھتیں اڑ گئیں اور درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ مختلف حادثات میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب امریکی ریاست الاباما میں 7 مختلف مقامات پر آندھی اور بگولوں نے تباہی مچائی جس سے کم از کم 5 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔

٭…بولیویا میں فوجی طیارہ ایک رہائشی عمارت پر گر کرتباہ ہو گیا۔ حادثے میں پائلٹ معجزاتی طور پر محفوظ رہا جبکہ عمارت میں رہائش پذیر ایک فرد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔

٭…آسٹریلیا میں رواں ماہ پیدا ہونے والے بدترین سیلاب کی تباہی کے بعد بحالی کا کام جاری ہے۔ سیلاب سے کئی گھر تباہ جبکہ ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ متعدد علاقے زیر آب آچکے ہیں جبکہ سڑکیں اور شاہراہیں مکمل طور پر ڈوب چکی ہیں۔

٭…مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے جنوب میں دو ٹرینیں آپس میں ٹکرانے سے ٹرین کی کئی بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔ حادثے میں 32 افراد ہلاک جبکہ 66 زخمی ہوگئے۔

٭…پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے خصوصی اجلاس میں جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق شادی کی تقاریب، سوشل، کلچرل، سیاسی، جلوسوں سمیت تمام تقریبات سمیت تمام ان ڈور اور آوٹ ڈور سرگرمیوں پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔

٭…برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے یورپ میں پھیلنے والی کورونا کی تیسری لہر برطانیہ تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔برطانوی وزیر لارڈ بیتھیل نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ نے سب یورپی پڑوسی ممالک کو سفر کے لیے ممنوعہ ممالک کی فہرست میں ڈالا ہوا ہے۔

٭…کورونا وائرس کی نئی لہر کے پیش نظر بھارتی ریاست مہاراشٹر میں 31 مارچ تک پابندیوں میں توسیع کردی گئی جبکہ 10 اضلاع میں رات کا کرفیو نافذ کردیا گیا۔ بھارتی پنجاب میں تعلیمی ادارے بند کیے جا چکے ہیں۔بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں تقریباً 68ہزار نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

٭…جرمنی میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب ایسٹر کے موقع پر سخت لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جرمن چانسلر انجیلا مارکل کا کہنا ہے کہ وائرس کی نئی قسم کے سبب انہیں وبا کی نئی لہر کا سامنا ہے۔ انہوں نے موجودہ لاک ڈاؤن میں 18؍ اپریل تک کی توسیع کا اعلان کیا جس کے تحت ملک میں یکم اپریل سے 5؍ اپریل تک یعنی ایسٹر کی تعطیلات کے دوران پہلے سے بھی زیادہ سخت پابندیاں عائد ہوں گی۔ اگر کسی علاقے میں تین دن تک مسلسل سو سے زیادہ متاثرین پائے گئے تو اس خاص علاقے میں مزید سخت پابندیاں لاگو کی جائیں گی۔ لاک ڈاؤن کے دوران تمام میوزیم، آرٹ گیلریز اور کھیل کے دیگر مقامات مکمل طور پر بند رہیں گے۔

٭…یورپین کونسل کے صدر چارلس مشل اور یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ویکسین کی تیاری میں ہنگامی اضافے، اس کی فراہمی اور جلد از جلد تقسیم کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

٭…کورونا وبا کے باعث سعودی عرب کی مساجد میں رمضان المبارک کے دوران اعتکاف نیز اجتماعی افطار پارٹیوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ رمضان المبارک کے دوران ہوٹل بند اور بازار کھلے رہیں گے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button